Inquilab Logo Happiest Places to Work

رنبیر کپور بالی ووڈ کے سب سے بڑے فلمی خاندان کی چوتھی نسل کے کامیاب نمائندے ہیں

Updated: October 01, 2023, 2:59 PM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ میں بہت کم اداکار ایسے ہیں جو اپنے والدین کے انڈسٹری میں ہونے کے بعد بھی اپنی الگ شناخت بنا پانے میں کامیاب رہے ہیں، رنبیر کپور انہیں کامیاب فنکاروں میں سے ایک ہیں۔

Ranbir Kapoor. Photo. INN
رنبیر کپور۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ میں کپور خاندان کی چوتھی نسل کی قیادت کرنے والے اداکار رنبیر کپور کی پیدائش۲۸؍ ستمبر۱۹۸۲ء کو ہوئی تھی۔ رنبیر نے بالی وڈ میں اپنے خاندان کا نام روشن کیا۔ ۳۱؍ سالہ رنبیر پردادا پرتھوی راج کپور، دادا راج کپور اور اداکار رشی کپور اور اداکارہ نیتو کپور کے بیٹے ہیں۔
رنبیر کپور نے اپنے کریئر کاآغاز۲۰۰۷ء میں فلم ’سانوریا‘ سے کیا جس میں انھوں نے ایک ایسے کردار کو مجسم کیا ہے جو اپنی زندگی کو کھل کر جینا پسند کرتا ہے، جس چیز کو پسند کرتا ہے اس کے بارے میں بات کرتا ہے، وہ بتاتا ہے کہ اسے جو برا لگتا ہے اس کے بارے میں بولنے سے وہ ہچکچاتا نہیں ہے۔ وہ عاشق جو اپنی محبت کا کھل کر اظہار کرنے سے نہیں ڈرتا لیکن ساتھ ہی اپنی محبت کو بدنام ہونے سے بچانے کیلئے بھی ہر طرح کا خیال رکھتا ہے۔
اس فلم میں رنبیر نے ایک شکست خوردہ عاشق کا کردار ادا کیا تھا۔ اگرچہ یہ فلم زیادہ کامیاب نہیں رہی لیکن اس فلم سے رنبیر لوگوں کی نظروں میں آگئے اور فلموں میں آمد کا فلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ اس کے بعد رنبیر نے۲۰۰۸ء میں فلم ’بچنا اےحسینو‘ میں کام کیا اور نوجوان دلوں کی دھڑکن بن گئے۔کہنے کو تو رنبیر اس فلم میں پیار کو کھیل سمجھ کر یکے بعد دیگرے لڑکی کو دھوکہ دیتے گئے لیکن جب اسے حقیقی محبت ہوئی تو اپنی ساری غلطیوں کو سدھارنے کیلئے اس عاشق نے ہر ممکن تلافی کی کوشش کی۔ پھر چاہے اس کیلئے اسے نوکر،سیکریٹری یا پھر ویٹر ہی کیوں نہ بننا پڑا ہو۔ اس فلم کے بعد رنبیر نے فلم ’لک بائی چانس‘ میں مزاحیہ کردار ادا کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی۔ فلم ’ویک اپ سڈ‘ سے رنبیر کالج جانے والے لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے رول ماڈل بن گئے۔ نوجوان اس کی نقل کرنے لگے اور اپنے کالج میں مستی کرنے لگے۔ اس فلم سے رنبیر نہ صرف نوجوانوں کی پہلی پسند بن گئے بلکہ انہیں اس فلم کیلئے بہترین اداکار کے طور پر بھی نامزد کیا گیا۔
 اس کے بعد۲۰۰۹ء میں ریلیز ہونے والی ’عجب پریم کی غضب کہانی‘ میں رنبیر ہیپی کلب کے صدر کے طور پر کافی کول اور معصوم نظر آئے تھے۔ اس فلم کیلئے رنبیر کو ایک بار پھر بہترین اداکار کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔اس کے بعد۲۰۰۹ء میں فلم ’راکٹ سنگھ: سیلز مین آف دی ایئر‘ میں رنبیر نے ایک کم عقل نوجوان کا کردار ادا کیا لیکن جو اپنے مسائل کو قسمت کہنے کے بجائے لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ رنبیر کو ’ویک اپ سڈ‘، ’عجب پریم کی غضب کہانی‘ اور ’راکٹ سنگھ‘ میں ان کی اداکاری کیلئے لگاتار فلم فیئر کریٹکس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
 اس کے بعدرنبیر کپور نے فلم ’راج نیتی‘ میں تو کمال ہی کر دیا۔ رنبیر سمر پرتاپ کے کردار میں اس قدر جمے کہ ناقدین بھی ان کی تعریف کرنے سے خود کو نہ روک سکے۔ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے بعد بھی سمر پرتاپ ہندوستانی سیاست میں اس طرح شامل ہوئے کہ کسی کو یقین نہیں آرہا تھا کہ یہ وہی رنبیر ہے جو کبھی کم عقل، کبھی سست لڑکے اور کبھی نوجوان عاشق کے کردار میں نظر آتا ہے۔ رنبیر نے ایک نوجوان سیاستدان کے طور پر اپنے سنجیدہ کردار سے اس فلم میں جان ڈال دی۔ اس کے بعد بھی رنبیر رُکے نہیں بلکہ بچوں کو خوش کرنےکیلئے ’چلر پارٹی‘ کے گانے ’ٹائیں ٹائیں فش‘ پر تھرکتے نظر آئے۔ان سب کے درمیان رنبیر کے راک اسٹار رول کو کیسے بھلایا جا سکتا ہے؟ ’راک اسٹار‘ میں رنبیر نے ثابت کیا کہ ان کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ فلم ’برفی‘ میں رنبیر نہیں بلکہ ان کی اداکاری کا بول بالا رہا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ بہت سے لوگوں کچھ چیزیں وراثت میں ملی ہوتی ہیں ۔ رنبیر کو دیکھ کر کچھ ایسا ہی لگتا ہے جیسے انہیں اداکاری ورثے میں ملی ہے۔
بالی ووڈ میں بہت کم اداکار ایسے ہیں جو اپنے والدین کے انڈسٹری میں ہونے کے بعد بھی اپنی الگ پہچان بنانے میں کامیاب رہے ہیں ،رنبیر انہیں کامیاب فنکاروں میں سے ایک ہیں ۔کسی نے درست کہا ہے کہ قسمت ان کا ساتھ دیتی ہے جس میں کچھ کرنے کا ہنر ہو۔ یہی وجہ ہے کہ رنبیر کو اتنے کم وقت میں انوراگ باسو، امتیاز علی، سنجے لیلا بھنسالی، راجکمار سنتوشی، پرکاش جھا اور سدھارتھ آنند جیسے بڑے ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
رنبیر کپور کی شادی بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ سے ہوئی ہے جو مہیش بھٹ اور سونی رازدان کی صاحبزادی ہیں۔ اب اس جوڑے کی بھی ایک بیٹی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK