• Mon, 16 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رندھیر کپور صرف اداکار نہیں، ہدایت کار اور فلمساز بھی تھے

Updated: February 16, 2026, 11:56 AM IST | Mumbai

اداکار و فلم ساز راج کپور کے صاحبزادے، عظیم اداکار پرتھوی راج کپور کے پوتے اور اداکار رشی کپور اور راجیو کپورکے بڑے بھائی ہیں۔

Randhir Kapoor has made many great films. Photo: INN
رندھیر کپورنے کئی عمدہ فلمیں بنائی ہیں۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ کے معروف اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار رندھیر کپور آج۷۹؍برس کے ہو گئے۔ رندھیر کپور، کپور خاندان سے تعلق رکھنے والے، اداکار و فلم ساز راج کپور کے صاحبزادے، عظیم اداکار پرتھوی راج کپور کے پوتے اور اداکار رشی کپور اور راجیو کپورکے بڑے بھائی ہیں۔ ۱۵؍فروری۱۹۴۷ءکو ممبئی میں پیدا ہونے والے رندھیر کپور کو اداکاری کا ہنر وراثت میں ملا۔ ان کے والد راج کپور فلمی دنیا کے نامور اداکار اور فلم ساز تھے۔ 
رندھیر کپور نے اپنے کریئر کے آغاز میں بطور چائلڈ آرٹسٹ شری ۴۲۰؍اور دو استاد جیسی فلموں میں کام کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ۱۹۶۸ءمیں ریلیز ہونے والی فلم جھک گیا آسمان میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر خدمات انجام دیں۔ ۱۹۷۱ءمیں ریلیز ہونے والی فلم کل آج اور کل کےذریعے رندھیر کپور نے بطور اداکار اور آزاد ہدایتکار فلمی دنیامیں قدم رکھا۔ اس فلم میں ۳؍نسلیں -پرتھوی راج کپور، راج کپور اور رندھیر کپور-ایک ساتھ نظر آئے۔ فلم میں ببیتا نے بھی اہم کردار ادا کیا، جو بعد میں ان کی شریکِ حیات بنیں۔ 
۱۹۷۲ءمیں رندھیر کپور کی جوانی دیوانی اور رام پور کالکشمن جیسی سپر ہٹ فلمیں ریلیز ہوئیں۔ ۱۹۷۴ءکی فلم ہاتھ کی صفائی میں ان کی جوڑی ونود کھنہ کے ساتھ کافی سراہی گئی۔ ۱۹۷۵ءمیں ریلیز ہونے والی فلم دھرم کرم میں انہوں نے ہدایتکاری کے ساتھ اداکاری بھی کی، لیکن فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکی۔ 

یہ بھی پڑھئے: پردے پر شروع ہونے والی محبت گھر کی دہلیز تک پہنچی، چند خوبصورت رشتوں کی کہانی

فلم چاچا بھتیجا جو ۱۹۷۷ءمیں ریلیز ہوئی تھی، ان کےکریئرکی ایک اور سپر ہٹ ثابت ہوئی، جس میں دھرمیندر کے ساتھ ان کی جوڑی کو بے حد پسند کیا گیا۔ ۱۹۷۸ءکی فلم قسمیں وعدے بھی ان کی نمایاں فلموں میں شمار ہوتی ہے، جس میں امیتابھ بچن مرکزی کردار میں تھے، مگر رندھیر کپورنےاپنی عمدہ اداکاری سے ناظرین کو متاثر کیا۔ اس کے بعد ان کی نمایاں فلموں میں جیت، ہمراہی، رومانوی کامیڈیز جوانی دیوانی، لفنگے، پونگا پنڈت اور ملٹی اسٹارر فلمیں رام پور کا لکشمن اور ہاتھ کی صفائی شامل ہیں۔ ۱۹۸۵ءکےبعد ان کا فلمی کریئر سست پڑ گیا اور انہوں نے ایک دہائی سے زائد عرصے تک اداکاری چھوڑ دی۔ تاہم ۱۹۹۱ءمیں ان کی ہدایتکاری میں بننے والی کامیاب رومانوی ڈرامہ فلم حنا نےانہیں بہترین ہدایتکار کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزدگی دلائی۔ 
۹۰ء کی دہائی میں انہوں نے اپنے والد کے بینر آر کے فلمز تلے پریم گرنتھ اور آ اب لوٹ چلیں جیسی فلمیں پروڈیوس کیں، تاہم یہ فلمیں باکس آفس پر متوقع کامیابی حاصل نہ کر سکیں۔ رندھیر کپور ان دنوں فلمی دنیا میں سرگرم نہیں ہیں۔ 
رندھیر کپورنے۶؍نومبر۱۹۷۱ءکواداکارہ ببیتا سے شادی کی، جو اداکار ہری شِوداسانی کی بیٹی ہیں۔ دونوں نےفلم کل آج اور کل میں ایک ساتھ کام کیا، اور اسی فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کے درمیان محبت پیدا ہوئی۔ اس وقت رندھیر کپور کی عمر ۲۴؍برس تھی۔ ان کی ۲؍بیٹیاں کرشمہ کپور اور کرینہ کپور خان ہیں جو دونوں ہندستانی فلمی اداکارائیں ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK