Updated: September 13, 2026, 5:00 PM IST
| Los Angeles
نیش وِل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ اور اداکارہ ڈولی پارٹن کے نام پر رکھنے کی تجویز نے اہم پیش رفت حاصل کرلی ہے۔ میٹروپولیٹن نیش وِل ایئرپورٹ اتھارٹی نے ۶-۰ سے متفقہ ووٹ کے ذریعے نام کی تبدیلی کے باضابطہ عمل کا آغاز کردیا، تاہم ایئرپورٹ کا حتمی نام ابھی طے ہونا باقی ہے۔
نیش وِل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام مشہور گلوکارہ اور اداکارہ ڈولی پارٹن کے نام پر رکھنے کی تجویز حقیقت بننے کے ایک بڑے مرحلے کے قریب پہنچ گئی ہے۔ میٹروپولیٹن نیش وِل ایئرپورٹ اتھارٹی نے متفقہ طور پر ووٹ دے کر ایئرپورٹ کا نام ان کے اعزاز میں تبدیل کرنے کے باضابطہ عمل کا آغاز کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ورائٹی کے مطابق، اتھارٹی نے جمعے کو ۶-۰ سے ووٹ دے کر اس عمل کو شروع کرنے کی منظوری دی، تاہم ایئرپورٹ کا حتمی نام ابھی طے نہیں کیا گیا۔ ’’ڈولی پارٹن انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘‘ اس وقت سب سے زیادہ زیرِ غور نام دکھائی دے رہا ہے، لیکن اس کے لیے مزید منظوریوں اور منصوبہ بندی کی ضرورت ہوگی۔ ووٹ کے بعد جاری کیے گئے ایک بیان میں اتھارٹی نے کہا، ’’اگرچہ حتمی نام ابھی طے نہیں کیا گیا، ہم متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اس بات کا سوچ سمجھ کر تعین کر رہے ہیں کہ ڈولی پارٹن کے نام اور ان کی میراث کو کس طرح شامل کیا جائے۔ یہ ووٹ ایک کثیر الجہتی عمل کا پہلا قدم ہے۔ آنے والے مہینوں میں ہم اگلے مراحل اور اس پر عمل درآمد کے حوالے سے مزید واضح منصوبے پیش کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔ ہم اپنی کمیونٹی اور دنیا بھر میں ڈولی کے مداحوں کی جانب سے ملنے والی زبردست حمایت اور جوش و خروش کے شکر گزار ہیں۔ منصوبے حتمی شکل اختیار کرنے کے ساتھ ہی ہم مزید تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: باکس آفس: اکشے اور سیف کی فلم ’حیوان‘ کا خراب آغاز، پہلے دن صرف ۳؍ کروڑ کی کمائی
جنوری ۲۰۲۵ء میں ایک انٹرویو کے دوران، جب ڈولی پارٹن اپنی آنے والی براڈوے میوزیکل کے بارے میں گفتگو کر رہی تھیں، ان سے ایئرپورٹ کا نام تبدیل کیے جانے کے امکان کے بارے میں بھی پوچھا گیا تھا۔ اس وقت پارٹن نے کہا تھا، ’’میرے خیال میں یہ شاید کسی مذاق سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’میرا مطلب ہے، یہ کہنا واقعی مزے دار لگتا ہے کہ آپ کی پرواز نیش وِل کے ڈی پارٹن سے روانہ ہو رہی ہے۔‘‘ تاہم اس تجویز کو اب عوامی اور سیاسی سطح پر بھی خاصی حمایت حاصل ہو چکی ہے۔ ورائٹی کے مطابق، ایک لاکھ ۷۵؍ ہزار سے زیادہ افراد نے Change.org پر نام کی تبدیلی کی حمایت میں دستخط کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: آدتیہ پنچولی ہیرو کے بجائےمنفی اور معاون کرداروں میں مشہور ہوئے
ٹینیسی کے گورنر بل لی اور نیش وِل کے میئر فریڈی او’کونل نے بھی اس تجویز کی حمایت کی ہے۔ اگست کے اواخر میں بل لی نے کہا، ’’مشرقی ٹینیسی کے اپنے دیہی پہاڑی گھر سے لے کر دنیا کے بڑے بڑے اسٹیجز تک، ڈولی نے ٹینیسی کے جذبے کو اپنے ساتھ رکھا۔ ایک ایسی جگہ پر جہاں ٹینیسی دنیا بھر سے آنے والے لوگوں کا استقبال کرتا ہے، یہ بالکل موزوں ہے کہ نیش وِل انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہماری ریاست کی سب سے محبوب بیٹی کا نام اختیار کرے اور مسافروں کا استقبال ڈولی کی موسیقی، سخاوت، ایمان اور مہربانی کی لازوال میراث کے ساتھ کرے۔‘‘ اس عمل پر خاصا خرچ آنے کی توقع ہے، کیونکہ نام کی تبدیلی اور نئی برانڈنگ کا دائرہ ایئرپورٹ کی عمارت اور اس کی مختلف سہولیات تک پھیلے گا۔ تاہم، ایئرپورٹ کا موجودہ تین حرفی کوڈ ’’BNA‘‘ برقرار رہے گا۔