جووینائل جسٹس بورڈ نے معاملے کی اگلی سماعت ۴؍نومبر کو طے کی ہے۔ پرنسپل، کلاس انچارج اور چوکیدار کیخلاف بھی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: November 02, 2026, 12:20 PM IST | Agency | New Delhi
جووینائل جسٹس بورڈ نے معاملے کی اگلی سماعت ۴؍نومبر کو طے کی ہے۔ پرنسپل، کلاس انچارج اور چوکیدار کیخلاف بھی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
ہریانہ کے پنچکولہ کے سیکٹر۲۰؍ میں واقع ایک اسکول میں ۶؍سالہ بچی کو بری پیٹنے اور پھر سر پر اینٹ سے کئی بار وار کرنے کے الزام میں ۸؍ سالہ بچے کو جووینائل جسٹس بورڈ (جے جے بی) نے امبالہ کے آبزرویشن ہوم بھیج دیا ہے۔ بورڈ نے۳۱؍ اکتوبر کو جاری حکم میں کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک بچے کو اس کی حفاظت کے پیش نظر محفوظ مقام پر رکھا جائے۔ اس دوران زخمی بچی کا چنڈی گڑھ کے پی جی آئی میں علاج جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق، بچی کو شدید چوٹیں آئی ہیں، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر اور مستحکم بتائی جارہی ہے۔
جے جےبی کے مطابق معاملے کی اگلی سماعت۴؍ نومبر کو مقرر کی گئی ہے۔ اس روز بچے کو بورڈ کے سامنے ذاتی طور پر پیش کرنا ہوگا۔ بچے کو جووینائل افسر پی ایس آئی سریش پال کی نگرانی میں بورڈ کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔پولیس نے ملزم بچے کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا(بی این ایس) کی دفعہ۱۱۵(۲) (جان بوجھ کر چوٹ پہنچانا)، ۱۱۷(۲)(سنگین چوٹ پہنچانا) اور۱۲۷(۲)(غلط طریقے سے محبوس کرنا) کے تحت کیس درج کیا ہے۔ بورڈ معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ کا انتظار کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سی این جی کی قیمتوں میں پھر اضافے سے ناراضگی
پولیس کےمطابق یہ واقعہ۲۸؍ اکتوبر کو اسکول کے اوقات کے دوران پیش آیا تھا۔ بچی کے والد نے اس کے لیے آٹو رکشے کا انتظام کیا تھا۔ اسکول کی چھٹی کے بعد آٹو ڈرائیور نے فون کرکے بتایا کہ بچی اسکول سے باہر نہیں آئی ہے۔ اس کے بعد والد اسکول پہنچے اور عملے سے بچی کو تلاش کرنے کے لیے کہا۔
اسی دوران ایک بچے نے انہیں بتایا کہ بچی ایک کمرے میں ہے اور دوسرے بچے نے اسے زخمی کیا ہے۔ والد کا الزام ہے کہ ملزم بچہ انہیں پہلی منزل پر واقع ایک کمرے تک لے گیا، جس کا دروازہ باہر سے بند تھا۔ کھڑکی سے دیکھنے پر انہیں اپنی بیٹی خون سے لت پت فرش پر پڑی دکھائی دی۔ اس معاملے میں۳۱؍ اکتوبر کو بچی کے چچا کی شکایت پر الگ سے ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اس میں اسکول کی پرنسپل، کلاس انچارج اور چوکیدار کو نامزد کیا گیا ہے۔
بچی کے علاج کا پورا خرچ پی جی آئی اٹھائے گا
پی جی آئی(اسپتال) چنڈی گڑھ میں ۶؍سالہ متاثرہ بچی زیرعلاج ہے۔پی جی آئی کے ڈائریکٹر پروفیسر وویک لال نے بچی سے ملاقات کرکے اس کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی اورڈاکٹروں کی ٹیم سے بھی بات چیت کی۔ پروفیسر وویک نے کہا کہ پی جی آئی کی ذمہ داری صرف طبی سہولتیں فراہم کرنے تک محدود نہیں ہے، بلکہ مشکل وقت میں مریض اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑا ہونا بھی ادارے کا فرض ہے۔