رنویر سنگھ نے ’’دھرندھر‘‘ سیریز سے مسلسل دو آل ٹائم بلاک بسٹر فلمیں دے کر نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
EPAPER
Updated: March 25, 2026, 8:49 PM IST | Mumbai
رنویر سنگھ نے ’’دھرندھر‘‘ سیریز سے مسلسل دو آل ٹائم بلاک بسٹر فلمیں دے کر نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ اس وقت اپنے کریئر کے عروج پر ہیں، جہاں وہ مسلسل دو بڑی کامیابیوں فلم ’’دھرندھر‘‘ اور ’’دھرندھر: دی ریوینج‘‘ کے ساتھ تاریخ رقم کرنے کے قریب ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، ’’دھرندھر: دی ریوینج‘‘ اپنے پریکوئل سے بھی آگے نکلنے جا رہی ہے اور اگر یہ رجحان برقرار رہا تو فلم اپنی ریلیز کے دوسرے ہفتے کے اختتام تک ہندی سنیما کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن سکتی ہے۔ اس صورت میں رنویر سنگھ اپنی نسل کے پہلے اداکار بن جائیں گے جنہوں نے لگاتار دو ’’آل ٹائم بلاک بسٹرز‘‘ دئیے ہوں۔ پہلی فلم ’’دھرندھر‘‘ پہلے ہی فلم ’’جوان‘‘ اور فلم ’’پشپا: دی رول‘‘ (ہندی ورژن) جیسے بڑے ریکارڈز کو پیچھے چھوڑ چکی ہے، جس نے اسے ہندی سنیما کی تاریخ میں ایک سنگ میل بنا دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ موجودہ نسل کے دیگر بڑے اداکار جیسے رنبیر کپور، ورون دھون، سدھارتھ ملہوترا، وکی کوشل اور کارتک آرین اب تک اپنے کریئر میں کوئی آل ٹائم ہائیسٹ گروسنگ فلم نہیں دے سکے۔ تاریخی طور پر بھی ایسے اداکاروں کی تعداد بہت کم ہے جنہوں نے اپنے دور میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم دی ہو۔ رنویر سنگھ نے نہ صرف یہ کارنامہ انجام دیا بلکہ دو بار مسلسل کر کے ایک منفرد مقام حاصل کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اداکارہ نیہا دھوپیا نے ’’ٹریٹر‘‘کا حصہ بننے سے متعلق تمام افواہوں کو مسترد کر دیا
انہوں نے اس عمل میں سلمان خان، امیتابھ بچن، دھرمیندر اور دیگر اور دیگر لیجنڈز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، جن کے پاس اپنے کریئر میں صرف ایک آل ٹائم بلاک بسٹر ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سنی دیول کے ریکارڈ کی برابری بھی کر لی ہے، جن کے پاس دو ایسی فلمیں ہیں۔ تاہم، اس فہرست میں اب بھی دو بڑے نام سب سے آگے ہیں عامر خان اور شاہ رخ خان جنہوں نے اپنے کریئر میں دو سے زیادہ آل ٹائم ہائیسٹ گروسنگ فلمیں دی ہیں۔ عامر خان اس فہرست میں سرفہرست ہیں جن کی فلمیں ’’گجنی‘‘، ’’۳؍ ایڈیٹس‘‘، ’’دھوم ۳‘‘، ’’پی کے‘‘ اور ’’دنگل‘‘ تاریخی کامیابیاں رہ چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: شویتا ترپاٹھی ’’مرزا پور‘‘ میں گولو گپتا کے ۸؍ سالہ سفر کو یاد کرکے جذباتی ہوئیں
مزید برآں، فلمی حلقوں میں یہ بھی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ رنبیر کپور اور یش بھی جلد اس فہرست میں شامل ہو سکتے ہیں، خاص طور پر اگر فلم ’’رامائن ون‘‘ دیوالی ۲۰۲۶ء پر توقعات کے مطابق بڑی کامیابی حاصل کرتی ہے۔ فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق، رنویر سنگھ کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے کریئر کیلئے ایک اہم موڑ ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ نئی نسل کے اداکار اب باکس آفس پر مکمل غلبہ حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔موجودہ صورتحال میں، ’’دھرندھر‘‘ فرنچائز نہ صرف تجارتی لحاظ سے کامیاب ہے بلکہ اس نے بالی ووڈ میں ’’سپر اسٹار پاور‘‘ کے تصور کو بھی دوبارہ زندہ کر دیا ہے، جہاں ایک اداکار مسلسل بڑے پیمانے پر کامیاب فلمیں دے سکتا ہے۔