Updated: February 26, 2026, 8:05 PM IST
| Mumbai
رام چرن کی پین انڈیا فلم ’’پیڈی‘‘ کی ریلیز ایک بار پھر مؤخر ہونے کی قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں۔ اگرچہ باضابطہ اعلان نہیں ہوا، لیکن رپورٹس کے مطابق فلم جون ۲۰۲۶ء تک ملتوی ہو سکتی ہے۔ میکرز پہلے ۳۰؍ اپریل ۲۰۲۶ء کی تاریخ دے چکے ہیں جبکہ شوٹنگ تاحال جاری ہے۔
رام چرن کی اگلی بڑی ریلیز ’’پیڈی‘‘ کے بارے میں نئی قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں کہ فلم کو ایک اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ہدایتکار بوچی بابو ثانا کی یہ فلم اعلان کے بعد سے پین انڈیا سطح پر سب سے زیادہ متوقع منصوبوں میں شمار ہو رہی ہے۔ اس میں رام چرن اور جھانوی کپور پہلی بار اسکرین شیئر کر رہے ہیں۔ اس فلم میں دیویاندو شرما تفریحی پورٹل ۱۲۳ تیلگو (123 telugu) کے مطابق فلم کی ریلیز دوبارہ ملتوی کی جا سکتی ہے اور مبینہ طور پر جون ۲۰۲۶ء ہدف ہو سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی تصدیق جاری نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: ۱۵؍ سال بعد ہولی پر کسی بڑی فلم کی ریلیز نہیں، کرکٹ ورلڈ کپ وجہ
دلچسپ بات یہ ہے کہ حال ہی میں میکرز نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر اعلان کیا تھا، ’’اس کی آمد کی تاریخ بدل سکتی ہے، لیکن اس کا طوفان نہیں۔ ۳۰؍ اپریل ۲۰۲۶ء کو دنیا بھر میں ریلیز #پیڈی۔‘‘ اس سے قبل رام چرن نے ایک تقریب میں کہا تھا، ’’پیڈی کی شوٹنگ جاری ہے۔ یہ ۲۷؍ مارچ کو ریلیز ہوگی۔‘‘ اب جبکہ نئی تاریخ سامنے آ چکی ہے، شائقین کے درمیان ابہام بڑھ گیا ہے۔ اگر جون کی افواہیں درست ثابت ہوئیں تو یہ فلم کی تیسری بڑی تاریخ تبدیلی ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: ان کہی کہانیوں کو سامنے لانا بھی ضروری ہے: کونکنا سین شرما
فلم کے ایکشن حصوں کو خاص طور پر نمایاں کیا جا رہا ہے۔ اسٹنٹ کوریوگرافر شام کوشل کو ایک بڑے فائٹ سیکوئنس کیلئے شامل کیا گیا ہے۔ حیدرآباد کی ایلومینیم فیکٹری میں ایک وسیع سیٹ تیار کیا گیا جہاں اعلیٰ شدت کے مناظر فلمائے گئے۔ ذرائع کے مطابق، یہ سیکوئنس فلم کی جھلکیوں میں سے ایک ہوگا۔ پروڈکشن ڈیزائنر اویناش کولا کی نگرانی میں بنائے گئے سیٹ اور بڑے بجٹ کے باعث فلم ’’پیڈی‘‘ کو بصری طور پر ایک شاندار اسپورٹس ڈرامہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: رشمیکا مندانا اور وجے دیورا کونڈا شادی کے بندھن میں بندھ گئے
رپورٹس کے مطابق فلم کا دوسرا گانا ۲؍ مارچ کو ریلیز کیا جا سکتا ہے اور اس حوالے سے جلد باضابطہ اعلان متوقع ہے۔ ابتدائی جھلکیاں پہلے ہی مداحوں میں جوش پیدا کر چکی ہیں۔ فلمی مبصرین کے مطابق ممکنہ تاخیر کی وجوہات میں پوسٹ پروڈکشن، ایکشن سکوئنس کی باریکیاں اور پین انڈیا مارکیٹ اسٹریٹجی شامل ہو سکتی ہیں۔ ڈائریکٹر بوچی بابو ثانا کو ایک پرفیکشنسٹ سمجھا جاتا ہے، اور ذرائع کے مطابق، ’’ہر فائٹ سیکوئنس کو منفرد تصورات اور شاندار کارکردگی کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔‘‘ ایسے میں ریلیز کی تاریخ میں تبدیلی کو معیار برقرار رکھنے کی حکمت عملی بھی قرار دیا جا رہا ہے۔