• Sat, 07 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جیمز بانڈ بننے کی دوڑ: رابرٹ پیٹنسن کی کردار کیلئے اسکرین ٹیسٹ دینے کی اطلاعات

Updated: November 07, 2026, 9:54 PM IST | Los Angeles

ڈینیئل کریگ کے بعد جیمز بانڈ کا مشہور کردار کون ادا کرے گا؟ اس حوالے سے ہالی ووڈ کے ایک اور معروف اداکار کا نام سامنے آیا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ڈینیئل کریگ کے فلم ’’نو ٹائم ٹو ڈائی‘‘ (۲۰۲۱ء) کے بعد مشہور جاسوسی فلم سیریز سے الگ ہونے کے بعد نئے جیمز بانڈ کی تلاش جاری ہے۔ برطانوی خفیہ ایجنٹ ۰۰۷ کا کردار کون ادا کرے گا، اس حوالے سے مداحوں میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ اب ہالی ووڈ اداکار رابرٹ پیٹنسن بھی اس اہم کردار کے ممکنہ امیدواروں میں شامل ہوگئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، انہوں نے جیمز بانڈ کے کردار کے لیے اسکرین ٹیسٹ بھی دیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سنیل شیٹی کےبچوں پر فلم کے سیٹ تک پر جانے کی بھی پابندی تھی

’دی ہالی ووڈ رپورٹر‘ کے مطابق، رابرٹ پیٹنسن نے اکتوبر کے اواخر میں لندن میں جیمز بانڈ کے کردار کے لیے اسکرین ٹیسٹ دیا۔ اس وقت وہ اپنی فلم ’’دی بیٹ مین: پارٹ ۲‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔ اس کردار کے لیے ان کے علاوہ کیلم ٹرنر، جیک لوڈن اور جوش او کونر کے نام بھی سامنے آچکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، نکولس ہولٹ بھی حالیہ کاسٹنگ بات چیت میں ایک ممکنہ امیدوار کے طور پر ابھرے ہیں۔ پیٹنسن کا نام سامنے آنے کے بعد جیمز بانڈ کے انتخاب کے عمل میں نئی دلچسپی پیدا ہوگئی ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اداکار اس سے قبل کامک بُک اور فینٹسی فلموں کے کئی اہم کردار ادا کرچکے ہیں۔ اگر وہ گوتھم شہر کے معروف کردار بیٹ مین سے برطانیہ کے مشہور ترین فرضی خفیہ ایجنٹ جیمز بانڈ کا کردار سنبھالتے ہیں تو یہ ان کے فلمی کریئر میں ایک اور بڑا اضافہ ہوگا۔

رابرٹ پیٹنسن کے مبینہ اسکرین ٹیسٹ کا ایک دلچسپ پہلو یہ ہے کہ وہ اگلی جیمز بانڈ فلم کے ہدایتکار ڈینس ویلینیو کے ساتھ پہلے بھی کام کرچکے ہیں۔ دونوں نے حال ہی میں فلم ’’ڈیون: پارٹ تھری‘‘ میں ساتھ کام کیا ہے، جس میں پیٹنسن اسکیٹیل (Scytale) کا کردار ادا کررہے ہیں۔ ان کی اس پیشہ ورانہ وابستگی نے جیمز بانڈ سیریز میں پیٹنسن کی ممکنہ شمولیت سے متعلق قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دی ہے۔ ڈینس ویلینیو ’’ارائیول‘‘، ’’بلیڈ رنر ۲۰۴۹‘‘ اور ’’ڈیون‘‘ جیسی مشہور فلموں کی ہدایتکاری کیلئے جانے جاتے ہیں۔ اب وہ طویل عرصے سے جاری جیمز بانڈ سیریز کی اگلی فلم کی ہدایتکاری کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں، جب کہ ’’پیکی بلائنڈرز‘‘ کے خالق اسٹیون نائٹ اس فلم کا اسکرین پلے لکھ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: سلمان خان کی ’ماتربھومی‘ اور شردھا کپور کی ’ایٹھا‘ ۴ ؍ دسمبر کو آمنے سامنے

جیمز بانڈ سیریز کی آنے والی فلم اس فرنچائز کی ۲۶؍ ویں فلم ہوگی اور پہلی ایسی فلم ہوگی جس کی تخلیقی ذمہ داری مکمل طور پر امیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز کے پاس ہوگی۔ ڈینیئل کریگ نے آخری مرتبہ ۲۰۲۱ء کی فلم ’’نو ٹائم ٹو ڈائی‘‘ میں برطانوی خفیہ ایجنٹ کا کردار ادا کیا تھا، جس کے ساتھ ہی جیمز بانڈ کے طور پر ان کی پانچ فلموں پر مشتمل اداکاری کا سفر اختتام پذیر ہوگیا تھا۔ ان کی جگہ لینے کے لیے کئی اداکاروں کے نام زیرِ بحث ہیں، جن میں کیلم ٹرنر، جیک لوڈن اور جوش او کونر نمایاں ہیں۔ اب رابرٹ پیٹنسن کے اسکرین ٹیسٹ کی اطلاعات نے اس بحث کو مزید وسعت دے دی ہے کہ آخر اگلی فلم میں ۰۰۷ کا مشہور کردار کون ادا کرے گا۔ امیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز نے تاحال کسی اداکار کے انتخاب کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے اور تازہ اطلاعات پر تبصرہ کرنے سے بھی گریز کیا ہے۔ فی الحال رابرٹ پیٹنسن ممکنہ امیدواروں میں شامل ہیں اور مداحوں کو نئے جیمز بانڈ کے نام کے باضابطہ اعلان کا انتظار ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK