Updated: July 20, 2026, 5:04 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی حالیہ عوامی تقریب میں دبلی پتلی دکھائی دینے والی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے ان کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس بحث کے دوران سلمان خان نے سوشل میڈیا پر ایک مختصر مگر معنی خیز پوسٹ شیئر کیا، جسے ان کی صحت سے متعلق افواہوں پر بالواسطہ ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم اداکار نے اپنی صحت کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔
سلمان خان۔ تصویر: آئی این این۔
بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے حالیہ دنوں اپنی عوامی تقریب میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر جاری قیاس آرائیوں کے بیچ ایک خفیہ پیغام شیئر کیا، جسے مداح ان کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر بالواسطہ ردعمل قرار دے رہے ہیں۔ یہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب سلمان خان سلم ری ہیبلیٹیشن اتھارٹی (SRA) کے زیرِ اہتمام ایک تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعدد صارفین نے اداکار کی نسبتاً دبلی پتلی جسمانی ساخت کو موضوعِ بحث بنایا اور ان کی صحت کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا۔ اس کے بعد سلمان خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی سیاہ و سفید تصاویر کا ایک سلسلہ شیئر کیا، جن میں وہ سیاہ لباس اور کاؤ بوائے ہیٹ میں نظر آ رہے ہیں۔
تصاویر کے ساتھ انہوں نے مختصر کیپشن لکھا، ’’آپ لوگوں کی طبیعت کیسی ہے؟‘‘ اگرچہ سلمان خان نے اپنی پوسٹ میں براہِ راست کسی افواہ یا تبصرے کا ذکر نہیں کیا، تاہم سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے اسے ان کی صحت سے متعلق جاری قیاس آرائیوں کا غیر مستقیم جواب قرار دیا۔ تقریب کے وائرل ویڈیوز کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آئے۔ بعض مداحوں نے سلمان خان کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ کچھ نے ان کی ظاہری تبدیلی پر حیرت کا اظہار کیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’’وہ بیمار دکھائی دے رہے ہیں، اللہ انہیں صحت دے۔‘‘ ایک اور مداح نے تبصرہ کیا، ’’میرا ہیرو اب عمر کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔‘‘ ایک صارف نے سوال اٹھایا، ’’کیا سلمان خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے؟‘‘ جبکہ ایک اور نے لکھا کہ وہ ابتدا میں سلمان خان کو پہچان ہی نہیں سکے، تاہم ان کے محافظ شیرا کو دیکھ کر یقین ہوا کہ ویڈیو میں موجود شخصیت واقعی سلمان خان ہی ہیں۔
بعض دیگر صارفین نے بھی ان کی جسمانی تبدیلی کو عمر سے جوڑتے ہوئے مختلف آرا کا اظہار کیا، تاہم ان تمام تبصروں کے باوجود سلمان خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے ان کی صحت سے متعلق کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی گئی۔ دوسری جانب سلمان خان اپنے فلمی منصوبوں میں مصروف ہیں۔ وہ اس وقت ہدایت کار اپوروا لاکھیا کی فلم ’ماتر بھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘ کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس فلم کا ابتدائی عنوان ’بیٹل آف گلوان‘ تھا۔ فلم میں سلمان خان کے ساتھ چترانگدا سنگھ، مکیش رشی اور انکور بھاٹیہ بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم اس کی ریلیز کی تاریخ کا ابھی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق سلمان خان آئندہ ہدایت کار وامشی پیڈی پلی کے منصوبے SVC 63 میں بھی نظر آئیں گے، جہاں ان کے ساتھ جنوبی ہندوستانی اداکارہ نینتھارا مرکزی کردار ادا کریں گی۔