• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مغربی بنگال حکومت کا گئوکشی مخالف بل پیش کرنے کااعلان

Updated: November 24, 2026, 12:29 PM IST | Agency | Kolkata

کابینہ میٹنگ کے بعد وزیراعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے کہا کہ ان کی سرکار۱۹۵۰ء کے ’لائیو اسٹاک ایکٹ‘ کی دفعات پر سختی سے عمل درآمد کرے گی، گئوشالاؤں کو مدد دینے کا بھی وعدہ۔

West Bengal Chief Minister Suvendu Adhikari announcing the decisions of the cabinet meeting. Photo: INN
مغربی بنگال کے وزیراعلیٰ شوبھندو ادھیکاری کابینہ میٹنگ کے فیصلوں کااعلان کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

بی جے پی کی حکمرانی والی تمام ریاستیں ترقیاتی کاموں اور عوامی فلاح و بہبود پر توجہ دینے کے بجائے ایسے موضوعات کو اہمیت دے رہی ہیں، جن سے سماج میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی خراب ہو اور پولرائزیشن ہو تاکہ انہیں سیاسی فائدہ ملے۔ کہیں یو سی سی، تو کہیں گئوکشی مخالف بل پیش کئے جارہے ہیں۔ انہیں میں مغربی بنگال بھی ہے۔ پیر کو مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت گئوکشی کی روک تھام کیلئے ایک بل پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ عمر رسیدہ مویشیوں کی دیکھ بھال اور علاج کیلئے گئوشالاؤں کو سالانہ ایک لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔

یہ اعلان ریاستی سکریٹریٹ ’نوبنو‘ میںمنعقدہ کابینی میٹنگ کے بعدکیا گیا۔ شوبھیندو ادھیکاری نے واضح کیا کہ ان کی حکومت ۱۹۵۰ء کے لائیو اسٹاک ایکٹ کی دفعات پر سختی سے عمل درآمد کرے گی۔ گئوکشی پر پابندی کی بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ’’ریاست میں گئو ماتا کے قتل کی اجازت نہیں دی جائے گی، خواہ کوئی اس کا کوئی بھی مطلب نکالے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: جیمز جوائس کے شہرۂ آفاق ناول ’’یولیسس‘‘ کا اردو ترجمہ ۱۰۴؍ سال بعد شائع

میڈیا کے ذریعہ یہ سوال پوچھے جانے پر کہ کیا اس اقدام سے مذبح (سلاٹر ہاؤس) بھی متاثر ہوں گے، شوبھندو ادھیکاری نے کہا کہ مجاز مذبح  کے کام کاج اور گائے کے ذبیحے کے درمیان فرق ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’سلاٹر ہاؤس میں جانوروں کا ذبیحہ اور گائے کو ہاتھ لگانا ایک جیسی بات نہیں ہے۔ اگر اجازت حاصل ہے تو مذبح میں جانوروں کا ذبیحہ کیا جا سکتا ہے۔‘‘

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ قانونی دفعات کے باوجود ریاست کے بعض علاقوں میں اب بھی غیر قانونی طور پر مویشیوں کا ذبیحہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس طرح کے غیر قانونی عمل کو روکنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں کلکتہ ہائی کورٹ کے تبصروں کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’اس طرح کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر کچھ لوگ چھپ کر یہ کام کر رہے ہیں تو دوسرے مجھے اس کی تفصیلات بھیجیں، میں اسے روکوں گا۔‘‘انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ۱۹۵۰ء کے لائیو اسٹاک ایکٹ کی دفعات پر عمل درآمد کر رہی ہے، جس کے تحت مویشیوں کے ذبیحے کیلئے انتظامی منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔ ان ضوابط کے تحت۱۴؍ سال سے کم عمر کے مویشیوں کے ذبیحے پر پابندی ہے۔ اس کیلئے متعلقہ مقامی مجاز اتھارٹی یا ریاست کے محکمہ حیوانات کے وسائل سے تحریری اجازت حاصل کرنا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ جانور کو ذبیحے کیلئے موزوں قرار دینے والا سرٹیفکیٹ بھی ضروری ہے۔

ریاست کا نام بدلنے کی بھی تیاری

مغربی بنگال کا نام بدلنے کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ وزیر اعلی نے پیر کو اعلان کیا کہ ریاست کا نام بدل کر ’پشچم بنگ‘ رکھنے کی تجویز اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔ اس کیلئے ۹؍ دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں اس تجویز کی منظوری دی گئی۔ شوبھندو ادھیکاری نے بتایا کہ یہ تجویز۹؍ دسمبر کو اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔ اسمبلی سے منظوری ملنے کے بعد اسے مرکزی حکومت کو بھیج دیا جائے گا۔ اس کے بعد نام کی تبدیلی کا آئینی عمل آگے بڑھے گا۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق ریاست کا نام انگریزی میں بھی ’پشچم بنگ‘ ہی رہے گا۔خیال رہے کہ مغربی بنگال کا نام تبدیل کرنے کا معاملہ نیا نہیں ہے۔ اس سے قبل ممتا  سرکار نے بھی ریاست کا نام تبدیل کرنے کی کوشش کی تھی۔ ۲۰۱۶ء میں،ممتا حکومت نے مختلف زبانوں کیلئے تین نام تجویز کیے تھے۔ بعد میں۲۰۱۸ء میں، اسمبلی نے تمام زبانوں میں ریاست کا نام ’بانگلہ‘ رکھنے کی قرارداد منظور کی تھی،تاہم مرکزی حکومت کی جانب سے منظوری نہ ملنے کی وجہ سے اس تبدیلی کو نافذ نہیں کیا جا سکا۔ اس سے قبل۱۹۹۹ء میں، اُس وقت کے وزیر اعلیٰ جیوتی بسو کی حکومت نے بھی ریاست کا نام بدل کر ’پشچم بنگ‘ کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK