Updated: August 30, 2026, 9:02 PM IST
| Mumbai
رشمیکا مندانا کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ اپنی آنے والی بایوپک میں ہندوستان کی عظیم کرناٹک گلوکارہ ایم ایس سُبولکشمی کا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ حالیہ فلم ’’کاک ٹیل ۲‘‘ کے بعد اداکارہ ایک بالکل مختلف اور چیلنجنگ کردار میں نظر آنے کی تیاری کر رہی ہیں۔
ایم ایس سُبولکشمی اور رشمیکا۔ تصویر:آئی این این
رشمیکا مندانا کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ اپنی آنے والی بایوپک میں ہندوستان کی عظیم کرناٹک گلوکارہ ایم ایس سُبولکشمی کا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ حالیہ فلم ’’کاک ٹیل ۲‘‘ کے بعد اداکارہ ایک بالکل مختلف اور چیلنجنگ کردار میں نظر آنے کی تیاری کر رہی ہیں۔ بھارت رتن سے نوازے جانے والی مشہور کلاسیکی گلوکارہ ایم ایس سُبولکشمی کی زندگی پر بننے والی اس بایوپک کو لے کر شائقین میں پہلے ہی خاصی دلچسپی پائی جاتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق کئی ماہ تک کاسٹنگ پر غور کرنے کے بعد فلم کے میکرز نے رشمیکا مندانا کو اس تاریخی کردار کے لیے زیرِ غور لایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلم میں سُبولکشمی کی زندگی، ان کے موسیقی کے سفر اور ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات کو پردۂ سیمیں پر پیش کیا جائے گا۔رشمیکا سے قبل سائی پلوی اور رُکمِنی وسنتھ کے نام بھی اس کردار کے لیے زیرِ غور آنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم کے میکرز ۱۶؍ستمبر کو اس حوالے سے باضابطہ اعلان کر سکتے ہیں۔ یہ تاریخ اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ ۱۶؍ ستمبر کو ہی ایم ایس سُبولکشمی کی سالگرہ منائی جاتی ہے۔ تاہم رشمیکا کی کاسٹنگ کے بارے میں ابھی تک باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے، اس لیے اسے فی الحال رپورٹ کی سطح پر ہی دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:دیویندر فرنویس کے دہلی جانےکی خبر محض افواہ ہے یا اس کے آثار نظر آ رہے ہیں
ایم ایس سُبولکشمی ہندوستان کی عظیم کرناٹک اور کلاسیکی گلوکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ ۱۶؍ستمبر کو مدورائی، تمل ناڈو میں پیدا ہوئی تھیں۔اپنی روحانی، کلاسیکی اور بھکتی موسیقی کے ذریعے انہوں نے ہندوستان سمیت دنیا بھر میں بے مثال مقبولیت حاصل کی۔ ان کی آواز اور گائیکی میں موجود جذباتی گہرائی نے انہیں ہندوستانی موسیقی کی تاریخ کی ایک نمایاں شخصیت بنا دیا۔ وہ بھارت رتن حاصل کرنے والی پہلی موسیقار بھی تھیں۔ یہ ہندوستان کا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے۔
یہ بھی پڑھئے:رشی کپور نے اپنی پہلی ہی فلم’میرا نام جوکر‘ کیلئے نیشنل ایوارڈ جیتا تھا
ایم ایس سُبولکشمی کا ۱۱؍ دسمبر۲۰۰۴ء کو۸۸؍ سال کی عمر میں چنئی کے کوٹّورپورم میں انتقال ہوا۔ رپورٹس کے مطابق ان کی موت برونکیل نمونیا اور اس سے متعلق قلبی پیچیدگیوں کے باعث ہوئی۔اگر رشمیکا مندانا واقعی اس بایوپک میں سُبولکشمی کا کردار ادا کرتی ہیں تو یہ ان کے کریئر کے سب سے مختلف اور اہم کرداروں میں سے ایک ثابت ہو سکتا ہے۔ ایک عظیم کلاسیکی گلوکارہ کی شخصیت، آواز، انداز اور زندگی کو پردے پر پیش کرنا اداکارہ کے لیے ایک بڑا چیلنج بھی ہوگا۔