عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کے پرتگال کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد اب سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا شائقین کو اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو ایک مرتبہ پھر پرتگال کی جرسی میں میدان پر دیکھنے کا موقع ملے گا؟
EPAPER
Updated: November 05, 2026, 7:04 PM IST | Lisbon
عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کے پرتگال کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد اب سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا شائقین کو اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو ایک مرتبہ پھر پرتگال کی جرسی میں میدان پر دیکھنے کا موقع ملے گا؟
عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کے پرتگال کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد اب سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا شائقین کو اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو ایک مرتبہ پھر پرتگال کی جرسی میں میدان پر دیکھنے کا موقع ملے گا؟ ۴۱ ؍سالہ رونالڈو نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر ایک جذباتی ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے ۲۳ ؍سالہ بین الاقوامی کیریئر کے اختتام کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ پرتگال کی مشہور سات نمبر کی جرسی آنے والی نسل کے حوالے کردیں۔ تاہم ان کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد پرتگالی فٹ بال فیڈریشن کی جانب سے انہیں شاندار الوداعی تقریب دینے کی خواہش ظاہر کیے جانے سے ایک آخری میچ کے امکانات پر بھی بحث شروع ہوگئی ہے۔ رونالڈو کے الوداعی میچ سے متعلق صورتحال فی الحال واضح نہیں ہے۔ اس سے قبل ۶ ا؍کتوبر کو قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ سے علیحدگی کے بعد اپنے بیان میں انہوں نے پرتگالی شائقین کو یقین دلایا تھا کہ انہیں الوداع کہنے کے لیے ایک یا ایک سے زیادہ میچ کھیلنے کا موقع ضرور ملے گا۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ اگر وہ جسمانی طور پر فٹ رہے اور اپنے کلب کے لیے کھیلتے رہے تو قومی ٹیم کی نمائندگی کے لیے دستیاب ہوں گے۔ لیکن ۵ ؍نومبر کو جاری کیے گئے تازہ بیان میں رونالڈو نے واضح الفاظ میں کہا کہ قومی ٹیم کے ساتھ میدان میں ان کا سفر ختم ہوچکا ہے۔ ان کے اس اعلان سے یہ تاثر ملتا ہے کہ شاید اب وہ پرتگال کے لیے مزید کوئی میچ نہ کھیلیں۔ اس کے باوجود پرتگالی فٹ بال فیڈریشن نے ان کے لیے ایک باوقار الوداعی تقریب منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اگر فیڈریشن اور رونالڈو کے درمیان اس حوالے سے اتفاق ہوجاتا ہے تو آخری میچ یا خصوصی تقریب کا امکان مکمل طور پر رد نہیں کیا جاسکتا۔ تاہم فی الحال کسی الوداعی میچ کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:دبئی میں ہندوستان اور پاکستان کے باکسرز کے درمیان کشیدگی
کرسٹیانو رونالڈو نے اگست ۲۰۰۳ء میں قازقستان کے خلاف میچ سے پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے ۲۳ ؍سال تک ملک کی نمائندگی کی اور ۲۳۴؍ بین الاقوامی میچ کھیل کر مردوں کے عالمی فٹ بال میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے۔ اس دوران انہوں نے ۱۴۶ گول اسکور کیے، جو مردوں کے بین الاقوامی فٹ بال میں ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ رونالڈو نے پرتگال کی قیادت کرتے ہوئے ۲۰۱۶ء میں یورو کپ جتایا، جبکہ ۲۰۱۹ء اور ۲۰۲۵ء میں یوئیفا نیشنز لیگ کے خطاب بھی حاصل کیے۔ وہ چھ فیفا ورلڈ کپ مقابلوں میں شرکت کرنے والے دنیا کے چند منفرد کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ رونالڈو کی ریٹائرمنٹ کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ ہفتوں میں ان کے اور پرتگال کے کوچ جورج جیسس کے درمیان اختلافات کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔ رپورٹس کے مطابق ناروے کے خلاف میچ میں رونالڈو کو میدان میں اترنے کا موقع نہیں ملا تھا، جس کے بعد وہ قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ سے چلے گئے تھے۔ اس معاملے پر پرتگالی فٹ بال فیڈریشن نے ان پر ۳۰ ؍دن کی پابندی اور ۲۵۵ ؍یورو جرمانہ عائد کیا تھا۔ اس سے قبل کوچ نے کہا تھا کہ رونالڈو کی واپسی کا راستہ کھلا ہے اور قومی ٹیم میں دوبارہ شامل ہونے کا فیصلہ خود کھلاڑی کو کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے:آج کے دور میں سیکوریٹی کی ضرورت پہلے سے زیادہ محسوس ہوتی ہے: سیف علی خان
رونالڈو کے اعلان کے بعد پرتگالی فٹ بال فیڈریشن نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے لیے غیر معمولی کھلاڑی، متاثر کن قائد اور قومی ٹیم کی روح کی علامت رہے ہیں۔ فیڈریشن کے مطابق رونالڈو نے اپنی کارکردگی سے پرتگال کا نام روشن کیا اور نوجوان نسل کو فٹ بال میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ فیڈریشن نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام کسی مناسب خراجِ تحسین کے بغیر نہیں ہونے دے گی اور ایسی تقریب منعقد کرنے کی خواہش رکھتی ہے جس میں شائقین اور پورا ملک اپنے عظیم کپتان کو الوداع کہہ سکیں۔
پرتگال کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے باوجود کرسٹیانو رونالڈو نے کلب فٹ بال سے کنارہ کشی اختیار نہیں کی ہے۔ وہ سعودی عرب کے النصر کلب کی جانب سے کھیلنا جاری رکھیں گے اور اپنے کریئر میں ایک ہزار گول مکمل کرنے کے ہدف کے تعاقب میں ہیں۔ اس طرح پرتگال کی جرسی میں ان کا دور ختم ہونے کے قریب ضرور ہے، لیکن فٹ بال کے میدان میں ان کی سرگرمیاں ابھی جاری رہیں گی۔ کرسٹیانو رونالڈو کی ریٹائرمنٹ نے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو جذباتی کردیا ہے۔ ۲۳ ؍سال تک پرتگال کی نمائندگی، عالمی ریکارڈز، یورو کپ کی تاریخی کامیابی اور دو نیشنز لیگ خطابات ان کے بین الاقوامی کیریئر کو یادگار بناتے ہیں۔ اب سب کی نظریں پرتگالی فٹ بال فیڈریشن کے اگلے فیصلے اور رونالڈو کے ردعمل پر ہیں۔ اگر کوئی خصوصی الوداعی میچ منعقد ہوتا ہے تو شائقین کو اپنے عظیم کپتان کو ایک مرتبہ پھر پرتگال کی سات نمبر کی جرسی میں کھیلتے دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے، لیکن فی الحال ان کا آخری بین الاقوامی میچ ۲۴ ؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو ویلز کے خلاف کھیلا گیا مقابلہ ہی ہے۔