Inquilab Logo

سلمان خان کی اگلی فلم’دی بُل‘ کے فلم ساز کرن جوہر ہونگے

Updated: November 26, 2023, 10:37 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

سلمان خان کی اگلی فلم’دی بل‘کرن جوہر کےپروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بنائی جائےگی۔ ہدایت کاروشنو وردھن اس فلم کے ہدایت کار ہوں گے۔

Superstar Salman Khan. Photo: INN
سپراسٹار سلمان خان۔ تصویر : آئی این این

سلمان خان کی اگلی فلم’دی بل‘کرن جوہر کےپروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بنائی جائےگی۔ ہدایت کاروشنو وردھن اس فلم کے ہدایت کار ہوں گے۔ یہ دوسرا موقع ہےجب سلمان اور کرن ایک ساتھ کام کریں گے۔ اس سے قبل سلمان کرن جوہر کی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ میں نظر آئے تھے۔ حالانکہ اس فلم میں ان کا اسکرین ٹائم کم تھا۔
 سلمان فلم ’دی بل‘میں نیم فوجی افسر کے کردارمیں نظر آئیں گے جس کی تیاری کے لیے انہوں نےاپنا وزن کم کرنا شروع کر دیا ہے۔ فلم کےپہلے شیڈول کی شوٹنگ نومبر کے آخرمیں شروع ہو سکتی ہے۔اگلے شیڈول کی شوٹنگ۱۰؍جنوری سے شروع ہوگی۔ ان باتوں کا انکشاف سلمان نے خود ایک انٹرویو میں کیا ہے۔
 فلم شیرشاہ وشنووردھن کی ہدایت کاری میں بنائی جانے والی پہلی فلم تھی۔اس فلم کے لیے انہیں اس سال نیشنل ایوارڈ کے اسپیشل جیوری ایوارڈ سے نوازاگیاہے۔ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد وشنو وردھن نےخبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت میں تصدیق کی تھی کہ وہ کرن جوہر کے ساتھ اپنے اگلے پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں ۔
 انہوں نے کہا تھا’’مجھے فخر ہے۔ یہ ایک اعزازہے۔میں نے ابھی ایک علاقائی فلم کی شوٹنگ مکمل کی ہے اور اب مجھے اپنا اگلا پروجیکٹ کرنا ہے، جو کرن جوہر کے ساتھ ہے۔‘‘
 پنک ولا کی خبرکےمطابق سلمان فلم میں نیم فوجی افسر کے کردار میں نظر آئیں گے۔ اس کے لیےانہوں نےتیاریاں بھی شروع کر دی ہیں ۔ فلم میں ان کا ایک خاص روپ ہے، جس کے لیے انہیں اپنا وزن کم کرنا پڑے گا۔ اس پر بھی انہوں نےکام شروع کر دیا ہے۔
 فلم کے پہلے شیڈول کی شوٹنگ نومبر کے آخر سےشروع ہوگی اور دسمبر کے نصف تک جاری رہے گی۔اس کے بعد سلمان کچھ وقت کے لیے وقفہ لیں گے۔اس کے بعد وہ ۱۰؍جنوری سے ۳۰؍ تا ۴۵؍دن کی شوٹنگ کریں گے۔
 آئندہ دنوں میں سلمان، سدھارتھ آنند کی فلم ٹائیگر وی ایس پٹھان میں نظر آئیں گے، جس میں وہ شاہ رخ خان کے ساتھ ہوں گے۔
 جب سلمان چوتھے سیزن میں شو کافی ود کرن میں آئے تھے تو انہوں نے کرن کو اپنی فلم میں کاسٹ نہ کرنے پر طعنہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا’’آپ کا ٹیلنٹ دیکھ کر میں نے فلم’کچھ کچھ ہوتا ہے‘میں کام کیا۔ سیف علی خان اور چندرچوڑ سنگھ اس فلم کی پیشکش کوپہلے ہی ٹھکرا چکے تھے لیکن میں نے آپ کے لیے اس فلم میں کام کیا۔ لیکن اس کے بعد آپ نے مجھے اپنی کسی اور فلم میں کاسٹ نہیں کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK