Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ:فیڈرل ریزروستمبر میں شرحوں میں کمی کا اشارہ دیا

Updated: August 22, 2025, 10:00 PM IST | Washington

فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کے جیروم پاویل نے لیبر مارکیٹ اور افراط زر پر تشویش کا اظہار کیا۔پاویل کے اس بیان سے پہلے سرمایہ کار پر امید تھے کہ۱۶۔۱۷؍ ستمبر کو فیڈرل اوپن مارکیٹ کمیٹی کے اجلاس میں شرح سود میں کمی کی جا سکتی ہے۔

Jerome Powell.Photo:INN
جیروم پاویل۔ تصویر: آئی این این

امریکی فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاویل نے جمعہ کو جیکسن ہال میں منعقدہ فیڈرل ریزرو کی سالانہ کانفرنس میں ستمبر میں شرح سود میں کمی کے امکان کا اشارہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ لیبر مارکیٹ میں بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر پالیسی میں تبدیلی کی ضرورت ہو سکتی ہے، البتہ افراط زر پر بھی نظر رکھنا ہو گی۔ 
جیروم پاویل نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’بے روزگاری کی شرح اور لیبر مارکیٹ کے دیگر اعداد و شمار مستحکم ہیں، جو ہمیں پالیسی کی تبدیلیوں پر غور کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ لیکن موجودہ پالیسی سخت ہے  اور خطرات کا توازن بدل رہا ہے، جس کے لیے پالیسی میں تبدیلی کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھیئے:کھلونا سیکٹر کو ۱۳؍ہزار کروڑ کی مراعاتی اسکیم مل سکتی ہے

پاویل کے اس بیان سے پہلے سرمایہ کار پر امید تھے کہ۱۶۔۱۷؍ ستمبر کو فیڈرل اوپن مارکیٹ کمیٹی کے اجلاس میں شرح سود میں کمی کی جا سکتی ہے۔ فیڈرل فنڈز فیوچرس کے معاہدوں کے مطابق سرمایہ کاروں نے ستمبر میں شرح میں کمی کے امکان کا تخمینہ۷۵؍ فیصد لگایا تھا لیکن پاویل کا بیان ان توقعات پر پوری طرح پورا نہیں اترا۔ انہوں نے لیبر مارکیٹ کو ایک ’عجیب توازن‘ کے طور پر بیان کیا، جہاں مزدوروں کی طلب اور رسد دونوں میں کمی آئی ہے۔ جولائی کے روزگار کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے، پاویل نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں ملازمتوں میں اضافہ پہلے کے مقابلے میں بہت کمزور رہا ہے۔
پاویل نے خبردار کیا کہ لیبر مارکیٹ میں خطرات بڑھ رہے ہیں اور اگر یہ خطرات حقیقت میں بدل جاتے ہیں  تو برطرفی میں اضافہ ہو سکتا ہے اور بے روزگاری میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ٹیرف پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کا خطرہ اب بھی برقرار ہے۔ پاویل نے کہا کہ ٹیرف کا اثر اب صارفین کی قیمتوں پر واضح طور پر نظر آرہا ہے لیکن یہ اثر زیادہ دیر تک نہیں رہے گا۔ اس کے باوجود انہوں نے خبردار کیا کہ ٹیرف مہنگائی پر طویل مدتی دباؤ پیدا کر سکتے ہیں، جسے پالیسیاں بناتے وقت ذہن میں رکھنا ہو گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK