Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھائی یہ بہت کام کروا رہا ہے: آرین کی ہدایتکاری پر بوبی کی شاہ رخ سے شکایت

Updated: August 22, 2025, 10:27 PM IST | Mumbai

آرین خان کے کریئر کی پہلی ویب سیریز ’’بی او بی‘‘ میں بوبی دیول نے بھی اداکاری کی ہے۔بوبی دیول نے ممبئی میں منعقدہ سیریز کی پریویوکی تقریب میں کہا کہ ’’آرین خان نے ہم سے بہت زیادہ محنت کروائی ہے۔‘‘

Bobby Deol. Photo: INN
بوبی دیول۔ تصویر: آئی این این

نیٹ فلکس نے ممبئی میں منعقدہ تقریب میں آرین خان کی ویب سیریز ’’ بی او بی‘‘ کا پریویو ریلیز کیا تھا جس کے ذریعے انہوں نے بطور ہدایتکار اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔ اس شو میں لکشیا، سحر بمبا اور بوبی دیول نے کلیدی کردار نبھایا ہے۔ تقریب میں بوبی دیول نے بھی شرکت کی تھی۔ تقریب میں بوبی دیول نے بتایا تھاکہ کس طرح آرین خان نےویب سیریز کیلئے محنت سے کام کیا تھا۔ 

شاہ رخ خان نے سیٹ پر بوبی دیول کا استقبال کیا تھا اور کہا تھا کہ ’’ہم گزشتہ ۳۰؍ برسوں سے ایک ساتھ کام کر رہے ہیں ۔میں نے سوچا نہیں تھا کہ ایک دن ہم اپنے بچوں کے ساتھ بھی کام کریں گے۔ میں اپنے بیٹے کے ساتھ یہ شو بنانے کیلئے بوبی دیول کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘بوبی دیول نے مزید کہا تھا کہ ’’یہ میرےلئے خاص دن تھا کیونکہ ہمارے بچےبھی اسی انڈسٹری میں اپنے کریئر کی شروعات کر رہے ہیں اور اب آرین خان نے پہلا قدم اٹھایا ہے۔ مجھے یاد ہے جب میں نے اسے بچپن میں دیکھا تھا اور کس طرح وہ ایک ہمدرد انسان کے طور پر بڑا ہوا ہے۔ وہ ہمیشہ دنیا کو فتح کرنے کیلئے تیار تھا اور آج وہ دن ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’’میں اس پروجیکٹ کا حصہ بننے پر اپنے آپ کو بہت زیادہ خوش قسمت محسوس کر رہا ہوں۔ وہ الگ بات ہے کہ بہت نچوڑا ہمیں۔  آرین خان مجھ سے کہتا تھا ’’ایک اور مرتبہــ۔‘‘ اور میں کہتا تھا ’’کیوں نہیں بیٹا کرتے ہیں۔ میں نے سوچا تھا کہ وہ ہم سے آسانی سے کام کروائے گا لیکن اس نے ہم سے بہت زیادہ محنت کروائی ہے۔‘‘بوبی دیول نے یہ بھی بتایا تھا کہ کس طرح آرین خان نے انہیں ساتھ گھنٹوں تک اسکرپٹ سنائی تھی حالانکہ وہ شو کا حصہ بننےپر راضی ہوگئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK