Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’رامائن‘‘ میں ریکارڈ ۱۰؍ ہزار سے زائد افراد پر مشتمل عملہ کام کررہا ہے

Updated: May 19, 2026, 8:00 PM IST | Mumbai

رامائن ہندوستانی سنیما کی اب تک کی سب سے بڑی اور مہنگی پروڈکشنز میں شامل ہوتی جا رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلم پر ۱۰؍ ہزار سے زائد افراد مشتمل عملہ کام کر رہا ہے، جو کسی بھی ہندوستانی فلم کے لیے اب تک کا سب سے بڑا پروڈکشن نیٹ ورک مانا جا رہا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

’’رامائن‘‘ اب محض ایک فلم نہیں بلکہ ہندوستانی سنیما کے لیے ایک تاریخی اور عالمی سطح کے پروجیکٹ کی شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ دیوالی ۲۰۲۶ء میں ریلیز کے لیے تیار اس فلم کے بارے میں سامنے آنے والی تازہ تفصیلات نے مداحوں کے جوش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلم پر اس وقت ۱۰؍ ہزار سے زائد افراد پر مشتمل عملہ کام کر رہا ہے، جسے کسی بھی ہندوستانی فلم کے لیے اب تک کا سب سے بڑا کریو مانا جا رہا ہے۔ اس میں پروڈکشن ڈیزائنرز، ویژول ایفیکٹس آرٹسٹس، ایکشن ڈائریکٹرز، کاسٹیوم ماہرین، سیٹ ڈیزائنرز، اینیمیشن ٹیمیں اور بین الاقوامی تکنیکی ماہرین شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے : امتیاز علی کی ’’مَیں واپس آؤں گا‘‘کا ٹریلر جاری، محبت اور ہجرت کی کہانی

نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کو نمیت ملہوترہ پروڈیوس کر رہے ہیں، جبکہ یش بھی بطور شریک پروڈیوسر اس منصوبے کا حصہ ہیں۔ فلم سازوں کا مقصد صرف ایک روایتی مذہبی داستان پیش کرنا نہیں بلکہ ایک ایسا عالمی سنیما تجربہ تخلیق کرنا ہے جو ہالی ووڈ کے بڑے فینٹسی فرنچائزز کا مقابلہ کر سکے۔ ذرائع کے مطابق فلم کے لیے دنیا کے مختلف ممالک سے تکنیکی ماہرین کو شامل کیا گیا ہے تاکہ ویژول ایفیکٹس، سی جی آئی ورلڈ بلڈنگ اور ایکشن سیکوئنس عالمی معیار کے مطابق بنائے جا سکیں۔ جدید ترین فلمی ٹیکنالوجی، بڑے پیمانے کے سیٹس، اور ڈیجیٹل پروڈکشن سسٹمز کے ذریعے رامائن کو ایک ’’ایونٹ فلم‘‘ کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے : نیتو کپور کی واپسی سے خود کو جوڑ پاتی ہوں، خواتین کو ایسی ہمت ملنی چاہیے: روبینہ دلائک

فلم دو حصوں میں ریلیز ہوگی۔ پہلا حصہ نومبر ۲۰۲۶ء میں سنیما گھروں کی زینت بنے گا جبکہ دوسرا حصہ ۲۰۲۷ء میں ریلیز کیے جانے کا منصوبہ ہے۔ اس شاندار کاسٹ میں رنبیر کپور بھگوان رام، سائی پلوی سیتا، یش راون، سنی دیول ہنومان اور روی دوبے لکشمن کے کردار ادا کر رہے ہیں۔ حال ہی میں نیویارک میں ایک خصوصی تقریب کے دوران، جہاں فلم کی پہلی جھلک ’’راما‘‘ کے عنوان سے پیش کی گئی۔ اس موقع پر رنبیر نے کہا کہ ’’ایک اداکار کے طور پر میرا دھرم یہ ہے کہ میں اپنے کام کو سچائی اور ایمانداری کے ساتھ انجام دوں۔ ہمارے صحیفوں میں کہا گیا ہے کہ دھرم ان لوگوں کی حفاظت کرتا ہے جو اس کی حفاظت کرتے ہیں۔ ایک فنکار کے طور پر یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں اس کردار کو ان کروڑوں لوگوں کے احترام کے ساتھ پیش کروں جو اس فلم کو دیکھیں گے۔‘‘
فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق ر’’امائن‘‘ صرف ہندوستانی باکس آفس کے لیے نہیں بلکہ عالمی مارکیٹ کو مدنظر رکھ کر تیار کی جا رہی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ہندوستانی سنیما عالمی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور بین الاقوامی ریلیز کے ذریعے نئی منڈیوں تک پہنچ رہا ہے۔ بڑے بجٹ، بین الاقوامی معیار کے وی ایف ایکس، اور شاندار کاسٹ کی وجہ سے رامائن کو پہلے ہی ہندوستانی سنیما کے سب سے بڑے ثقافتی اور تجارتی پروجیکٹس میں شمار کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK