Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی کیخلاف بنگلور کو محتاط رہنے کی ضرورت

Updated: May 10, 2026, 6:06 PM IST | Raipur

گزشتہ ۲؍ میچوں میں شکست کے بعد واپسی کیلئے بے قرار رائل چیلنجرز بنگلور کو اگر اپنی مہم دوبارہ پٹری پر لانی ہے تو ممبئی انڈینس کے خلاف اتوار کو یہاں ہونے والے آئی پی ایل کے میچ میں اس کے بلے بازوں کو شاندار کارکردگی دکھانی ہوگی۔

Royal Challengers Bangalore will have to unite and take on Mumbai Indians. Photo: PTI
رائل چیلنجرز بنگلورو کو متحد ہوکر ممبئی انڈینس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔تصویر: پی ٹی آئی

گزشتہ ۲؍ میچوں میں شکست کے بعد واپسی کیلئے بے قرار رائل چیلنجرز بنگلور کو اگر اپنی مہم دوبارہ پٹری پر لانی ہے تو ممبئی انڈینس کے خلاف اتوار کو یہاں ہونے والے  آئی پی ایل کے میچ میں اس کے بلے بازوں کو شاندار کارکردگی دکھانی ہوگی۔بنگلور نے اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا تھا اور اپنے پہلے ۴؍ میچ جیتے تھے۔ تب اس کیلئے پلے آف میں رسائی محض ایک رسمی کارروائی لگ رہی تھی۔لیکن اب صورتحال بدل گئی ہے۔ دفاعی چمپئن ٹیم اپنے گزشتہ ۵؍ میچوں میں سے ۳؍ ہار گئی ہے، جس سے ٹیم کچھ پریشان ہوگئی ہے۔ آر سی بی  ۱۰؍ میچوں میں ۱۲؍ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں تیسرے نمبر پر ہے اور وہ پلے آف میں پہنچنے کی مضبوط امیدوار ہے۔

یہ بھی پڑھئے : ٹی ۲۰؍ ممبئی لیگ اور پہلی ویمنز لیگ کا میلہ یکم جون سے سجے گا

اب جبکہ ٹورنامنٹ اپنے فیصلہ کن مرحلے میں پہنچ چکا ہےبنگلور کا پٹری سے اترنا اس کیلئے  تشویش کا باعث ہوگا۔بنگلور کے بلے بازوں کو اپنی گزشتہ ناکامیوں کو بھول کر نئے سرے سے آغاز کرنا ہوگا۔ گجرات کے خلاف احمد آباد میں ٹیم صرف ۱۵۵؍رن ہی بنا سکی تھی جبکہ لکھنؤ  کیخلاف اسے ۹؍ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بنگلور کو لکھنؤ کے خلاف جیت کیلئے آخری اوور میں ۱۹؍رن درکار تھے لیکن وہ ہدف کے قریب بھی نہیں پہنچ سکی تھی۔آر سی بی کے بلے بازوں کو اب ممبئی انڈینس کے مضبوط گیندبازی اٹیک کا سامنا کرنا ہوگا جن میں جسپریت بمراہ، کوربن بوش، اے ایم غضنفر اور ول جیکس شامل ہیں۔رائے پور رائل چیلنجرز بنگلور کا ہوم گراؤنڈ ہے لیکن اسے یہاں کی پچ کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہیں۔بنگلورکے بلے بازوں میں جیکب بیتھل کو بڑا اسکور بنانا ہوگا کیونکہ اب تک وہ ۴؍ اننگز میں صرف ۱۴، ۲۰، ۵؍ اور ۴؍ رن ہی بنا پائے ہیں۔ ایسی صورت میں ان کے اوپننگ پارٹنر وراٹ کوہلی کو اضافی ذمہ داری اٹھانی پڑ رہی ہے۔وکٹ کیپر بلے باز جتیش شرما کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی ہے۔ اس سیزن میں ان کا سب سے زیادہ اسکور ۲۳؍ ہے۔

یہ بھی پڑھئے : ٹیسٹ رینکنگ میں ہندوستان تیسرے مقام پر پہنچا، ٹی۲۰؍ میں بادشاہت برقرار

جہاں تک ممبئی انڈینس کا تعلق ہے تو لکھنؤ کے خلاف گزشتہ میچ میں اس نے ۲۲۸؍رنوں کا ہدف آسانی سے حاصل کر لیا تھا۔ روہت شرما نے انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد واپسی کرتے ہوئے ۴۴؍ گیندوں پر ۸۴؍ رنوں کی طوفانی اننگز کھیلی۔روہت اور ان کے اوپننگ پارٹنر ریان ریکلٹن کے سامنے بھونیشور کمار اور جوش ہیزل ووڈ کی جوڑی کا ڈٹ کر سامنا کرنے کا چیلنج ہوگا۔ممبئی کے کپتان ہاردک پانڈیا کمر درد کی وجہ سے لکھنؤ کے خلاف میچ نہیں کھیل پائے تھے اور سوریہ کمار یادو نے کپتانی کی تھی۔ ہاردک ٹیم کے ساتھ دوبارہ جڑ گئے ہیں لیکن ان کی فٹنس کا صحیح اندازہ لگانے کے بعد ہی انہیں آخری ۱۱؍ میں شامل کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK