• Thu, 17 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پریتی زنٹا، پنکج ترپاٹھی اور سنیل شیٹی نئے سی بی ایف سی بورڈ میں شامل

Updated: September 17, 2026, 4:04 PM IST | New Delhi

مرکزی حکومت نے ۲۰۱۷ء کے بعد پہلی بار فلم سرٹیفکیشن بورڈ کی تشکیل نو کی؛ ۱۸؍ رکنی پینل میں پریتی زنٹا، پنکج ترپاٹھی، سنیل شیٹی، پریہ درشن اور رکی کیج سمیت فلم، موسیقی، ادب اور تھیٹر کی شخصیات شامل۔

Pankaj Tripathi, Preity Zinta, and Suniel Shetty. Photo: INN.
پنکج ترپاٹھی، پریتی زنٹا اور سنیل شیٹی۔ تصویر: آئی این این

مرکزی حکومت نےسینٹرل بورڈ آف سرٹیفیکیشن (CBFC) کی تشکیل نو کرتے ہوئے اداکارہ پریتی زنٹا، اداکار پنکج ترپاٹھی اور سنیل شیٹی سمیت ۱۸؍ شخصیات کو نئے بورڈ میں شامل کیا ہے۔ اطلاعات و نشریات کی وزارت نے ۱۶؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو جاری نوٹیفکیشن کے ذریعے نئے بورڈ کا اعلان کیا۔ نئی تشکیل فوری طور پر نافذ ہوگئی ہے اور ارکان کی مدت ۳؍ سال یا مزید احکامات تک، جو پہلے ہو، مقرر کی گئی ہے۔ نئے بورڈ میں فلم ساز پریہ درشن، گریمی ایوارڈ یافتہ موسیقار رکی کیج، اداکار منوج جوشی، پروسن جیت چٹرجی، روپالی گانگولی، پلّوی جوشی، نشی گندھا واڈ اور پنکج ترپاٹھی شامل ہیں۔ فہرست میں گلوکار اور سابق رکن پارلیمنٹ ہنس راج ہنس، فلم ساز نیلا مادھب پانڈا، ابھیشیک جین، فلم نقاد ونود انوپم، شاعر و مصنف یتیندر مشرا اور پروڈیوسر سپریا یارلاگڈا بھی شامل ہیں۔ تھیٹر ڈائریکٹر وامن کیندر اور مصنف رمیش پٹانگے پچھلے بورڈ سے نئے پینل میں برقرار رکھے جانے والے واحد ۲؍ ارکان ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:مس یونیورس انڈیا کی فائنلسٹ اُمانگا کُماوت کی گوگل میں واپسی، دفتر میں گزرا دن دکھایا

نئے بورڈ کی سربراہی ششی شیکھر ویمپتی کریں گے، جو مئی ۲۰۲۶ء میں سی بی ایف سی کے چیئرمین مقرر ہوئے تھے۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی تشکیل سنیماٹوگراف ایکٹ،۱۹۵۲ء کی دفعہ ۳ ( ۱ ) اور سنیماٹوگراف (سرٹیفیکیشن) رولز، ۲۰۲۴ء کے رول ۳؍ کے تحت کی گئی ہے۔ سی بی ایف سی کی یہ تشکیل نو طویل عرصے سے زیرِ التوا تھی۔ پچھلی مرتبہ بورڈ یکم اگست ۲۰۱۷ء کو تشکیل دیا گیا تھا اور اس کی مقررہ ۳؍ سالہ مدت ۲۰۲۰ء میں ختم ہوگئی تھی، لیکن نئے بورڈ کی تشکیل نہ ہونے کے باعث وہ نئے ارکان کی تقرری تک کام کرتا رہا۔ اب حکومت نے باضابطہ طور پر نیا ۱۸؍ رکنی پینل مقرر کردیا ہے۔ 
نئے بورڈ کی تشکیل سے قبل سی بی ایف سی کی سرگرمیوں میں بھی وقفہ رہا۔ ۲۹؍ اگست ۲۰۲۶ء کو بورڈ کا ۱۴۹؍ واں اجلاس ہوا تھا، جو ششی شیکھر ویمپتی کے چیئرمین بننے کے بعد پہلا اجلاس تھا۔ اجلاس میں حالیہ فلموں سے متعلق تنازعات، بورڈ کے کام کرنے کے طریقۂ کار اور فلمی صنعت سے رابطے جیسے موضوعات پر گفتگو ہوئی تھی۔ سنیماٹوگراف (سرٹیفکیشن) رولز ۲۰۲۴ء کے تحت سی بی ایف سی بورڈ کا اجلاس کم از کم ہر سہ ماہی میں منعقد ہونا چاہیے۔ حالیہ اجلاس میں ارکان نے ان افراد کی فہرست طلب کرنے کی بات بھی کی تھی جو گزشتہ برسوں میں فلموں کے لیے نو تشکیل شدہ کمیٹی کی سربراہی کرتے رہے ہیں۔ عمر کی بنیاد پر ۱۶+ اور ۱۸+ سرٹیفکیشن کے فرق سے متعلق مزید وضاحت کی ضرورت بھی زیرِ بحث آئی تھی۔

یہ بھی پڑھئے:ماہی وِج کا انکشاف، ’یُوا‘ میں کرینہ کپور والا کردار پہلے انہیں ملا تھا

نئے پینل میں مختلف شعبوں کی شخصیات کی شمولیت بھی نمایاں ہے۔ اداکاروں کے علاوہ فلم ساز، موسیقار، مصنف، شاعر، نقاد اور تھیٹر سے وابستہ افراد کو جگہ دی گئی ہے۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق حکام نے بورڈ میں علاقائی تنوع اور نسبتاً کم عمر و نئے فلم سازوں کی شمولیت کو بھی نمایاں کیا ہے۔ نئی تقرریاں ایسے وقت ہوئی ہیں جب ہندوستان میں فلموں کی سرٹیفکیشن، کٹوتیوں اور ریلیز میں تاخیر پر بحث جاری ہے۔ حالیہ برسوں میں ، ستلج، جنا نیاگن اور دیگر فلموں کی سرٹیفکیشن سے متعلق معاملات نے سی بی ایف سی کے فیصلوں اور اس کے طریقۂ کار کو دوبارہ عوامی بحث کا موضوع بنایا۔ نئے بورڈ کے سامنے فلموں کی درجہ بندی، سرٹیفکیشن اور نظرثانی سے متعلق یہی عملی معاملات اہم ذمہ داریوں میں شامل ہوں گے۔ پریتی زنٹا، پنکج ترپاٹھی، سنیل شیٹی، پلّوی جوشی، پروسن جیت چٹرجی اور روپالی گانگولی جیسے معروف فنکاروں کی شمولیت کے ساتھ اب سی بی ایف سی کا نیا ۱۸؍ رکنی بورڈ اگلے ۳؍ سال کے لیے فلموں کی سرٹیفکیشن سے متعلق ادارہ جاتی عمل کا حصہ ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK