Inquilab Logo Happiest Places to Work

مغربی ایشیا میں کشیدگی کم ہونے سے روپے میں مضبوطی کا امکان: سنجے ملہوترا

Updated: August 05, 2026, 9:04 PM IST | Mumbai

آربی آئی کے گورنر نے کہاکہ ہندوستانی معیشت کی بنیادیں مضبوط ہیں۔ عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، تاہم گزشتہ تقریباً ایک ماہ کے دوران روپیہ ۹۷؍ روپے فی ڈالر سے مضبوط ہو کر۹۵؍ روپے فی ڈالر کی سطح پر آ گیا ہے۔

Sanjay Malhotra.Photo:PTI
سنجے ملہوترا۔ تصویر:پی ٹی آئی

ہندوستان کے ریزرو بینک (آر بی آئی) کے گورنر سنجے ملہوترا نے کہا ہے کہ مغربی ایشیا میں کشیدگی میں کمی آنے کی صورت میں ہندوستانی روپے کے  مضبوط ہونے کا امکان ہے۔ بدھ کو مالیاتی پالیسی کے اعلان کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستانی معیشت کی بنیادیں مضبوط ہیں۔ اگرچہ عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، تاہم گزشتہ تقریباً ایک ماہ کے دوران روپیہ ۹۷؍ روپے فی ڈالر سے مضبوط ہو کر۹۵؍ روپے فی ڈالر کی سطح پر آ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی ایشیا میں حالات بہتر ہونے سے روپے کو مزید مضبوطی مل سکتی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:تیسرا دن گیند بازوں کے نام رہا، پاکستان کی میچ پر گرفت مضبوط


انہوں نے واضح کیا کہ ریزرو بینک کی پالیسی ہمیشہ یہی رہی ہے کہ زر مبادلہ کی شرح کا تعین بازار کی قوتوں پر چھوڑا جائے۔ ان کے مطابق ریزرو بینک نے روپے کے لیے کوئی مخصوص حد مقرر نہیں کی ہے اور وہ صرف اس وقت مداخلت کرتا ہے جب شرح مبادلہ میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ پیدا ہو۔ بینک کی کوشش یہی رہتی ہے کہ روپے کی قدر میں اچانک بڑی تبدیلی نہ آئے۔ بازار میں اضافی نقدی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ملہوترا نے کہا کہ یہ صورتحال عارضی ہے اور رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے اختتام یعنی ستمبر تک معیشت کی ضروریات کے باعث اضافی نقدی جذب ہو جائے گی۔  عالمی غیر یقینی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہندوستانی معیشت نے ہر بحران کے دوران اپنی مضبوطی کا ثبوت دیا ہے، اس لیے مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر ضرورت سے زیادہ تشویش کی ضرورت نہیں ہے۔ 
  اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق رہا تو آئندہ مالی سال کے آغاز تک پولیمر (پلاسٹک) کے کرنسی نوٹ عوام کے استعمال کے لیے متعارف کرائے جائیں گے۔ انڈین ریزرو بینک کے گورنر سنجے ملہوترا نے بتایا کہ ابتدا میں ان نوٹوں کو پائلٹ منصوبے کے تحت جاری کیا جائے گا۔ اگر اس کا تجربہ کامیاب رہا تو بعد میں اسے مرحلہ وار وسعت دی جائے گی۔مالیاتی پالیسی کے اعلان کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریزرو بینک نے پولیمر شیٹس کی خریداری کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ شیٹس موصول ہونے کے بعد ان پر مختلف تکنیکی جانچ، حفاظتی منظوریوں اور سکیورٹی فیچرز کی آزمائش کی جائے گی، جس کے بعد مناسب وقت پر مزید معلومات دی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھئے:’’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘ نے عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالر کا سنگِ میل عبور کر لیا


انہوں نے کہا کہ پائلٹ منصوبے کے دوران یہ دیکھا جائے گا کہ یہ نوٹ ہندوستانی موسمی حالات اور موجودہ بینکاری و نقدی کے نظام میں کس حد تک مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔ اس جائزے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ انہیں مکمل طور پر رائج کیا جائے یا اس میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیمر نوٹوں کے اجرا کا مقصد نوٹوں کی پائیداری میں اضافہ اور کرنسی کی چھپائی کی استعداد کو بہتر بنانا ہے۔ گورنر کے مطابق کم مالیت کے نوٹ مسلسل گردش میں رہنے کی وجہ سے جلد ناکارہ ہو جاتے ہیں، جبکہ پولیمر نوٹ کاغذی نوٹوں کے مقابلے میں تین سے چار گنا زیادہ عرصے تک قابلِ استعمال رہتے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ حکومت نے ۱۰؍ اور ۲۰؍ روپے کے پولیمر نوٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے اور ریزرو بینک کو ابتدائی مرحلے میں دو ارب پولیمر نوٹ چھاپنے کی اجازت دی گئی ہے، جو پائلٹ منصوبے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK