ناندیڑ رینج کے ڈی آئی جی شاہ جی اُماپ خود ہر فریادی سے روبرو احوال معلوم کرکے کارروئی کا حکم دیتے ہیں۔
شاہ جی اُماپ ( لکھتے ہوئے) اور ان کے دیگر افسران-تصویر:آئی این این
عوامی شکایات کو براہِ راست سن کر ان کا فوری ازالہ کرنے اور پولیس و شہریوں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کے مقصد سے ناندیڑ رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (ڈی آئی جی) شاہاجی اماپ نے ڈیویژن چاروں اضلاع میں ’جن سنواد‘ (عوامی مکالمہ) مہم کا آغاز کیا ہے۔اس مہم کے تحت شہریوں کو یہ موقع فراہم کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی شکایات اور مسائل براہِ راست ڈی آئی جی کے سامنے پیش کر سکیں۔
ناندیڑ رینج کے چاروں اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ڈی آئی جی ہر ماہ ضلعی ہیڈکوارٹر کا دورہ کرتے ہیں۔ اس موقع پر وہ متعلقہ ضلع کے شکایت کنندگان سے ملاقات کر کے ان کے مسائل اور شکایات کو سمجھنے اور ان کے فوری حل کیلئے اقدامات کرتے ہیں۔گزشتہ ماہ لاتور، ہنگولی، پربھنی اور ناندیڑ اضلاع کے شہریوں نے اس مہم کے تحت بڑی تعداد میں اپنی شکایات ڈی آئی جی کے سامنے پیش کی تھیں۔اسی سلسلے میں ۱۶؍ جون کو ڈی آئی جی شاہاجی اماپ نے ضلع پولیس لاتور کے ماہانہ جائزہ اجلاس کے بعد دوپہر ۳؍تا شام ساڑھے ۶؍بجے تک شہریوں سے براہِ راست ملاقات کی اور ان کی شکایات سنیں۔اس دوران مجموعی طور پر ۷۳؍ شکایت کنندگان نے اپنی تحریری درخواستیں ڈی آئی جی کو پیش کیں۔
موصولہ شکایات میں جائیداد سے متعلق تنازعات، لاپتہ افراد، سائبر فراڈ، درج مقدمات کی تفتیش، غیر قانونی کاروبار اور دیگر معاملات شامل تھے۔ڈی آئی جی نے تمام شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ان کے جلد ازالے کیلئے متعلقہ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، سب ڈیویژنل پولیس افسران اور پولیس اسٹیشن انچارج کو ضروری ہدایات جاری کیں۔شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کیلئے ناندیڑ رینج پولیس نے پہلے ہی ’’سنویدنا‘‘ نامی شکایت ازالہ نظام متعارف کر رکھا ہے۔ ’جن سنواد‘ مہم کے دوران موصول ہونے والی تمام درخواستیں مزید جانچ اور کارروائی کیلئے ’سنویدنا پورٹل‘ کے ذریعے متعلقہ افسران کو ارسال کی جائیں گی، جبکہ ہر شکایت پر ہونے والی کارروائی کا جائزہ ناندیڑ رینج دفتر کی فیڈ بیک ٹیم لے گی۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امول تامبے، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس منگیش چوہان، ضلع کے تمام سب ڈویژنل پولیس افسران اور لاتور شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں کے انچارج افسران بھی موجود تھے۔