دنیا کے سب سے بڑے یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے ریاض میں اپنا پہلا عارضی تفریحی پارک ’’بیسٹ لینڈ‘‘ کھول دیا ہے، جو ۱۳؍ نومبر سے ۲۷؍ دسمبر ۲۰۲۵ء تک کھلا رہے گا۔ یہ مقام ریاض سیزن کا حصہ ہے، جس کا مقصد سعودی عرب کو عالمی تفریحی مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔
EPAPER
Updated: November 15, 2025, 4:28 PM IST
دنیا کے سب سے بڑے یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے ریاض میں اپنا پہلا عارضی تفریحی پارک ’’بیسٹ لینڈ‘‘ کھول دیا ہے، جو ۱۳؍ نومبر سے ۲۷؍ دسمبر ۲۰۲۵ء تک کھلا رہے گا۔ یہ مقام ریاض سیزن کا حصہ ہے، جس کا مقصد سعودی عرب کو عالمی تفریحی مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔
دنیا بھر میں ۴۵۰؍ ملین سے زائد سبسکرائبرز والے یوٹیوبر مسٹر بیسٹMrBeast جن کا اصل نام جمی ڈونالڈسن ہے نے جمعرات کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اپنا عارضی تفریحی پارک ’’بیسٹ لینڈ‘‘ کھولا۔یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب تیزی سے خود کو عالمی تفریحی مرکز کے طور پر پیش کر رہا ہے اور مشہور بین الاقوامی شخصیات کو اپنی جانب راغب کر رہا ہے۔ بیسٹ لینڈ ۱۳؍ نومبر سے ۲۷؍ دسمبر ۲۰۲۵ء تک کھلا رہے گا اور اس میں ایسے رکاوٹی کورسیز اور چیلنجز شامل ہیں جو مسٹر بیسٹ کے یوٹیوب ویڈیوز سے ملتے جلتے ہیں۔ یہاں مقابلہ کرنے والے بڑے انعامات کیلئے کوشش کرتے ہیں۔ یہ منفرد پارک ریاض سیزن کا حصہ ہے، جو سعودی عرب کی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے منعقد ہونے والا سالانہ ایونٹ ہے۔
مسٹر بیسٹ نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے زیادہ تر ناظرین شمالی امریکہ سے باہر ہیں اور مشرقِ وسطیٰ میں ان کی ویڈیوز دیکھنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم اکثر مغرب میں چیزیں کرتے ہیں، مگر میں چاہتا تھا کہ یہاں رہنے والے اپنے مداحوں کیلئے بھی تفریح فراہم کروں۔‘‘ پارک کے انٹری گیٹ کی شکل ایک بڑے نیلے شیر کے سر کی طرح ہے، جس کی آنکھوں پر بجلی کے نشانات بنے ہیں۔ یہ مسٹر بیسٹ کے مشہور لوگو سے متاثر ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کئے گئے ویڈیو میں کہا کہ ’’یہ سب سے کریزی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ آپ سب اسے خود آکر دیکھیں!‘‘
یہ بھی پڑھئے: پرینکا چوپڑا نےکہا :اب تک کے سب سے بڑے انکشاف کے لیے تیار ہو جائیں
واضح رہے کہ ۲۷؍ سالہ مسٹر بیسٹ نے چند برسوں میں ایک بڑی ڈجیٹل سلطنت کھڑی کی ہے، جس میں خطیر انعامات والے چیلنجز اور اعلیٰ معیار کی ویڈیوز شامل ہیں۔ سعودی عرب میں ۷۵؍ فیصد سے زائد آبادی ۳۵؍ سال سے کم عمر ہے، جس کی وجہ سے ملک مسٹر بیسٹ جیسے نوجوانوں میں مقبول کریئٹرز کیلئے ایک بہترین مقام بن چکا ہے۔ پی ڈبلیو سی کے مطابق، مملکت میں اسمارٹ فون استعمال ۹۸؍ فیصد سے زیادہ جبکہ انٹرنیٹ رسائی بھی تقریباً ۹۸؍ فیصد تک ہے۔ ۲۰۲۳ء میں ٹائم میگزین نے مسٹر بیسٹ کو دنیا کے بااثر ترین افراد میں شامل کیا تھا۔