• Tue, 01 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیلی ویژن کے اہم اداکار رام کپور نے کئی فلموں میں بھی کام کیا

Updated: September 01, 2026, 2:28 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ہندوستانی ٹیلی ویژن کی دنیا میں ایک زمانہ ایسا بھی تھا جب ہیروبننے کے لیے مخصوص جسمانی ساخت، دلکش چہرہ، تراشیدہ جسم اور روایتی رومانوی شخصیت کو ضروری سمجھا جاتا تھا۔

Ram Kapoor can be described as a TV superstar. Picture: INN
رام کپور کو ٹی وی کا سپر اسٹار قراردیا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این
ہندوستانی ٹیلی ویژن کی دنیا میں ایک زمانہ ایسا بھی تھا جب ہیروبننے کے لیے مخصوص جسمانی ساخت، دلکش چہرہ، تراشیدہ جسم اور روایتی رومانوی شخصیت کو ضروری سمجھا جاتا تھا۔ چھوٹے پردے پر بھی ہیرو عموماً وہی ہوتا تھا جو خوب صورت، نوجوان اور روایتی معنوں میں پرکشش دکھائی دے۔ ایسے ماحول میں ایک اداکار آیا جس نے ان تمام تصورات کو اپنی فطری اداکاری کے ذریعے چیلنج کر دیا۔ نہ اس نے خود کو کسی روایتی ہیرو کے سانچے میں ڈھالنے کی کوشش کی اور نہ ہی اپنی شخصیت کو بدل کر مقبولیت حاصل کرنے کا راستہ اختیار کیا۔ اس نے صرف اداکاری پر بھروسہ کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ہندوستانی ٹیلی ویژن کا ایک بڑا نام بن گیا۔یہ اداکار ہیں رام کپور۔رام کپور کو خاص طور پر ٹی وی سیریلز ’قسم سے‘ اور ’بڑے اچھے لگتے ہیں‘ نے گھر گھر پہنچایا۔ ان دونوں سیریلز میں ان کے کردار اتنے مقبول ہوئے کہ ایک وقت میں رام کپور ہندوستانی ٹیلی ویژن کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اور قابل اعتماد اداکاروں میں شمار ہونے لگے۔ 
 
 
رام کپور یکم ستمبر ۱۹۷۳ءکوپیدا ہوئے۔ ان کے بچپن اور تعلیمی زندگی کا ایک اہم حصہ ہندوستان کے مختلف معروف تعلیمی اداروں سے وابستہ رہا۔ انہوں نے نینی تال کے شرووڈ کالج اور بعد ازاں کوڈائی کنال انٹرنیشنل اسکول میں تعلیم حاصل کی۔ رام کپورنے سب سے پہلےہندوستانی ٹیلی ویژن کا رخ کیا۔ ان کے ابتدائی دن کسی بھی نئےاداکار کی طرح جدوجہد سے بھرپور تھے۔انہوں نے ۱۹۹۰ءکی دہائی کے اواخر میں ٹی وی پر کام شروع کیا اور مختلف سیریلز میں نظر آئے۔ان کے ابتدائی پروگراموں میں ’نیائے‘، ’حنا‘ اور ’’سنگھرش‘‘ جیسے نام شامل رہے، لیکن ان سیریلز سے انہیں وہ شناخت حاصل نہیں ہوئی جس کا ہر نئے اداکار کو انتظار ہوتا ہے۔اصل تبدیلی اس وقت آئی جب انہیں بالاجی ٹیلی فلمز کے سیریل ’گھر ایک مندر‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ یہ سیریل رام کپور کے کریئرمیں اہم ثابت ہوا۔ اسی پروگرام نے انہیں ٹیلی ویژن انڈسٹری میں زیادہ مضبوط شناخت دی اور ان کے لیے مستقبل کے دروازے کھولے۔ رام کپور کے کیریئر کا پہلا بڑا سنگ میل ۲۰۰۶ء میںآیا، جب انہیں ایکتا کپور کے مقبول ٹی وی سیریل ’قسم سے‘ میں جے والیا کا کردار ملا۔یہ کردار رام کپور کی قسمت بدلنے والا ثابت ہوا۔ اس کردار کے لیے انہیں متعدد اعزازات اور ایوارڈز بھی ملے۔ ایک عرصے تک وہ ٹیلی ویژن کے ان اداکاروں میں شامل رہے جن کا نام کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا۔اگرچہ ’قسم سے‘ نے رام کپور کو شہرت دی، لیکن ’بڑے اچھے لگتے ہیں‘ نے انہیں ہندوستانی ٹیلی ویژن کی تاریخ میں ایک خاص مقام عطا کر دیا۔’بڑے اچھے لگتے ہیں‘کی سب سے بڑی طاقت رام کپور اور ساکشی تنور کی کیمسٹری تھی۔رام کپور کی شناخت اگرچہ بنیادی طور پر ٹیلی ویژن سے وابستہ رہی، لیکن انہوں نے فلموں میں بھی مسلسل کام کیا۔وہ میرا نائر کی معروف فلم ’مانسون ویڈنگ‘ میں نظر آئے اور بعد کے برسوں میں ’ہزاروں خواہشیں ایسی‘، ’کارتک کالنگ کارتک‘ اور وکرمادتیہ موٹوانے کی’اڑان‘ جیسی فلموں میں کام کیا۔اس کے بعد وہ ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ میں بھی نظر آئے، جہاں انہوں نے ایک دولت مند مگر سخت گیر باپ کاکردار ادا کیا۔ فلم میں ان کا کردار نوجوان نسل کے مرکزی کرداروں سے مختلف تھا، لیکن رام کپور نے اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔ان کی دیگر فلموں میں ’ایجنٹ ونود‘، ’ایک میں اور ایک تو‘، ’شادی کے سائیڈ ایفیکٹس‘، ’بار بار دیکھو‘، ’تھپڑ‘، ’دی بگ بل‘، ’نیت‘ اور ’یودھرا‘ جیسی فلمیںشامل ہیں۔ رام کپور کو اپنے طویل ٹیلی ویژن کریئرمیں کئی اہم اعزازات حاصل ہوئے۔ ’قسم سے‘ اور ’بڑے اچھے لگتے ہیں‘ کیلئےمتعدد ٹیلی ویژن ایوارڈز سے نوازا گیا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK