• Tue, 06 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سعودی عرب کے دو ہوائی اڈوں پر حوثیوں کے حملے، ۳؍افراد زخمی

Updated: October 06, 2026, 5:02 PM IST | Dubai

سعودی عرب اور یمن کے حوثی گروپ کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران سعودی عرب کے دو بین الاقوامی ہوائی اڈے میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بن گئے۔ حملوں میں تین افراد زخمی ہوئے جبکہ ہوائی اڈوں کو معمولی نقصان پہنچا، جس کے بعد سعودی حکام نے سکیوریٹی اقدامات مزید سخت کر دیئے ہیں۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

سعودی عرب کے دو ہوائی اڈوں کو پیر کی شام ہونے والے دو الگ حملوں میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ۳؍ افراد زخمی ہوئے جبکہ ایئرپورٹس کو معمولی نقصان پہنچا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی حکام نے بتایا کہ جازان اور نجران میں موجود بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر حملے ایسے وقت کئےگئے جب سعودی عرب اور یمن کے ایران نواز حوثی گروپ کے درمیان لڑائی میں تیزی آ رہی ہے۔ سعودی سول ایوی ایشن حکام کے مطابق کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور نجران انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام نے مسافروں اور عملے کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات بھی شروع کر دیئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: روس کا ایران کو ایک ارب ڈالر قرض دینے کا فیصلہ، رقم منتقلی کیلئے تیار: رپورٹ

رپورٹ کے مطابق یہ حملے ایسے وقت ہوئے جب سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسیز نے حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں کو واپس لینےکیلئے ایک بڑی فوجی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ یہ کارروائی حوثیوں کی جانب سے کئی ہفتوں تک پیش قدمی کے بعد شروع کی گئی، جبکہ سعودی عرب بھی یمنی حکومتی فورسز کی حمایت میں فضائی حملوں میں اضافہ کر رہا ہے۔ حوثیوں نے سعودی عرب کی کارروائی کے جواب میں میزائل اور ڈرون حملے تیز کر دیئے ہیں۔ ان حملوں میں سعودی ہوائی اڈوں کے علاوہ تیل کی تنصیبات اور فوجی مقامات کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ دونوں ہوائی اڈوں کی صورتحال اور نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ شہری ہوابازی کے نظام کی سیکوریٹی اور مسافروں و عملے کے تحفظ کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے یمن کی جنگ کے ساتھ خطے میں وسیع تر سیکوریٹی صورتحال پر بھی تشویش بڑھا دی ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK