ہندی فلمی دنیا کی تاریخ میں کچھ نام ایسے ہیں جنہوں نے پردۂ سیمیں پراپنی اداکاری سے نہیں بلکہ اپنے قلم کی طاقت سے انمٹ نقوش چھوڑے۔ سلیم خان بھی انہی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 12:46 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
ہندی فلمی دنیا کی تاریخ میں کچھ نام ایسے ہیں جنہوں نے پردۂ سیمیں پراپنی اداکاری سے نہیں بلکہ اپنے قلم کی طاقت سے انمٹ نقوش چھوڑے۔ سلیم خان بھی انہی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔
ہندی فلمی دنیا کی تاریخ میں کچھ نام ایسے ہیں جنہوں نے پردۂ سیمیں پراپنی اداکاری سے نہیں بلکہ اپنے قلم کی طاقت سے انمٹ نقوش چھوڑے۔ سلیم خان بھی انہی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ جاوید اختر کے ساتھ ان کی جوڑی ’سلیم جاوید‘ نے نہ صرف کئی سپرہٹ فلموں کی کہانیاں لکھیں بلکہ فلموں کے ہیرو، مکالموں اور کہانی سنانے کے انداز کو بھی ایک نیا رخ دیا۔سلیم خان ۲۴؍نومبر۱۹۳۵ءکواندور میں پیدا ہوئے۔ ان کا پورا نام سلیم عبدالرشید خان ہے۔ ان کے والد عبدالرشید خان پولیس کےاعلیٰ افسرتھے اور طویل عرصے تک اندور میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کے عہدے پر فائز رہے۔ گھر کا ماحول خوش حال تھا، اس لیےسلیم خان کو مالی مشکلات کا سامنا نہیں تھا، لیکن ان کے ذہن میں بچپن ہی سے کچھ الگ کرنے کی خواہش موجود تھی۔
یہ بھی پڑھئے: علاحدگی کے بعد سلیم جاوید نے ’’باغبان‘‘ میں اشتراک کیا، مگر کریڈٹ نہیں دیا گیا
فلم ساز کے امرناتھ نے انہیں ایک تقریب میں دیکھا اور فلموں میںکام کرنے کی پیشکش کی۔ سلیم خان نے یہ موقع قبول کرلیا اور ۱۹۶۰ءمیںفلم ’بارات‘ کے ذریعے فلمی سفر شروع کیا۔ اس فلم میں اجیت اور شکیلہ مرکزی کرداروں میں تھے۔سلیم خان نے معاون کردار ادا کیا اور اسی کے ساتھ اندور سے ممبئی منتقل ہوگئے۔ انہیں امید تھی کہ وہ اپنی شخصیت اور صلاحیت کے بل پر ایک کامیاب اداکار بنیں گے۔ ’بارات‘ کے بعد انہیں متعدد فلموں میں چھوٹے بڑے کردار ملے۔ ’پروفیسر‘، ’تیسری منزل‘، ’دیوانہ‘ اور ’سرحدی لٹیرا‘ جیسی فلموں میں بھی وہ نظر آئے۔
۱۹۶۰ءکی دہائی کے آخری برسوں میں انہوں نے کہانیاں لکھنے کا کام شروع کیا۔ ان کی لکھی ہوئی کہانی پر فلم ’دو بھائی‘ بنائی گئی، جس میں اشوک کمار اور جتیندر نے کام کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے فلمی تحریر کے شعبے میں اپنی جگہ بنانے کی سنجیدہ کوشش شروع کردی۔
یہ بھی پڑھئے: سبھاش گھئی نےسوداگر کیلئےعامر اور کرشمہ کو مسترد کرکےمنیشا اوروویک کو لیا تھا
سلیم خان کی زندگی کا سب سے اہم موڑ جاوید اختر سے ملاقات تھی۔ دونوں کی ملاقات فلم ’سرحدی لٹیرا‘ کی تیاری کے دوران ہوئی۔ سلیم خان اس فلم میں اداکاری کررہے تھے، جب کہ جاوید اختر معاون ہدایت کار اور مکالمہ نگار کی حیثیت سے کام کررہے تھے۔ دونوں کے درمیان دوستی ہوئی اور رفتہ رفتہ انہیں احساس ہوا کہ ان کی صلاحیتیں ایک دوسرے کی تکمیل کرسکتی ہیں۔پھر دونوں نے ساتھ میں کام کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ سلیم جاوید کو بطور مصنف نمایاں پہچان فلم ’ہاتھی میرے ساتھی‘ (۱۹۷۱)سے حاصل ہوئی۔ اس کے بعد دونوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ’سیتا اور گیتا‘(۱۹۷۲ء)اور ’یادوں کی بارات‘(۱۹۷۳ء)جیسی فلموں نے ان کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کیا۔۱۹۷۳ءمیں ریلیز ہونے والی ’زنجیر‘ نے ہندی سنیما میں ایک نئے دور کا آغاز کیا۔ اس کے بعد ’دیوار‘ اور ’شعلے‘ جیسی فلموں نے اس جوڑی کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔۱۹۷۵ءمیں ریلیز ہونے والی ’شعلے‘ نے تو کامیابی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے۔ اس کے بعد ’ترشول‘، ’ڈان‘، ’کالا پتھر‘، ’دوستانہ‘ اور ’شکتی‘ جیسی فلمیں بھی اس جوڑی کے نمایاں کاموں میں شمار ہوئیں۔ ان فلموں نے ثابت کیا کہ سلیم جاوید محض کامیاب فلمیں نہیں لکھ رہے تھے بلکہ وہ ہندی فلموں کے موضوعات، کرداروں اور مکالموں کا انداز بھی تبدیل کررہے تھے۔ بھلے ہی سلیم خان اداکاری میں زیادہ کامیاب نہیں ہوسکے لیکن ان کے بیٹے سلمان خان بالی ووڈ پر راج کرتے ہیں اور ان کا نام دیکھ کر لوگ فلم دیکھنے جاتے ہیں۔