Updated: November 03, 2026, 6:02 PM IST
| Mumbai
فلم کی ریلیز سے قبل اداکار نے ایک انٹرویو کے دوران ایسا اشارہ دے دیا ہے جس سے شائقین میں یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں کہ فلم صرف دو حصوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے تین حصے بھی بنائے جاسکتے ہیں۔ رنبیر کے اس بیان نے فلم کے مداحوں میں خاصا جوش پیدا کردیا ہے۔
رامائن۔ تصویر:آئی این این
بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کی آنے والی میگا بجٹ فلم’’رامائن‘‘ ان دنوں مسلسل خبروں میں ہے۔ فلم کی ریلیز سے قبل اداکار نے ایک انٹرویو کے دوران ایسا اشارہ دے دیا ہے جس سے شائقین میں یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں کہ فلم صرف دو حصوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے تین حصے بھی بنائے جاسکتے ہیں۔ رنبیر کے اس بیان نے فلم کے مداحوں میں خاصا جوش پیدا کردیا ہے۔
رنبیر کپور اس فلم میں بھگوان رام کا کردار ادا کررہے ہیں، جبکہ سائی پلوی سیتا اور یش راون کے کردار میں نظر آئیں گے۔ حال ہی میں ’ریویو نیشن‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رنبیر نے فلم کے دوسرے حصے کی تیاری کے بارے میں بتایا کہ وہ اس کی تقریباً ۵۰؍ فیصد شوٹنگ مکمل کرچکے ہیں۔ گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ دوسرے حصے کی شوٹنگ جاری ہے اور پھر تیسرے حصے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس کا تیسرا حصہ بھی بنتا ہے تو یہ کہانی ان کی زندگی کا حصہ بنی رہے گی۔ ان کے اسی جملے نے سوشل میڈیا پر فلم کے تیسرے حصے سے متعلق بحث چھیڑ دی۔
رنبیر کے اس بیان پر مداحوں نے مختلف انداز میں ردعمل ظاہر کیا۔ کئی شائقین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’رامائن‘‘ جیسی عظیم الشان داستان کو تین حصوں میں پیش کرنا ایک اچھا فیصلہ ہوسکتا ہے۔ بعض صارفین نے رنبیر کو مذاقاً ’اسپائلر کپور‘ بھی کہنا شروع کردیا، جبکہ کچھ لوگوں نے اسے فلم کی تشہیر کا حصہ قرار دیا۔ تاہم رنبیر کے بیان سے ابھی یہ ثابت نہیں ہوتا کہ فلم کا تیسرا حصہ باقاعدہ طور پر بنانے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:دیا مرزا کے ویڈیو پر بی جے پی لیڈروں کے تبصروں سے بامبے ہائی کورٹ برہم
فلم کے پروڈیوسر نمیت ملہوترا نے بھی حال ہی میں تیسرے حصے کے امکان پر بات کی ہے۔ ان کے مطابق ابتدا میں فلم کو تین حصوں میں بنانے کا منصوبہ تھا، لیکن بعد میں کہانی کو دو حصوں میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم انہوں نے اس امکان کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا کہ پہلے حصے کی ریلیز کے بعد ملنے والے ردعمل اور شائقین کی رائے کو دیکھتے ہوئے منصوبے پر دوبارہ غور کیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کی کامیابی اور ناظرین کے ردعمل کے مطابق کہانی میں مزید کچھ شامل کرنے یا تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
نمیت ملہوترا نے یہ بھی بتایا کہ فلم کے پہلے حصے کے دو مختلف ایڈیٹ موجود ہیں، جن کا دورانیہ الگ الگ ہے۔ فلم ساز اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ دنیا بھر کے ناظرین کے لیے کون سا ورژن زیادہ موزوں ہوگا۔ انہوں نے اس امکان کا بھی ذکر کیا کہ فلم کے اضافی مناظر پر مشتمل ایک الگ ورژن پیش کیا جاسکتا ہے، کیونکہ ان کے پاس اس کے لیے کافی مواد موجود ہے۔
یہ بھی پڑھئے:فلموں میں آنے سے قبل سنیل دت ریڈیو پر ایک پروگرام پیش کرتے تھے
نیتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی ’’رامائن‘‘ کو ہندوستانی سنیما کے بڑے اور مہنگے منصوبوں میں شمار کیا جارہا ہے۔ فلم میں رنبیر کپور، سائی پلوی اور یش کے علاوہ سنی دیول، روی دوبے، ارون گوول، وویک اوبرائے، کنال کپور اور لارا دتہ سمیت کئی معروف فنکار اہم کرداروں میں دکھائی دیں گے۔ فلم کی موسیقی کے لیے اے آر رحمان اور ہالی ووڈ کے معروف موسیقار ہانس زیمر بھی ساتھ کام کررہے ہیں۔
فلم کا پہلا حصہ ۵؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والا ہے، جبکہ دوسرے حصے کی تیاری بھی جاری ہے۔ فی الحال تیسرے حصے کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے، لیکن رنبیر کپور کے بیان اور نمیت ملہوترا کے اشارے نے شائقین کی توقعات بڑھا دی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ’’رامائن‘‘ کی کہانی واقعی دو حصوں میں مکمل ہوتی ہے یا ناظرین کو اس عظیم داستان کا تیسرا حصہ بھی دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔