Updated: August 29, 2026, 4:10 PM IST
| Mumbai
اداکار سیف علی خان پر چاقو سے حملے کے الزام میں گرفتار بنگلہ دیشی شہری محمد شریف الاسلام نے ممبئی کی عدالت سے اپنے خلاف عائد الزامات کا جرم قبول کرنے کی اجازت مانگی ہے۔ ملزم نے وکیل کے ذریعے دائر درخواست میں اعتراف جرم کے ساتھ عدالت سے نرمی کی اپیل کی، جس پر عدالت نے استغاثہ سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ۱۱؍ ستمبر تک ملتوی کردی۔
سیف علی خان۔ تصویر:آئی این این
اداکار سیف علی خان پر باندرہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر مبینہ طور پر چاقو سے حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار بنگلہ دیشی شہری محمد شریف الاسلام نے ممبئی کی عدالت سے جرم قبول کرنے کی اجازت مانگی ہے۔ اس وقت عدالتی تحویل میں موجود اسلام نے اپنے وکیل وِپل دوشنگ کے ذریعے عدالت میں درخواست دائر کی، جس میں اس نے اپنے خلاف عائد جرائم کا اعتراف کرنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے عدالت سے نرمی برتنے کی اپیل کی ہے۔ درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے استغاثہ کو اپنا جواب جمع کرانے کی ہدایت کی اور معاملے کی سماعت ۱۱؍ ستمبر تک ملتوی کردی۔
یہ بھی پڑھئے: ناگ ارجن نے تیلگو کے ساتھ ہندی فلموں میں بھی نام کمایا ہے
سیف علی خان پر چاقو حملہ کیس میں اچانک اہم موڑ
محمد شریف الاسلام کی جانب سے جرم قبول کرنے کی درخواست دفاعی حکمت عملی میں اچانک اور اہم تبدیلی قرار دی جارہی ہے۔ رواں ماہ کے آغاز میں ایڈیشنل سیشنز جج جی پی دیشمکھ کی عدالت نے اسلام کے خلاف باضابطہ الزامات عائد کیے تھے، جنہیں ملزم نے ابتدا میں مسترد کرتے ہوئے خود کو بے گناہ قرار دیا تھا۔ ملزم پر بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی متعلقہ دفعات کے تحت مہلک ہتھیار کے استعمال کے ساتھ ڈکیتی، شدید جسمانی چوٹ پہنچانے اور گھر میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کے خلاف فارنرز ایکٹ اور پاسپورٹ (ہندوستان میں داخلے سے متعلق) قواعد کی متعلقہ دفعات کے تحت بھی کارروائی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ بگ باس ۲۰‘‘ میں بڑا اپ ڈیٹ، سلمان خان نے انکشاف کیا
سیف علی خان پر پرتشدد حملہ
یہ الزامات ۱۶؍ جنوری ۲۰۲۵ء کو ممبئی کے باندرہ میں سیف علی خان کے ۱۲؍ ویں منزل پر واقع فلیٹ میں ہونے والی مبینہ گھر میں گھسنے کی واردات سے متعلق ہیں۔ پولیس نے مختلف مقامات پر تلاش کے بعد ملزم کو دو روز بعد گرفتار کرلیا تھا۔ پولیس سے پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر اعتراف کیا تھا کہ وہ ڈکیتی کی نیت سے گھر میں داخل ہوا تھا اور جسمانی مزاحمت کے دوران سیف علی خان نے اسے سامنے سے مضبوطی سے پکڑ لیا، جس کے بعد اس نے اداکار پر چاقو سے حملہ کردیا۔ اس جھڑپ میں سیف علی خان کو شدید نوعیت کے زخم آئے اور انہیں فوری طور پر لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق اداکار ایمرجنسی روم میں پہنچے تو ان کی ریڑھ کی ہڈی میں چاقو کا ایک ٹکڑا پیوست تھا اور ریڑھ کی ہڈی سے متعلق سیال بھی خارج ہورہا تھا۔ سیف علی خان کو مجموعی طور پر چھ اہم زخم آئے، جن میں بائیں ہاتھ اور گردن پر گہرے زخم بھی شامل تھے۔ انہیں فوری طور پر آپریشن اور متعدد طبی مراحل سے گزرنا پڑا، بعد ازاں پانچ روز تک اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد انہیں ڈسچارج کردیا گیا۔