Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والی کئی بڑی شخصیات نے وزیر اعلیٰ وجے کو مبارکباد دی

Updated: May 10, 2026, 5:07 PM IST | Chennai

تمل سنیما کے سپر اسٹار تھلاپتی وجے نے چنئی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں تمل ناڈو کے نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا۔ ان کے وزیر اعلیٰ بنتے ہی سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

Vijay Thalapathy.Photo:PTI
وجے تھلاپتی۔ تصویر:پی ٹی آئی

تمل سنیما کے سپر اسٹار تھلاپتی وجے نے چنئی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں تمل ناڈو کے نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا۔ ان کے وزیر اعلیٰ بنتے ہی سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والی کئی بڑی شخصیات نے وجے کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی قیادت میں تمل ناڈو کے روشن مستقبل کی دعا کی۔ کسی نے انہیں ’’ونڈر مین‘‘ کہا تو کسی نے ان کے اس نئے سفر کو نئی صدی کا آغاز قرار دیا۔
 اداکار اور سیاستدان کمل ہاسن نے ایکس پر لکھا’’ ٹی وی کے صدر اور تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ میرے بھائی وجے کی قیادت میں ریاست مسلسل چمکے اور نئی بلندیوں کو حاصل کرے۔‘‘ اداکار پربھاکر راج نے بھی وجے کو وزیر اعلیٰ بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا’’ وزیر اعلیٰ وجے کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ آپ کو نئی ذمہ داری میں کامیابی حاصل ہو۔ آپ کی حکومت میں تمل ناڈو مزید خوشحال اور مضبوط ہوگا۔‘‘
پربھاکر راج کی یہ پوسٹ اب زیرِ بحث ہے۔ دراصل، وہ انتخابات کے دوران وجے کی حمایت میں کھل کر سامنے آئے تھے۔ جب وجے کو حکومت بنانے کا موقع نہیں دیا جا رہا تھا تو بھی انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کے فیصلے کا احترام ہونا چاہیے۔ اب وجے کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد ان کے حامی ان کے اس بیان کو بھی یاد کر رہے ہیں۔
اداکارہ پوجا ہیگڑے نے بھی وجے کو ایک خاص انداز میں مبارکباد دی۔ انہوں نے حلف برداری کی ایک تصویر شیئر کی جس میں وجے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیتے نظر آ رہے ہیں۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھاکہ ’’ وزیر اعلیٰ وجے سر، آپ کو نئے سفر کے لیے مبارکباد۔‘‘ مشہور ہدایتکار اے آر مروگداس نے ایکس پر وجے کے سیاسی سفر کو ’’نئی صدی کا آغاز‘‘ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھئے:’دِریشیم ۳‘ کا زبردست ٹریلر جاری، خطرناک معمہ میں الجھے جارج کُٹّی


 آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ اور اداکار پون کلیان نے بھی وجے کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’’ تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے پر وجے کو دل سے مبارکباد۔ ساتھ ہی تمام وزراء کو بھی مبارکباد۔ میری خواہش ہے کہ نئی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے، شفاف حکمرانی دے اور تمل ناڈو کو ترقی و خوشحالی کی نئی راہ پر لے جائے۔‘‘مشہور کوریوگرافر اور اداکار پربھو دیوا نے وجے کو ’’ونڈر مین‘‘ کہتے ہوئے مبارکباد دی جبکہ اداکار وشنو منچو نے لکھا’’کیا شاندار سفر تھا، کیا سیاسی ڈرامہ تھا اور کیا تاریخی انجام ہوا۔ وجے کو تمل ناڈو کا وزیر اعلیٰ بننے پر مبارکباد۔ سلور اسکرین سے لے کر ہندوستان کی سب سے طاقتور ریاستوں میں سے ایک کی قیادت تک یہ ایک عظیم کامیابی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ ایک بڑا موقع ہے کہ آپ لاکھوں لوگوں کے اعتماد پر پورا اتریں۔ تاریخ آپ کو دیکھ رہی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:فرح خان نے کُک دلیپ کو اپنے لئے’’خوش بختی‘‘ کی علامت قرار دیا


مشہور موسیقار سنتوش نارائنن نے لکھا’’ وزیر اعلیٰ وجے کو مبارکباد۔ یہ تمل ناڈو کے لیے نئی سوچ اور نئی شروعات کا موقع ہے۔ پہلی بار عوام بڑی تعداد میں سیاست میں فعال کردار ادا کرنے پر پرجوش ہیں۔ یہ ایک تاریخی تبدیلی ہے۔‘‘ ٹی ایم سی کے رکن اور اداکار شتروگھن سنہا نے بھی وجے کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’’تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے پر وجے کو دل سے مبارکباد۔ آپ اس کے حقیقی حقدار ہیں۔ آپ اور آپ کی ٹیم کے لیے کامیاب دور کی دعا کرتا ہوں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK