Updated: March 22, 2026, 3:07 PM IST
| Chennai
انڈین پریمیئر لیگ دنیا کی سب سے مہنگی لیگ ہے۔ اس لیگ میں کھلاڑیوں کو جتنی رقم ملتی ہے وہ دنیا کی کسی بھی دوسری لیگ سے زیادہ ہے۔ آئی پی ایل میں کچھ کھلاڑی ایسے بھی ہوتے ہیں جن کی فیس دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوتی ہے، لیکن ان کی کارکردگی اس کے مطابق نہیں ہوتی۔
آر اشون۔ تصویر:آئی این این
سابق اسپنر آر اشون نے کہا ہے کہ فرنچائزز کو کھلاڑیوں کی تنخواہ میں کٹوتی کا حق ہونا چاہیے۔اشون نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ اگر کھلاڑی دیے گئے کردار کو پورا نہیں کر پاتے تو فرنچائزز کے پاس ان کی تنخواہ کم کرنے کا اختیار ہونا چاہیے۔اشون نے آسٹریلوی آل راؤنڈر کیمرون گرین کی مثال دی۔ گرین کو کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے۲ء۲۵؍کروڑ روپے میں خریدا ہے۔ گرین سے توقع ہے کہ وہ ٹیم کے لیے بلے اور گیند دونوں سے اہم کردار ادا کریں گے اور آندرے رسل جیسا کردار نبھائیں گے۔
گرین نے ایشیز اور ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں محدود بولنگ کی ہے۔ ایسے میں اس بات پر شبہ ہے کہ وہ لیگ کے دوران کے کے آر کے لیے چار اوورز مکمل کر پائیں گے یا نہیں۔ اشون نے کہا کہ ’’اگر کوئی کھلاڑی چار اوورز نہیں کر پاتا تو فرنچائز کو پیسے کاٹنے کا حق ملنا چاہیے۔ اگر اس پر کوئی پابندی ہے تو یہ اس کے معاہدے میں ظاہر ہونا چاہیے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:آئی پی ایل۲۰۲۶ء میں رشبھ پنت پر سب سے زیادہ دباؤ ہوگا : فاف ڈو پلیسیس
کے کے آر کے شریک مالک شاہ رخ خان کی مثال دیتے ہوئے اشون نے کہا کہ اگر کوئی ٹیم مالک کروڑوں خرچ کرنے کے باوجود کھلاڑی سے مکمل کارکردگی حاصل نہ کر سکے تو یہ مایوس کن ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’جب آپ نیلامی میں کسی کھلاڑی کو خریدتے ہیں تو توقع ہوتی ہے کہ وہ بیٹنگ اور بولنگ دونوں کرے گا۔ اگر بولنگ پر پابندی ہے تو ٹیم کو تنخواہ میں کٹوتی کی اجازت ملنی چاہیے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:بابِل خان کو تبو سے عید کا خاص تحفہ ملا، جن کے ساتھ بابِل کا خاص رشتہ ہے
اشون کا یہ بیان لیگ میں ایک نئی بحث کو جنم دے سکتا ہے۔ کئی ایسے آل راؤنڈر ہیں جو صرف بیٹنگ کرتے ہیں اور بطور گیند باز ان کا کردار نہ کے برابر ہوتا ہے۔ ایسے کھلاڑیوں میں کیمرون گرین کے ساتھ آسٹریلیا کے ٹی۲۰؍ کپتان مچل مارش کا نام بھی شامل ہے، جو لیگ میں لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کا حصہ ہیں۔