Updated: October 13, 2026, 8:03 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان مشہور فلم ساز اور میزبان کرن جوہر کے مقبول مشہور شخصیات پر مبنی گفتگو کے پروگرام ’’کافی ود کرن‘‘ کے نویں اور آخری سیزن کا افتتاح کریں گے۔ اس پروگرام کا نیا سیزن ۱۴؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء سے ڈجیٹل پلیٹ فارم جیو ہاٹ اسٹار پر نشر ہوگا۔
سلمان خان اور کرن جوہر۔ تصویر:آئی این این
بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان مشہور فلم ساز اور میزبان کرن جوہر کے مقبول مشہور شخصیات پر مبنی گفتگو کے پروگرام ’’کافی ود کرن‘‘ کے نویں اور آخری سیزن کا افتتاح کریں گے۔ اس پروگرام کا نیا سیزن ۱۴؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء سے ڈجیٹل پلیٹ فارم جیو ہاٹ اسٹار پر نشر ہوگا۔ کرن جوہر پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ دو دہائیوں سے زائد عرصے تک ناظرین کی توجہ کا مرکز رہنے والے اس پروگرام کا یہ آخری سیزن ہوگا۔ پہلے ہی تشہیری جھلک سامنے آنے کے بعد شائقین میں اس بات کو لے کر تجسس بڑھ گیا ہے کہ آخری سیزن میں سلمان خان اور کرن جوہر کی گفتگو کے دوران کون سے دلچسپ انکشافات سامنے آئیں گے۔
پروگرام کی پہلی قسط کے تشہیری ویڈیو میں کرن جوہر سلمان خان سے کہتے نظر آتے ہیں کہ یہ آخری سیزن ہے، اس لیے گفتگو کسی بھی سمت جاسکتی ہے۔ اس پر سلمان خان بھی دلچسپ انداز میں جواب دیتے ہیں کہ یہ کہیں بھی جاسکتی ہے۔ دونوں کے درمیان یہ مختصر تبادلہ اس بات کا اشارہ دیتا ہے کہ پروگرام میں بے تکلف گفتگو، برجستہ جوابات اور غیر متوقع لمحات دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:مائیکل جارڈن کی جرسی ۱۴؍ ملین ڈالر میں نیلام
اس مرتبہ سلمان خان پروگرام میں اکیلے شرکت کریں گے۔ وہ اس سے پہلے بھی ’’کافی ود کرن‘‘ میں نظر آچکے ہیں۔ چوتھے سیزن میں انہوں نے پہلی بار اس پروگرام میں شرکت کی تھی جبکہ پانچویں سیزن کی سوویں قسط میں وہ اپنے بھائیوں ارباز خان اور سہیل خان کے ساتھ شریک ہوئے تھے۔ آخری سیزن کی پہلی قسط میں ان کی واپسی کو خاص اہمیت دی جارہی ہے۔ ’’کافی ود کرن‘‘ کا آغاز ۲۰۰۴ء میں ہوا تھا اور وقت کے ساتھ یہ ہندوستانی تفریحی دنیا کے نمایاں گفتگو پر مبنی پروگراموں میں شامل ہوگیا۔ اس میں فلمی ستاروں کے انٹرویوز، ذاتی زندگی سے متعلق سوالات، دلچسپ انکشافات، تیز رفتار سوال جواب اور فلمی دنیا کی خبروں پر گفتگو اس کی پہچان بنے۔ کئی مواقع پر اس پروگرام میں ہونے والی بات چیت نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑی اور خبروں کی سرخیاں بنیں۔
یہ بھی پڑھئے:ٹام کروز کی فلم’ ’ڈیگر‘‘ باکس آفس پر ناکام، وارنر برادرز کو زبردست نقصان کا خدشہ
کرن جوہر نے آخری سیزن کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی زندگی میں اس پروگرام کا اہم مقام رہا ہے۔ اس نے انہیں دوستی، یادیں، محبت اور کئی یادگار لمحات دیے، لیکن اب وہ اپنے پیشہ ورانہ سفر کے اگلے مرحلے میں فلم سازی اور ہدایت کاری پر زیادہ توجہ دینا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق، وہ آنے والی دہائی میں مزید فلمیں بنانے اور نئی کہانیاں پیش کرنے کے خواہش مند ہیں، اسی لیے انہوں نے بھاری دل کے ساتھ پروگرام کو الوداع کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔سلمان خان کی شرکت سے سیزن کی شروعات کو دلچسپ بنانے کی کوشش کی گئی ہے، تاہم پروگرام کے دیگر مہمانوں کی مکمل فہرست ابھی باضابطہ طور پر سامنے نہیں آئی ہے۔ بعض میڈیا رپورٹس میں شاہ رخ خان، عامر خان اور جنوبی ہند کی فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی ممکنہ شرکت کے بارے میں قیاس آرائیاں کی گئی ہیں، لیکن ان ناموں کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ اس لیے ناظرین کی توجہ فی الحال سلمان خان کی پہلی قسط اور اس میں ہونے والی گفتگو پر مرکوز ہے۔
’’کافی ود کرن‘‘ کے آخری سیزن کے ساتھ کرن جوہر ایک ایسے پروگرام کو الوداع کہنے جارہے ہیں جس نے برسوں تک فلمی ستاروں کی گفتگو، ان کے دلچسپ جوابات اور تفریحی دنیا سے جڑی بحثوں کو ناظرین تک پہنچایا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سلمان خان کے ساتھ شروع ہونے والا یہ آخری سفر شائقین کے لیے کتنے یادگار لمحات لے کر آتا ہے۔