• Fri, 04 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

راکیش روشن کی فلمیں بڑوں سےچھوٹوں تک، سب کو محظوظ کرتی ہیں

Updated: September 07, 2024, 8:52 PM IST | Mumbai

۲۰۰۰ء میں ریلیز ہوئی’کہو نا پیار ہے‘ وہ فلم تھی جس کے ذریعے راکیش روشن نے اپنے بیٹے ریتک روشن کو فلم انڈسٹری میں لانچ کیا۔ یہ فلم ان کی سب سے بڑی ہٹ فلموں میں شامل ہے۔

Rakesh Roshan with his son Hrithik Roshan. Photo: INN.
راکیش روشن اپنے بیٹے ریتک روشن کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این۔

بالی ووڈ کے معروف فلمساز- اداکار راکیش روشن آج۷۵؍ برس کے ہو گئے۔ راکیش روشن۶؍ ستمبر۱۹۴۹ءکو ممبئی میں ایک پنجابی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد روشن لال ناگراتھ ہندی سنیماکے مشہور موسیقار تھے، راکیش روشن کی والدہ آئرا روشن بنگالی گلوکارہ تھیں۔ راکیش روشن نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز ۱۹۷۰ءمیں ’گھر گھر کی کہانی‘سےکیا۔ بطور ہیرو ان کی پہلی فلم۱۹۷۱ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’پرایا دھن‘تھی، جو سپر ہٹ رہی۔ اس کے بعدانہوں نے بہت سی فلموں میں کام کیا، لیکن خاص کامیاب نہیں رہے۔ اداکاری میں متوقع کامیابی حاصل نہ کرپانے کے بعد انہوں نے۱۹۸۰ءمیں فلم ’آپ کے دیوانے‘کے ذریعے پروڈکشن کے میدان میں قدم رکھا۔ اس کےبعدانہوں نے فلم’کام چور‘ (۱۹۸۲ء) بنائی۔ انہوں نے ان دونوں فلموں میں اداکاری بھی کی۔ 
کے وشوناتھ کی ہدایت کاری میں بنی فلم ’کام چور‘کے سپرہٹ ہونےکے بعد راکیش روشن کو لگا کہ انگریزی حرف’کے‘ ان کے لیے ’خوش قسمت‘ہےاور انہوں نے اپنی آنے والی تمام فلموں کا نام ’کے‘ سےرکھنا شروع کر دیا۔ اس حرف سے شروع ہونے والی ان کی فلمیں ہیں ’خود غرض‘، ’خون بھری مانگ‘، ’کالا بازار‘، ’کشن کنہیا‘، ’کوئیلا‘، ’کرن ارجن‘، ’کہو نا پیار ہے‘، ’کوئی مل گیا‘، ’کرش‘، ’کریزی۴‘، ’کنگ انکل‘، ’کائٹس‘وغیرہ۔ ان میں خودغرض، خون بھری مانگ، کرن ارجن، کہو نہ پیار ہے، کوئی مل گیا، اور کرش، کرش۳؍، قابل ذکر طور پر سپر ہٹ ثابت ہوئیں۔ 
۲۰۰۰ءمیں ریلیز ہوئی’کہو نا پیار ہے‘ وہ فلم تھی جس کے ذریعے راکیش روشن نے اپنے بیٹے ریتک روشن کو فلم انڈسٹری میں لانچ کیا۔ یہ فلم ان کی سب سے بڑی ہٹ فلموں میں شامل ہے۔ اس فلم سے جڑی یہ حقیقت بھی دلچسپ ہے کہ سب سے زیادہ ایوارڈز حاصل کرنےوالی بالی ووڈ فلم ہونے کی وجہ سے اسے لمکا بک آف ورلڈ ریکارڈمیں بھی شامل کیا گیا ہے۔ ۲۰۰۳ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ’کوئی مل گیا‘ ان کی پروڈیوس اور ڈائریکٹ کی گئی اہم فلموں میں شمار ہوتی ہے۔ اسی طرح اس فلم کرش کا سیکوئل کرش اور تیسرا ایڈیشن کرش۳؍ بھی ان کی کامیاب فلموں میں شامل ہیں۔ جس نے چھوٹےبچوں سے لے کر بڑوں تک سب کو خوب محظوظ کیا۔ راکیش روشن کو۴؍ بار فلم فیئر ایوارڈ ملا۔ کہو نا پیار ہے اور کوئی مل گیا کے لیے انہیں پروڈیوسر ڈائریکٹر کا فلم فیئر ایوارڈ ملا ہے۔ انہیں فلم انڈسٹری میں ۳۵؍سال مکمل ہونے پر’گلوبل انڈین فلم ایوارڈز‘کی جانب سے بھی نوازا گیا ہے۔ راکیش روشن نے مشہور پروڈیوسراور ہدایت کارجے اوم پرکاش کی بیٹی پنکی سے شادی کی ہے۔ راکیش روشن نےاپنے کریئر میں تقریباً ۸۵؍فلموں میں کام کیا ہے۔ راکیش روشن نے اپنے فلمی کریئر میں اب تک کئی کامیاب فلمیں پروڈیوس اور ڈائریکٹ کی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK