کانگریس آئندہ دسمبر میں مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال سے ’ووٹ چوری‘ کے خلاف ملک گیر مہم شروع کرنے والی ہے۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 12:34 PM IST | Agency | New Delhi
کانگریس آئندہ دسمبر میں مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال سے ’ووٹ چوری‘ کے خلاف ملک گیر مہم شروع کرنے والی ہے۔
کانگریس آئندہ دسمبر میں مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال سے ’ووٹ چوری‘ کے خلاف ملک گیر مہم شروع کرنے والی ہے۔ اس مہم کی قیادت لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے ہاتھوں میں ہوگی۔ کانگریس کی مدھیہ پردیش یونٹ کے صدر جیتو پٹواری نے یہ اطلاع دی۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور ملک کے ہر شہری کے حق رائے دہی کا تحفظ کرنا کانگریس کی اولین ترجیح ہے۔
جیتو پٹواری نے ’ووٹ چوری‘ کے خلاف شروع ہونے والی مہم سے متعلق تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ پارٹی آئندہ ماہ جمہوریت اور حق رائے دہی کے تحفظ کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کیلئے ملک گیر تحریک شروع کریگی۔
یہ بھی پڑھئے: راجستھان میں بی جے پی پر اراکین کی خریدوفروخت کاالزام
انھوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر جس طرح پورے ملک کے ساتھ دھوکہ کیا ہے، اس کے خلاف آواز کو کمزور نہیں ہونے دیا جائے گا۔ کانگریس ذرائع کے مطابق بھوپال میں مجوزہ پروگرام۱۲؍ دسمبر کو منعقد کیا جا سکتا ہے۔ اس میں پارٹی صدر ملکارجن کھرگے سمیت کئی دیگر سینئر لیڈران کی شرکت کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ راہل گاندھی نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ حکومت بدلتے ہی ’ووٹ چوری‘ میں ملوث تمام لوگوں کی جانچ کی جائے گی۔ وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ، چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت پر الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ان سبھی نے ملک کے ساتھ جو کچھ کیا ہے، وہ غداری ہے اور اس سے کوئی بچ نہیں پائے گا۔