Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی ایم ایف کی میٹنگ میں پاکستان کی فنڈنگ روکنے کیلئے ہندوستان پرعزم

Updated: May 10, 2025, 1:02 PM IST | Agency | New Delhi/Washington

کشیدگی کے درمیان میٹنگ میں رقم دہشت گردوں کو منتقل ہونے کا حوالہ دیکر نئی دہلی عالمی ادارہ کو اسلام آباد کی مدد سے روکنے کی پوری کوشش کرے گا۔

Parameswaran Iyer will present India`s position at the IMF. Photo: INN
پرمیشورن ایّر آئی ایم ایف میں ہندوستان کا موقف پیش کریں گے۔ تصویر: آئی این این

 ہندوستان عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) سے پاکستان کوملنےوالی ۱ء۳؍ بلین ڈالر کے قرض کوروکنے کیلئے میٹنگ میں  دہشت گردی کا معاملہ پوری شدت سے اٹھائےگااوراس بات کی کوشش کریگا کہ آئی ایم ایف پاکستان کیلئے رقم جاری نہ کرے۔ واضح رہے کہ موسمیاتی اور پائیداری لچک پروگرام (آر ایس ایف) کے تحت عملے کی سطح پر ۱ء۳؍بلین ڈالر کاقرض دینے پر غور کرنے کے لیے، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا اجلاس جمعہ کو(ہندوستانی وقت کے مطابق جمعہ او رسنیچر کی درمیانی شب) ہونے والا ہے۔ ہندوستان اس میٹنگ میں آئی ایم ایف سے پاکستان کو دیئے جانے والے قرضوں کا جائزہ لینے کا مطالبہ کرے گا۔ 
  ہندوستان کے خارجہ سیکریٹری وکرم مصری نے کہا کہ ’’جمعہ کو آئی ایم ایف بورڈ کے اجلاس میں ہندوستان کا موقف پوری شدت سے رکھا جائے گا۔ ‘‘وکرم مصری نے کہا کہ ’’ ہمارے پاس آئی ایم ایف میں ایک ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہے۔ کل آئی ایم ایف کے بورڈ کی میٹنگ ہے، اور مجھے یقین ہے کہ ہمارے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہندوستان کا موقف پیش کریں گے۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ ’’بورڈ کا فیصلہ ایک الگ معاملہ ہے۔ آپ جانتے ہیں کہ وہ کس عمل کے ذریعے کیے جاتے ہیں۔ لیکن میں سمجھتا ہوں کہ آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پروگراموں کے حوالے سے بہت سے کیس گزشتہ ۳؍ دہائیوں کے دوران منظور کئے گئے ہیں۔ ان میں سے کتنے پروگرام واقعی کامیاب نتیجے پر پہنچے ہیں، شاید بہت کم۔ ‘‘ خارجہ سیکرٹری نے کہاکہ’’لہٰذا، میں سمجھتا ہوں کہ بورڈ کے اراکین کو گہرائی سے جائزہ لے کر اور حقائق کو دیکھ کر ہی کوئی فیصلہ کرنا چاہیے۔ ‘‘ ہندوستان اس بات کی پوری کوشش کررہاہے کہ مالی محاذ پر دنیا بھر میں  پاکستان کو الگ تھلگ کر کے رکھ دیا جائے تاکہ دہشت گردوں  کی فنڈنگ پر قدغن لگے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK