Updated: June 28, 2025, 3:55 PM IST
| Mumbai
جاوید اختر نے دلجیت دوسانجھ کی فلم ’’سردار جی ۳‘‘ کے تعلق سے جاری تنازع پر کہا کہ ’’اس میں پاکستانی عوام کا پیسہ نہیں ڈوبے گا، ہندوستان کا پیسہ ڈوبے گا۔‘‘ یاد رہے کہ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو کاسٹ کرنے پر دلجیت دوسانجھ کی فلم کو تنازع کا شکار بنایا جارہا ہے۔
جاوید اختر۔ تصویر: آئی این این
ہانیہ عامر کو دلجیت دوسانجھ کی اگلی فلم ’’سردار جی ۳‘‘ میں کاسٹ کرنے کے تنازع کے تعلق سے مشہور اسکرین رائٹر اور نغمہ نگار جاوید اختر نے کہا کہ ’’پاکستان میں فلم کی پابندی کے مطالبے کا کوئی اثر نہیں ہوگا لیکن ہندوستانی فلم کا تعاون کر کے پیسہ گنوا دیں گے۔‘‘ این ڈی ٹی وی کریٹرز منچ میں جاوید اختر سے دلجیت دوسانجھ کے اپنی فلم ’’سردار جی ۳‘‘ میں ہانیہ عامر کو کاسٹ کرنے کے تعلق سے سوال کیا گیا جس کے جواب میں مشہور اسکرین رائٹر نے کہا ’’ وہ اس تعلق سے آگاہ نہیں ہے کہ فلم کی شوٹنگ کی گئی ہے۔ کسی نے یہ کہا تھا کہ فلمسازوں نے یہ کہا ہے کہ اس فلم کی شوٹنگ پہلگام دہشت گردانہ حملے سے پہلے کی گئی تھی۔ اب کیا کرے بیچارا۔ پہلے ہی فلم کی شوٹنگ کی جاچکی ہے۔ اسے پتہ تو نہیں تھا کہ ایسا ہوگا۔ اس میں پاکستانی آدمی کا پیسہ نہیں ڈوبے گا، ہندوستانی پیسہ ڈوبے گا۔ تو پھر کیا فائدہ۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: مشہور اداکارہ شیفالی زری والا کا ۴۲؍ سال کی عمر میں انتقال
جاوید اختر نے مزید کہا کہ ’’اس کو پہلے پتہ ہوتا یہ ہونے والا ہے تو وہ تھوڑی نہ لیا پاکستانی اداکارہ کو۔ مجھے لگتا ہے کہ حکومت اور سینسر بورڈ کو تھوڑی ہمدردی کرتے ہوئے ان حالات کو دیکھنا چاہئے۔ یہ دوبارہ مت کیجئے لیکن چونکہ آپ نے فلم پہلے بنائی تھی اسی لئے اسے ریلیز کیا جانا چاہئے۔ یہ دوبارہ نہیں ہونا چاہئے۔‘‘ یاد رہے کہ دلجیت دوسانجھ پر جاری تنقید کے دوران جاوید اختر کا یہ بیان سامنے آیا ہے۔ دی فیڈریشن آف انڈیا سائن ورکرز امپلوائیز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے ہندوستانی فلموں سے دلجیت دوسانجھ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا۔ فلم باڈی نے ’’بارڈر ۲‘‘ اور امتیاز علی کو بھی خط لکھ کر اپنی فلموں سے دلجیت دوسانجھ کو نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس درمیان دلجیت دوسانجھ کی اگلی فلم ’’سردار جی ۳‘‘ بیرون ممالک میں ریلیز ہوگی جبکہ ہندوستان میں اس کی ریلیز روکی جارہی ہے۔