ہدایتکار سورج بڑجاتیہ نے بتایا ہے کہ وہ سلمان خان کے ساتھ ایک فیملی ڈراما اور لو اسٹوری پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم کے ذریعے وہ سلمان کا وہی سادہ پن اسکرین پر دکھانے کی کوشش کریں گے۔
EPAPER
Updated: August 09, 2025, 8:58 PM IST | Mumbai
ہدایتکار سورج بڑجاتیہ نے بتایا ہے کہ وہ سلمان خان کے ساتھ ایک فیملی ڈراما اور لو اسٹوری پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم کے ذریعے وہ سلمان کا وہی سادہ پن اسکرین پر دکھانے کی کوشش کریں گے۔
فلم ہدایتکار سورج بڑجاتیہ اپنی نئی فلم کیلئے سلمان خان کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ فلم کا اعلان نومبر میں ہوگا۔ یہ ایک فیملی ڈراما فلم اور لو اسٹوری ہے۔ یہ ایسی ہی فلم ہے جن کیلئے سلمان خان آج بھی جانے جاتے ہیں۔ انڈیا ٹوڈے سے اپنے حالیہ انٹرویو میں سورج بڑجاتیہ نے کہا کہ ’’تھوڑا وقت ہے۔ ہم سلمان خان کے ساتھ ابھی فلم کی کہانی پر کام کررہے ہیںلیکن ہم ان کی عمر کے مطابق ہی فلم بنائیں گے۔ توقع ہے کہ اس کا اعلان نومبر میں کریں گے جس میں مشہور اداکاروں کو شامل کیا جائے گا۔ ہماری دیگر فلموں کی طرح اس میں بھی فیملی ڈراما اور لو اسٹوری ہوگی۔ میں اس ضمن میں محنت کررہا ہوں کہ ناظرین کو وہ فلم دوں جس کیلئے بڑجاتیہ اور خان جانے جاتے ہیں۔‘‘
اس سے قبل بڑجاتیہ نے ٹائمز ناؤ کے ساتھ بات چیت میں کہا تھا کہ ’’سلمان خان کی عمر اور اسٹائل کے لحاظ سے ان کیلئے اسکرپٹ لکھنا تھوڑا مشکل ہے۔ انہیں ان کے سادہ انداز میں واپس لانا بھی مشکل ہے۔ ایک ہدایتکار اور اسکرپٹ رائٹر کے طور پر میرے لئے یہ بڑا چیلنج ہے۔ ‘‘ واضح رہے کہ سلمان خان اور سورج بڑجاتیہ نے ’’میں نے پیار کیا‘‘ (۱۹۸۹ء)، ’’ہم آپ کے ہیں کون‘‘ (۱۹۹۴ء)، ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ (۱۹۹۹ء) اور ’’پریم رتن دھن پایو‘‘ (۲۰۱۵ء) میں ساتھ کام کیا ہے۔