سعودی عرب نے ایک ہفتے میں ۱۲۳۶۵؍ غیر قانونی مقیم افراد کو ملک بدر کر دیا، یہ کارروائی۴؍ سے ۱۰؍ دسمبر کے درمیان سیکیورٹی فورسیز اور دیگر متعلقہ حکومتی اداروں کے باہمی تعاون سے کی گئی۔
EPAPER
Updated: December 14, 2025, 9:06 PM IST | Riyadh
سعودی عرب نے ایک ہفتے میں ۱۲۳۶۵؍ غیر قانونی مقیم افراد کو ملک بدر کر دیا، یہ کارروائی۴؍ سے ۱۰؍ دسمبر کے درمیان سیکیورٹی فورسیز اور دیگر متعلقہ حکومتی اداروں کے باہمی تعاون سے کی گئی۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے سنیچر کو اعلان کیا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران ملک میں ۱۹۵۷۶؍غیر قانونی افراد کو حراست میں لیا گیا۔ یہ کارروائی۴؍ سے۱۰؍ دسمبر کے درمیان سیکیورٹی فورسیزاور دیگر متعلقہ حکومتی اداروں کے باہمی تعاون سے کی گئی مشترکہ معائنہ مہم کا حصہ تھی۔حراست میں لیے گئے افراد میں ۱۲۵۰۶؍افراد رہائشی قوانین، ۴۱۵۴؍افراد بارڈر سیکیورٹی قوانین اور ۲۹۱۶؍افراد لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے۔
یہ بھی پڑھئے: کینیا: ماحولیاتی کارکن کا مسلسل ۷۲؍ گھنٹوں تک درخت کو گلے لگانے کا عالمی ریکارڈ
دریں اثناء اس عرصے کے دوران کل ۱۲۳۶۵؍ مجرموں کو ملک بدر کر دیا گیا، جبکہ ۲۱۸۰۳؍مجرموں کو سفری دستاویزات حاصل کرنے کے لیے ان کے سفارتی مشن کے حوالے کیا گیا اور ۵۲۰۲؍مجرموں کو اپنے سفر کے حتمی انتظامات مکمل کرنے کے لیے بھیجا گیا۔ سرحد عبور کرنے کی کوشش کرنے والے ، سرحد عبور کرکے مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے کل۱۴۱۸؍ افراد میں سے۴۱؍ فیصد یمنی شہری،۵۷؍ فیصد ایتھوپیا کے شہری اور دو فیصد دیگر ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ جبکہ ملک سے غیر قانونی طور پر نکلنے کی کوشش کرتے ہوئے ۲۴؍ افراد کو گرفتار کیا گیا۔اس کے علاوہ خلاف ورزی کرنے والوں کو نقل و حمل، رہائش اور روزگار فراہم کرنے میں ملوث۱۶؍ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔بعد ازاں کل۳۰۴۲۷؍ غیر ملکی شہری، جن میں۲۸۷۱۸؍ مرد اور۱۷۰۹؍ خواتین شامل ہیں، فی الحال قانونی اقدامات نافذ کرنے کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: آسٹریلوی صحافی اور فلسطینی حقوق کے کارکن رابرٹ مارٹن کا قبول اسلام
تاہم وزارت داخلہ نے انتباہ جاری کیا ہے کہ جو کوئی بھی کسی فرد کے سعودی عرب میں غیر قانونی داخلے میں معاونت کرتا ہے،اسے اپنے علاقے میں نقل و حمل فراہم کرتا ہے، اسے پناہ یا کوئی دیگر مدد یا خدمات فراہم کرتا ہے، اسے۱۵؍ سال قید اور۱۰؍ لاکھ سعودی ریال تک کے جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ نیز نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں یا پناہ دینے کے لیے استعمال ہونے والے مکانات کو ضبط کر لیا جائے گا۔ساتھ ہی وزارت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی اطلاعات۹۱۱؍ (مکہ، ریاض اور مشرقی صوبہ کے علاقوں میں) اور۹۹۹؍ یا۹۹۶؍ (باقی علاقوں میں) نمبرز پر شکایت کریں۔