Updated: March 28, 2026, 9:04 PM IST
| Los Angeles
ہالی ووڈ اداکار راین گوزلنگ آئندہ بلاک بسٹر پروجیکٹ میں نظر آئیں گے جو آسکر ایوارڈ یافتہ فلم Everything Everywhere All at Once کے سیکوئل کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ اس فلم کی ہدایت کاری ڈینیل کیوان اور ڈینیئل شینرٹ کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق فلم ۲۰۲۷ء میں ریلیز ہوگی۔
راین گوزلنگ۔ تصویر: آئی این این
ہالی ووڈ کے معروف اداکار راین گوزلنگ مبینہ طور پر آسکر ایوارڈ یافتہ فلم Everything Everywhere All at Once کے آنے والے سیکوئل میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، جو ۱۹؍ نومبر ۲۰۲۷ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے کی توقع ہے۔ رپورٹس کے مطابق، اس پروجیکٹ کی ہدایت کاری فلم ساز جوڑی ڈینیل کیوان اور ڈینیئل شینرٹ کریں گے، جنہیں مشترکہ طور پر ’’ڈینیئلز‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ فلم کی شوٹنگ اس موسم گرما میں لاس اینجلس میں شروع ہونے والی ہے، جبکہ اس کا باضابطہ عنوان ابھی ظاہر نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: نیٹ فلکس کا سبسکرپشن مہنگا، ہندوستان میں قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں
یہ پیشرفت گوزلنگ کی حالیہ کامیابی ’’پروجیکٹ ہیل میری‘‘ کے بعد سامنے آئی ہے، جو باکس آفس پر زبردست کارکردگی دکھا رہی ہے اور اس سال کی بڑی اوپننگ فلموں میں شامل ہو چکی ہے۔ فلم کے پلاٹ کو فی الحال مکمل طور پر خفیہ رکھا گیا ہے، تاہم ڈینیئل کیوان نے ایک انٹرویو میں اس کے انداز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، ’’یہ مزاحیہ سائنس فکشن، بڑے دل کے ساتھ ایکشن کامیڈی ہوگی… بہت ہی وجودی نوعیت کی، جیسی ہماری فلموں سے آپ توقع کرتے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ فلم ایک ’’پیچیدہ دنیا‘‘ کو پیش کرے گی اور مختلف خیالات کو یکجا کر کے ایک منفرد کہانی تخلیق کی جائے گی، جس کی وجہ سے اس کی تیاری میں زیادہ وقت لگا۔ واضح رہے کہ Everything Everywhere All at Once نے ۲۰۰۲ء میں ریلیز کے بعد عالمی سطح پر زبردست کامیابی حاصل کی تھی، تقریباً ۱۰۰؍ ملین ڈالر کمائے اور سات آسکر ایوارڈز اپنے نام کیے، جن میں بہترین فلم، بہترین ہدایت کار اور بہترین اداکارہ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’دھرندھر: دی ریوینج‘‘ تشدد، پروپیگنڈا اور عالمی ناقدین کی کڑی تنقید
ہدایت کار جوڑی نے اس سے قبل ’’سوئس آرمی مین‘‘ کے ذریعے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا، جس میں ڈینیئل ریڈ کلف اور پال ڈینو نے اداکاری کی تھی۔ دریں اثنا راین کے پاس ۲۰۲۷ء میں ایک اور بڑی ریلیز بھی موجود ہے ’’اسٹار وارز: اسٹار فائٹر‘‘ جس کی ہدایت کاری شان لیوی کر رہے ہیں۔