ابراہیم قادری، جو شاہ رخ خان کے ہم شکل کے طور پر مشہور ہیں، نےحال ہی میں ’’ووگ انڈیا میگزین‘‘کے سرورق پر جگہ بنائی۔
EPAPER
Updated: September 08, 2025, 6:00 PM IST | Mumbai
ابراہیم قادری، جو شاہ رخ خان کے ہم شکل کے طور پر مشہور ہیں، نےحال ہی میں ’’ووگ انڈیا میگزین‘‘کے سرورق پر جگہ بنائی۔
ابراہیم قادری، جو شاہ رخ خان کے ہم شکل کے طور پر مشہور ہیں، نےحال ہی میں ’’ووگ انڈیا میگزین‘‘کے سرورق پر جگہ بنائی۔ یہ اعزاز انہیں شاہ رخ خان کی کرشماتی شخصیت سے مشابہت اختیار کرنے کی کئی برسوں کی جدوجہد میں کامیابی کے بعد حاصل ہوا۔ ابراہیم قادری گجرات کے جوناگڑھ کے رہنےوالے ہیں جو روزی روٹی کیلئے ہورڈنگ کی پینٹنگ کرتے تھے۔ بچپن سے ہی ان کے اہل خانہ اور دوست احباب اکثر کہا کرتے تھے کہ ان کی شکل شاہ رخ خان سےکافی مشابہت رکھتی ہے مگر ابراہیم قادری کے مطابق وہ اسے نظرانداز کرتے رہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بعد میں یہی شباہت ان کی غربت دور کرنے کا ذریعہ بن گئی۔ وہ بتاتے ہیں کہ جب وہ راج کوٹ میں ایک آئی پی ایل میچ دیکھنے گئے تولوگوں نے انہیں شاہ رخ خان سمجھ لیا، جس سے بھگدڑ جیسا ماحول بن گیا۔ وہ دن ان کی زندگی بدلنے والا ثابت ہوا۔ اُس وقت ابراہیم مالی مشکلات کا شکار تھے کیونکہ ڈیجیٹل ہورڈنگز نے پینٹ شدہ ہورڈنگز کو ختم کر دیا تھا جس کی وجہ سے انہیں کام ملنا بند ہوگیاتھا۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے للن ٹاپ کو بتایا کہ ’’میں بمشکل دن میں ۲؍ وقت کا کھانا کھا پاتا تھا۔ ‘‘
بہر حال ’’صرف شاہ رخ خان جیسا نظر آنے‘‘ سے لے کر’’ شاہ رخ خان جیسا بننے‘‘ تک کے ان کے سفر نے ان کی زندگی بدل ڈالی۔ آج ابراہیم دنیا بھر میں تقریبات میں مدعو کئے جاتے ہیں اور فی ایونٹ۵؍لاکھ روپے تک معاوضہ لیتے ہیں ۔ ابراہیم نے بتایاکہ’’شہرت سے پہلے میں مالی طور پر جدوجہد کر رہا تھا۔ مشکل سے گزارہ ہوتا تھا۔ کئی دن ایسے بھی آئے جب کام بالکل نہیں تھا مگراب سب کچھ بدل گیا ہے۔ اب میں دن میں ۳؍ وقت کھانا کھا سکتا ہوں، اُس وقت تو دو وقت کا کھانا بھی مشکل ہو تاتھا۔ سب سے زیادہ نقصان ہمیں ڈیجیٹل بورڈز کے آنے سے ہوا تھا کیونکہ اس نے ہمارا روزگارچھین لیا تھا۔ ‘‘انہوں نے مزید کہاکہ’’ جب میں نے شاہ رخ خان کے ہم شکل کی حیثیت سے ایونٹس کرنا شروع کئے تو میں نہیں جانتا تھا کہ کتنا کامیاب ہوں گا۔ میں نے نہ ان کی طرح بات کرنے کی مشق کی تھی نہ ڈانس کرنے کی۔ کئی بار ایسا ہوا کہ مجھے میرے آنے پر پیسے ہی نہیں دیئے گئے۔ ایک بار ایک شخص نے مجھ پر طنز کیاکہ صرف شاہ رخ خان جیسا دکھنا کافی نہیں ہے۔ وہ جملہ میرے دل کو لگ گیا اور اسی دن میری تبدیلی کا سفر شروع ہوا۔ میں نے سیکھا کہ شاہ رخ خان کی طرح برتاؤ کیسے کرنا ہے۔ اب میں کسی بھی پروگرام میں شرکت کیلئے ڈیڑھ لاکھ سے۵؍لاکھ کے درمیان لیتا ہوں۔ یہ اس پر منحصر کہ پروگرام کیسا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا ہم شکل ہوں اور میری وجہ سے شاہ رخ خان کے دوسرے ہم شکلوں کو بھی کام مل رہا ہے، کیونکہ جن پروگراموں میں جانے سے میں انکار کردیتا ہوں وہ اُن کے حصے میں آ جاتے ہیں۔ ‘‘