Updated: June 23, 2026, 9:03 PM IST
| Beirut
اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام اور لبنانی قومی کونسل برائے سائنسی تحقیق کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملوں میں لبنان کی عمارتوں کو۱۳؍ ہزار کروڑ روپئے کے نقصان کا تخمینہ ہے، جبکہ ۱۱۰۹۵؍ عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں، جس سے ۱۷۸۹۱؍ رہائشی اکائیاں متاثر ہوئیں۔
اقوام متحدہ کی ایک ایجنسی اور لبنانی تحقیقی مرکز نے پیر کو کہا کہ لبنان کے جنوبی حصے پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں عمارتوں کو پہنچنے والے براہ راست نقصان کی لاگت۱۳؍ ہزار کروڑ روپئےسے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ ملبے کا حجم تقریباً۳۱؍ لاکھ مکعب میٹر بتایا گیا ہے۔یہ جائزہ رپورٹ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) اور حکومت سے منسلک لبنانی قومی کونسل برائے سائنسی تحقیق نے جاری کی۔اس میں انکشاف ہوا کہ ۱۱۰۹۵؍ عمارتیں مکمل طور پر مسمار ہو گئیں، جس سے ۱۷۸۹۱؍رہائشی اکائیاں متاثر ہوئیں، جبکہ۲۲۴۲؍ عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا، جو۵۲۱۹؍ رہائشی اکائیوں کے مساوی ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ۹۳۱۱؍ عمارتوں کو معمولی نقصان پہنچا، جو۱۸۲۸۲؍ رہائشی اکائیوں کے برابر ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی وزیراعظم کا جنوبی لبنان میں سیکوریٹی زون پر قبضہ برقرار رکھنے کا اعلان
واضح رہے کہ یہ جائزہ دریائے لیطانی کے جنوبی علاقوں پر محیط ہے، جس میں بنت جبیل، مرجعیون، نباتیہ، صور اور صیدا کے اضلاع شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق، یہ تحقیقجیو اسپیشل مصنوعی ذہانت کے طریقہ کار پر مبنی تھی، جسے ڈیسک بیسڈ بصری تصدیق کے ذریعے مدد فراہم کی گئی، تاہم میدان میں معائنہ نہیں کیا گیا۔ اس میں مزید کہا گیا کہ۲۹؍ اپریل۲۰۲۶ء کو لی گئی ہائی ریزولوشن سیٹلائٹ تصاویر کا۲۳؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء کی تصاویر سے موازنہ کیا گیا، جس سے تنازع سے متعلق نظر آنے والے نقصانات کا پتہ چل سکا، جن میں چھتوں کا گرنا، ساختی خرابی، اور عمارت کی سطح پر ملبے کا جمع ہونا شامل ہے۔ بعد ازاں رپورٹ میں تبصرہ کیا گیا کہ اس تحقیق میں تہہ خانے یا زیر زمین ڈھانچے، اور نہ ہی اہم بنیادی ڈھانچے جیسے سڑکوں، پلوں، بجلی، پانی اور ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک کو پہنچنے والے نقصانات کو شامل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: لبنان: اسرائیلی حملے میں معروف ماہر ماحولیات مونا خلیل کا انتقال
علاوہ ازیں لبنانی عہدیداروں کے مطابق،۲؍ مارچ سے اسرائیل لبنان پر وسیع پیمانے پر حملہ آور ہے، جس میں گولہ باری اور گھروں کاانہدام شامل ہے، خاص طور پر ملک کے جنوب میں، جس میں اب تک۴۱۰۶؍ افراد ہلاک،۱۲۱۵۳؍ زخمی، اور دس لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔