• Tue, 14 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ون ڈیزل کے پوسٹ سے دپیکا پڈوکون کی ہالی ووڈ واپسی کی چہ مگوئیاں

Updated: October 13, 2025, 7:58 PM IST | Mumbai

فلم ’’کالکی‘‘ سے دپیکا پڈوکون کے ہٹائے جانے کے بعد، ان کے ہالی ووڈ میں واپسی کے امکانات پر انڈسٹری میں قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں۔ ون ڈیزل کی ایک حالیہ انسٹاگرام پوسٹ، جس میں انہوں نے دپیکا کے ساتھ تصویر شیئر کی اور ’’زینڈر کیج‘‘ فرنچائز کا ذکر کیا، نے مداحوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ شاید دپیکا ایک بار پھر اس فلم سیریز میں نظر آئیں۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

دپیکا پڈوکون کے فلم ’’کالکی‘‘ سے ہٹائے جانے کے بعد بالی ووڈ اور ہالی ووڈ دونوں میں ان کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے تھے۔ اسی دوران یہ خبریں سامنے آئیں کہ اگلی ’’زینڈر کیج‘‘ فلم ممبئی میں فلمائی جائے گی، جس نے ان کے ہالی ووڈ میں دوبارہ واپسی کے امکانات کو جنم دیا۔ اگرچہ اس حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی، لیکن اداکار ون ڈیزل کی تازہ پوسٹ نے شائقین کے جوش میں اضافہ کر دیا ہے۔ ون ڈیزل نے اپنے انسٹاگرام پر دپیکا پڈوکون کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’جب میں اپنے کرداروں کے بارے میں سوچتا ہوں ڈوم، رِڈک، زینڈر، کولڈر، گروٹ — تو ہر ایک کردار میرے اندر کسی نہ کسی سطح پر بات کرتا ہے۔ لیکن اگر مجھے سب سے زیادہ مزے والا کردار کہنا ہو تو وہ یقیناً زینڈر کیج ہے، جس میں ایکشن اور مزاح دونوں کا حسین امتزاج ہے۔‘‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’’گروٹ کا کردار بھی بہت دلچسپ ہے، مگر زینڈر کی خاص بات یہ ہے کہ وہ ابتدا میں جاسوسی فلموں کا ایک تفریحی جواب تھا، بانڈ کیلئے امریکی ردعمل۔ بعد میں یہ ایک بین الاقوامی فرنچائز میں تبدیل ہوگیا، جس میں دنیا بھر کے اداکار شامل ہیں۔‘‘ ون ڈیزل نے اپنی پوسٹ میں مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فلم ’’دی ریٹرن آف زینڈر کیج‘‘ اکتوبر میں میں پیراماؤنٹ پلس پر دنیا کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلم بن گئی۔ انہوں نے لکھا کہ ’’میں چاہتا ہوں کہ ہفتہ ختم ہونے سے پہلے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کروں۔ ہمیشہ کی طرح آپ سب مجھے متاثر کرتے ہیں۔ آپ کا ویک اینڈ بہترین گزرے۔‘‘

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Vin Diesel (@vindiesel)

یہ بھی پڑھئے:جنوبی ہند کی کریتی شیٹی پرسبھی کی نظریں

اس پوسٹ کے بعد مداحوں نے کمنٹس میں دپیکا کیلئے محبت بھرے پیغامات بھیجے اور ان کے واپسی کی امید ظاہر کی۔اس سے قبل، ون ڈیزل نے ایک اور پوسٹ میں مختلف کرداروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’شیئر کرنے کیلئے بہت کچھ ہے — گروٹ کی آربر کنگ میں واپسی، نیویارک کے جاسوس کولڈر کی کہانی، اور زینڈر کی اگلی مہم جوئی جو ممبئی میں سیٹ ہوگی۔ میں آپ سب کا شکر گزار ہوں۔‘‘
ان کے ان بیانات کے بعد یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں کہ دپیکا پڈوکون فرنچائز کی اگلی فلم میں دوبارہ مرکزی خاتون کردار کے طور پر واپسی کر سکتی ہیں۔ یاد رہے کہ دپیکا نے ‘XXX: Return of Xander Cage’ سے ہالی ووڈ میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور ون ڈیزل کے ساتھ ان کی جوڑی کو خوب پسند کیا گیا تھا۔ دوسری جانب، دپیکا نے حال ہی میں تصدیق کی ہے کہ انہوں نے شاہ رخ خان کی فلم ’’کنگ‘‘ کی شوٹنگ شروع کر دی ہے، تاہم انہوں نے ’’زینڈر کیج‘‘ فرنچائز میں اپنی ممکنہ واپسی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK