• Thu, 05 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سیف علی خان نے’ جین زی‘ کے نئے اداکاروں میں سارہ اور ابراہیم کانام نہیں لیا

Updated: November 05, 2026, 7:04 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ اداکار سیف علی خان ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے ہیں۔ اس مرتبہ ان کے ایک بیان نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔

Saif And Ibrahim.Photo:INN
ابراہیم اور سیف۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ اداکار سیف علی خان ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے ہیں۔ اس مرتبہ ان کے ایک بیان نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔ سیف علی خان نے معروف فلم ساز کرن جوہر کے مقبول شو ’’کافی ود کرن‘‘ سیزن ۹؍ میں شرکت کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ جنریشن زی ( جین زی) کے کن اداکاروں پر مستقبل میں نظر رکھنی چاہیے تو انہوں نے اپنی بیٹی سارہ علی خان اور بیٹے ابراہیم علی خان کے بجائے آہان پانڈے اور اننیا پانڈے کے نام لیے۔ ان کے اس جواب کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی اور کئی صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔ 
شو کے ریپڈ فائر راؤنڈ کے دوران کرن جوہر نے سیف علی خان سے پوچھا کہ ان کی نظر میں نئی نسل کے کون سے اداکار ایسے ہیں جن کے کام کو مستقبل میں دیکھنا چاہیے۔ سیف نے تقریباً فوراً آہان پانڈے اور اننیا پانڈے کا نام لیتے ہوئے کہا کہ پانڈے خاندان کے دونوں نوجوان اداکار قابلِ توجہ ہیں۔ ان کے اس جواب نے ناظرین کو حیران کردیا کیونکہ سیف کے اپنے دونوں بچے سارہ اور ابراہیم بھی بالی ووڈ میں اداکاری کے میدان میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ خاص طور پر اننیا پانڈے کا نام لیے جانے پر بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ سیف نے سارہ علی خان کا ذکر کیوں نہیں کیا، جو اننیا کے تقریباً اسی دور میں فلمی دنیا میں داخل ہوئی تھیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:آج کے دور میں سیکوریٹی کی ضرورت پہلے سے زیادہ محسوس ہوتی ہے: سیف علی خان

سیف علی خان کے اس جواب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے مختلف انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بعض لوگوں نے کہا کہ ایک والد کو اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، خاص طور پر جب وہ بھی اسی فلمی صنعت میں کام کررہے ہوں۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ابراہیم کا نام نہ لینا شاید ان کی حالیہ اداکاری پر ہونے والی تنقید کے تناظر میں سمجھا جاسکتا ہے، لیکن اننیا پانڈے کا نام لے کر سارہ کو نظرانداز کرنا حیران کن ہے۔ ایک دوسرے صارف نے لکھا کہ سیف کو اپنے بچوں کے بجائے دوسروں کے نام لیتے دیکھنا اچھا تاثر نہیں دیتا۔ کچھ لوگوں نے یہ بھی کہا کہ اگر سیف سارہ اور ابراہیم دونوں کا نام لیتے تو شاید ان پر اقربا پروری کو فروغ دینے کا الزام لگتا، اس لیے ممکن ہے کہ انہوں نے غیر جانب دار جواب دینے کی کوشش کی ہو۔ 
 دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی پروگرام میں سیف علی خان اور کرینہ کپور خان کے لیے ان کے بچوں کی جانب سے ویڈیو پیغامات بھی دکھائے گئے۔ ابراہیم علی خان نے اپنے والد کو اپنا رول ماڈل اور ہیرو قرار دیتے ہوئے ان کی زندگی کے نشیب و فراز کا ذکر کیا۔ انہوں نے سیف کی صحت سے متعلق مشکلات، انگوٹھے کی چوٹ اور باندرہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہونے والے چاقو کے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے والد نے جس ہمت اور حوصلے کے ساتھ مشکل حالات کا سامنا کیا، وہ ان کے لیے قابلِ تقلید ہے۔ ابراہیم نے کرینہ کپور خان کو بھی بہترین سوتیلی ماں قرار دیتے ہوئے ان کی محبت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے خیال میں شو کا تحفہ ان کے والد کو ملنا چاہیے۔  سارہ علی خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں سیف علی خان کو ان کے اسٹائل، شخصیت اور خود اعتمادی کے لیے سراہا۔ انہوں نے کرینہ کپور خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کرینہ اور کرن جوہر کا امتزاج ان کے بچپن کی یادوں کا حصہ رہا ہے اور فلم’ ’کبھی خوشی کبھی غم‘‘ میں کرینہ کا کردار پُو ان کا پسندیدہ کردار ہے۔ سارہ کے اس پیغام میں بھی اپنے والد اور کرینہ کے لیے محبت اور اپنائیت نمایاں تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے:دبئی میں ہندوستان اور پاکستان کے باکسرز کے درمیان کشیدگی

سیف علی خان کے اس بیان نے ایک مرتبہ پھر بالی ووڈ میں اقربا پروری (Nepotism) اور اسٹار بچوں کو ملنے والی حمایت کے موضوع کو بحث میں لا کھڑا کیا ہے۔ سارہ علی خان نے فلم ’’کیدارناتھ‘‘ سے ۲۰۱۸ء میں اداکاری کا آغاز کیا تھا، جبکہ اننیا پانڈے نے ۲۰۱۹ء میں ’’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر ۲‘‘ کے ذریعے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ ابراہیم علی خان نے فلم’ ’نادانیاں‘‘ سے اداکاری میں آغاز کیا، جسے نیٹ فلکس پر ریلیز کیا گیا تھا۔ فلم اور ان کی اداکاری کو ناظرین کی جانب سے ملی جلی بلکہ بڑی حد تک تنقیدی آرا کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسے میں سیف کے انتخاب کو بعض صارفین نے اداکاری کی صلاحیت کی بنیاد پر ایک رائے قرار دیا، جبکہ دیگر نے اسے اپنے بچوں کو نظرانداز کرنے کے طور پر دیکھا۔ تاہم سیف علی خان نے اپنے جواب کی کوئی الگ وضاحت نہیں دی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK