نائٹ رائیڈرزنے دہلی کیپیٹلز کو۸؍وکٹوں سے شکست دی،کپتان اجنکیا رہانے گیندبازوں اور ایلن کی بلے بازی سے خوش۔
EPAPER
Updated: May 10, 2026, 6:08 PM IST | New Delhi
نائٹ رائیڈرزنے دہلی کیپیٹلز کو۸؍وکٹوں سے شکست دی،کپتان اجنکیا رہانے گیندبازوں اور ایلن کی بلے بازی سے خوش۔
کپتان اجنکیا رہانے نے دہلی کیپیٹلز کے خلاف ملی جیت کا سہرا کولکاتا نائٹ رائیڈرزکے گیند بازوں کے سر باندھا۔ میچ کے بعدانہوں نے کہا’’میں ایک بار پھر اپنے گیند بازوں کی تعریف کرنا چاہتا ہوں۔ ہم نے ان کی وجہ سے اس مقابلے میں اچھا مظاہرہ کیا۔ ہمارے بولرز مسلسل بہت اچھا کر رہے ہیں، خاص طور پر بیچ کے اوورز اور ڈیتھ اوورز میں۔ ہمارے اسپنرز، سنیل نرائن، ورون اور انوکول رائے شاندار فارم میں ہیں۔ فیلڈنگ کے معاملے میں بھی ہم بہت سخت محنت کر رہے ہیں۔ ہمارے فیلڈنگ کوچ ہمارے ساتھ بہت سخت رہے ہیں اور اسی سے ہمیں مدد مل رہی ہے۔ کیچ اور گراؤنڈ فیلڈنگ کا جو نتیجہ آپ دیکھ رہے ہیں، اس کا کریڈٹ ہمارے فیلڈنگ کوچ کو بھی جاتا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے : ممبئی کیخلاف بنگلور کو محتاط رہنے کی ضرورت
اجنکیا رہانے نے اس مقابلے میں ۴۷؍ گیندوں میں ۱۰۰؍ رنوں کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلنے والے فن ایلن کی بھی ستائش کی۔ انہوں نے کہا’’سب سے پہلے، میں بس اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ میں فن ایلن کیلئے بہت خوش ہوں۔ وہ پہلے ۴؍ یا ۵؍ میچوں میں جدوجہد کر رہے تھے۔ وہ بہت محنت کر رہے تھے لیکن اس مقابلے میں انہوں نے جس طرح سے بلے بازی کی اسے دیکھنا شاندار تھا۔‘‘
واضح رہے کہ دہلی کیپیٹلز سے ملے ۱۴۳؍رنوں کے ہدف کو کے کے آر نے محض ۲؍وکٹیں کھو کر۱۴ء۲؍اوور میں حاصل کر لیا۔ ایلن نے اپنی سنچری اننگز میں ۵؍ چوکے اور ۱۰؍ چھکے لگائے۔ وہیں، کیمرون گرین ۳۳؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ گیند بازی میں کے کے آر کی جانب سے کارتک تیاگی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ۲۵؍ رن دے کر ۲؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ انوکول رائے نے ۳۱؍ رن دے کر۲؍ وکٹیں نکالیں۔
ایلن فن نے کولکاتا کیلئے سب سے تیز سنچری بنائی
۱۴۳؍رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو ایلن فن نے طوفانی شروعات دلائی۔ انہوں نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور دہلی کے گیند بازوں پر مسلسل دباؤ بنائے رکھا۔ ایلن نے صرف ۴۷؍ گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی اور اسی کے ساتھ وہ کے کے آر کیلئے آئی پی ایل تاریخ کی سب سے تیز سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے۔
یہ بھی پڑھئے : راجستھان رائلز بمقابلہ گجرات ٹائٹنز، نظریں پلے آف پر مرکوز
نیوزی لینڈ کے اس اسٹار بلے باز نے اپنی سنچری اننگز کے ۱۵؍ ویں اوور میں دوسری گیند پر مکیش کمار کو چھکا لگا کر مکمل کی۔ ان کی اس شاندار اننگز میں ۵؍چوکے اور ۱۰؍بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ ایلن نے آخر تک ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے ۱۰۰؍ رن بنائے اور ٹیم کو صرف ۱۴ء۲؍ اوورز میں جیت دلا دی۔اس سے پہلے کے کے آر کیلئے سب سے تیز سنچری بنانے کا ریکارڈ مشترکہ طور پر وینکٹیش ایر اور سنیل نرائن کے نام تھا۔ وینکٹیش ایر نے آئی پی ایل ۲۰۲۳ء میں ممبئی انڈینس کے خلاف ۴۹؍گیندوں میں سنچری بنائی تھی۔ وہیں سنیل نرائن نے ۲۰۲۴ءمیں راجستھان رائلز کے خلاف ۴۹؍گیندوں میں سنچری اسکور کی تھی۔ اب فن ایلن نے ان دونوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔