• Mon, 26 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پی وی سندھو اور لکشیا سین ہائلو اوپن میں ہندوستانی چیلنج کی قیادت کریں گے

Updated: October 26, 2026, 7:08 PM IST | New Delhi

گزشتہ ہفتے فرانس میں رنر اپ رہنے کے بعد اسٹار خاتون کھلاڑی پی وی سندھو منگل سے جرمنی میں شروع ہونے والے ہائلو اوپن ۲۰۲۶ء بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں لکشیا سین کے ساتھ ہندوستانی چیلنج کی قیادت کریں گی۔

PV Sindhu And Lakshya Sen.Photo;INN
پی وی سندھو اور لشکیا سین۔ تصویر:آئی این این

گزشتہ ہفتے فرانس میں رنر اپ رہنے کے بعد اسٹار خاتون کھلاڑی پی وی سندھو منگل سے جرمنی میں شروع ہونے والے ہائلو اوپن ۲۰۲۶ء بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں لکشیا سین کے ساتھ ہندوستانی چیلنج کی قیادت کریں گی۔ دنیا کی ۱۱؍ویں نمبر کی کھلاڑی اور دوسری سیڈ پی وی سندھو گزشتہ ہفتے فرانس میں موجودہ اولمپک اور عالمی چیمپئن جنوبی کوریا کی این سی ینگ کے خلاف فائنل میں شکست کے بعد اس بار بھی رنر اپ کی پوزیشن برقرار رکھنے کا ہدف رکھیں گی۔ دو مرتبہ اولمپک تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو اس سال بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور میں اچھی فارم میں ہیں۔ گزشتہ ہفتے فرنچ اوپن میں رنر اپ رہنے سے پہلے وہ جنوری میں ملائیشیا اوپن اور جون میں آسٹریلین بیڈمنٹن اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچی تھیں اور جولائی میں جاپان اوپن کا خطاب جیتا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:غزہ فلم فیسٹیول :پانچ فلسطینی خواتین ہدایت کاروں کی فلمیں پیش کی جائیں گی

خواتین کے سنگلز ڈرا میں سندھو کے ساتھ ان کی ہم وطن اشمیتا چالیہا، دیویکا سہاگ، ایش رانی بروا، آکرشی کشیپ، انمول کھرب، مالویکا بنسوڑ اور انّتی ہڈا بھی شامل ہوں گی۔ اس سال کوریا ماسٹرز جیتنے والی اشمیتا نے گزشتہ جمعرات کو فرانس میں تین مرتبہ کی عالمی چیمپئن جاپان کی اکانے یاماگوچی کو دوسرے دور میں شکست دے کر اپنے کریر کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کی۔ اس دوران دیویکا سہاگ کو ابتدائی دور میں ٹاپ سیڈ اور دنیا کی آٹھویں نمبر کی تھائی لینڈ کی پورنپاوی چوچوونگ کے خلاف ایک مشکل مقابلہ کھیلنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے:ایل کلاسیکو میں ریئل میڈرڈ کی شاندار فتح، بارسلونا کو ۱۔۲؍گول سے شکست

مردوں کے سنگلز ڈرا میں سابق چیمپئن لکشیا سین ہندوستانی چیلنج کی قیادت کریں گے۔ ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی کے لیے یہ سیزن چیلنج بھرا رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے پیرس میں انہوں نے ابتدائی دور میں واک اوور دے دیا تھا۔ اس سال بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور کے اپنے گزشتہ ۷؍ ٹورنامنٹس میں سے ۶؍ میں انہیں پہلے ہی دور میں باہر ہونا پڑا ہے۔مردوں کے سنگلز ڈرا میں لکشیا سین کے ساتھ آیوش شیٹی، عالمی چیمپئن شپ کے کانسہ کا تمغہ جیتنے والے ایچ ایس پرنائے، کرن جارج اور تھارون منّے پلی بھی ہوں گے۔ سرکردہ جوڑی ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی نے پیرس میں مسلسل تیسری بار پہلے دور میں باہر ہونے کے بعد مردوں کے ڈبلز ڈرا سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ارجن ریڈی پوچنا اور اچیوتادتیہ راؤ ڈوڈاواراپو ڈرا میں ملک کے واحد نمائندے ہیں اور کوالیفائر میں اپنی مہم شروع کریں گے۔ خواتین کے ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز ڈرا میں کوئی ہندوستانی کھلاڑی حصہ نہیں لے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK