Updated: September 27, 2025, 6:30 PM IST
| Mumbai
معروف فلمساز مہیش بھٹ نے حالیہ انٹرویو میں اپنے بھانجے موہت سوری اور ان کی فلم ’’سیارہ‘‘ کی زبردست کامیابی پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خاندان میں اس سے بڑی ہٹ فلم کبھی نہیں بنی۔ مہیش بھٹ نے فلم کو موجودہ نسل کی سب سے اہم رومانوی کہانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’سیارہ‘‘ نے رومانس کو نئی جہت دی ہے اور یہ ’’عاشقی‘‘ جیسی لازوال فلم کی یاد تازہ کرتی ہے۔
مہیش بھٹ اپنے بھانچے موہت سوری کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این
معروف فلمساز اور ہدایتکار مہیش بھٹ نے بھانجے موہت سوری اور ان کی فلم ’’سیارہ‘‘ کی تاریخی کامیابی کو خاندان کی سب سے بڑی ہٹ قرار دیا۔ موہت سوری کی ہدایتکاری میں بنی فلم ’’سیارہ‘‘ کی زبردست کامیابی کے بعد مہیش بھٹ نے کہا کہ ’’وہ میری بہن (حنا) کا بیٹا ہے، اور اس نے از خود اپنی شناخت بنائی ہے۔ لیکن میں اسے ہمیشہ احساس دلاتا رہتا ہوں کہ ہم کچھ ہٹ فلمیں بنائیں گے اور کچھ فلاپ مگر وہاں تک کبھی نہیں پہنچ سکیں گے جہاں پہنچنا چاہتے ہیں۔ ‘‘ واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب مہیش نے موہت کی تعریف کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ایمی ایوارڈز کی نامزدگی کیلئے دلجیت دوسانجھ نے امتیاز علی کو کریڈٹ دیا
اس سے پہلے، مہیش نے ’’سیارہ‘‘ اور ’’عاشقی‘‘ کا موازنہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ہر نسل کی ایک محبت کی کہانی ہوتی ہے جو اس کی وضاحت کرتی ہے۔ ’’سیارہ‘‘ اس نسل کی سب سے رومانوی فلم ہے۔ جب میں نے عاشقی بنائی تو میں نے اس دور کی محبت دکھائی تھی۔ ‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ دیکھنا حیرت انگیز ہے کہ لوگ ’’سیارہ‘‘ دیکھ کر ’’عاشقی‘‘ کو یاد کرنے لگے ۔‘‘ مہیش بھٹ کو لگتا ہے کہ موہت سوری آج کے دور کے مہیش بھٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے فخر ہے کہ موہت نے ’’سیارہ‘‘ کے ذریعے اپنےآپ کو منوایا۔ اس نے اپنے پورے کریئر میں جو کچھ بھی بنایا ہے اس میں یہ سب سے اچھا ہے۔‘‘ مہیش بھٹ نے یہ بھی کہا کہ ’’مجھے یہ جان کر خوشی ہے کہ میرے خاندان میں آج تک کسی نے اتنی سپر ہٹ فلم نہیں بنائی جتنی موہت نے بنائی ہے۔‘‘ واضح رہے کہ مہیش بھٹ نے سدھارتھ کنن سے بات چیت میں ان خیالات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’سمبا کی دہاڑ نے مفاسا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہمارے خاندان میں کسی نے بھی اتنی بڑی کامیابی نہیں دیکھی ہے۔‘‘