Updated: June 09, 2026, 7:06 PM IST
| Hyderabad
جنوبی ہند کے سپر اسٹار رام چرن کی اسپورٹس ایکشن ڈراما فلم Peddi نے ریلیز کے صرف پانچ دنوں میں عالمی باکس آفس پر ۳۱۵؍ کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرکے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ فلم ۴؍ جون کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی اور شاندار اوپننگ کے بعد مسلسل مضبوط کاروبار کر رہی ہے۔
رام چرن۔ تصویر: آئی این این
جنوبی ہندوستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رام چرن کی نئی فلم ’’پیدی‘‘ باکس آفس پر غیر معمولی کامیابی حاصل کر رہی ہے۔ فلم کے پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پیدی نے ریلیز کے صرف پانچ دنوں میں دنیا بھر میں ۳۱۵؍ کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کر لیا ہے۔ فلم کی ہدایت کاری بوچی بابو سانا نے کی ہے اور اسے ۴؍ جون کو عالمی سطح پر سنیما گھروں میں ریلیز کیا گیا تھا۔ فلم میں رام چرن کے ساتھ شیوا راجکمار اور جھانوی کپور مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی معاون کاسٹ میں جگپتی بابو، دیویندو اور بومن ایرانی شامل ہیں، جن کی اداکاری کو بھی شائقین اور ناقدین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ۴۵؍ برس بعد خواب حقیقت بنا، کمل ہاسن نے ’سنگ گیتھم‘ کو بے مثال تخلیقی سفر کہا
پروڈکشن بینر وردھی سنیما نے منگل کو اپنے ایکس کے ذریعے فلم کی تازہ باکس آفس کارکردگی کا اعلان کیا۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق فلم نے پہلے روز ۳۶ء۱۳۵؍ کروڑ روپے کی زبردست اوپننگ حاصل کی، جبکہ ابتدائی ویک اینڈ کے اختتام تک اس کی مجموعی کمائی ۷ء۲۳۶؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی تھی۔ پانچویں روز کے اختتام پر فلم کی عالمی مجموعی آمدنی ۳۱۵؍ کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی، جس کے بعد اسے رواں سال کی بڑی کامیاب فلموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ اس اہم کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے اسٹوڈیو نے ایکس پر لکھا کہ ’’باکس آفس چیمپئن ’’پیدی‘‘ اپنی برتری برقرار رکھے ہوئے ہے۔ پیدی نے صرف پانچ دنوں میں دنیا بھر میں ۳۱۵؍ کروڑ روپے سے زیادہ کی مجموعی کمائی کر لی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان میں ’’دی اوڈیسی‘‘ کی ٹکٹ کی قیمت ۳؍ ہزار روپے تک پہنچ گئی
فلم کی کہانی ۱۹۸۰ء کی دہائی کے دیہی آندھرا پردیش میں ترتیب دی گئی ہے اور ایک نچلی ذات سے تعلق رکھنے والے نوجوان کی جدوجہد کو پیش کرتی ہے، جو کشتی کے کھیل کے ذریعے اپنی برادری کے لیے عزت، شناخت اور سماجی مقام حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ سماجی مسائل اور کھیل کے پس منظر پر مبنی یہ کہانی نہ صرف ایک فرد کی جدوجہد کو اجاگر کرتی ہے بلکہ اس دور کے دیہی سماج میں موجود طبقاتی اور سماجی چیلنجز کو بھی نمایاں کرتی ہے۔ فلم کی موسیقی آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے، جسے شائقین کی جانب سے مثبت ردعمل حاصل ہو رہا ہے۔ تجارتی ماہرین کے مطابق ’’پیدی‘‘ کی مضبوط شروعات اور مسلسل کمائی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ فلم آنے والے دنوں میں مزید اہم باکس آفس ریکارڈ قائم کر سکتی ہے، جبکہ رام چرن کی اسٹار پاور ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی مضبوط موجودگی ثابت کرتی دکھائی دے رہی ہے۔