• Sat, 08 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شاہ رخ خان کا اہم اعلان: Ra.One کا سیکوئل بن سکتا ہے

Updated: November 04, 2025, 6:52 PM IST | Mumbai

۶۰؍ ویں سالگرہ کے موقع پر شاہ رخ خان نے اپنی ۲۰۱۱ء کی سائنس فکشن فلم Ra.One کے ممکنہ سیکوئل کا اشارہ دیا۔ ممبئی میں مداحوں سے گفتگو کے دوران سپر اسٹار نے بتایا کہ اگر ڈائریکٹر انوبھو سنہا چاہیں تو فلم کی دوسری قسط بن سکتی ہےاور G.One دوبارہ واپس آ سکتا ہے۔

Shah Rukh Khan.Photo:INN
شاہ رخ خان۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ نے اپنی ۶۰؍ ویں سالگرہ پر مداحوں کو ایک شاندار تحفہ دیتے ہوئے ’’را ون‘‘ Ra.One کے سیکوئل کا اشارہ دیا۔ ۲؍ نومبر کو ممبئی میں منعقد ایک مداحوں سے ملاقات کے دوران شاہ رخ نے ۲۰۱۱ء کی اپنی سائنس فکشن فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی اس فلم کے وژن پر یقین رکھتے ہیں اور اگر وقت اور حالات مناسب ہوں تو اس کہانی کو دوبارہ زندہ کیا جا سکتا ہے۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ ’’راون‘‘ میرے دل کے بہت قریب ہے۔ انوبھو سنہا نے اسے بنانے میں بہت محنت کی تھی۔ ہم نے سوچا تھا کہ یہ ہندوستانی سنیما کیلئے ایک نیا دور شروع کرے گی، یعنی ویژول ایفیکٹس، گیمنگ کلچر اور فیملی ڈرامے کو ایک ساتھ لا کر۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’’کہو نا کہو‘‘ دوبارہ وائرل، لائیو ایونٹ میں مجمع نے بیک آواز گانا گا کر عمران ہاشمی کوحیران کر دیا

Ra.One کی کہانی 
۲۰۱۱ء میں ریلیز ہونے والی فلم Ra.One میں شاہ رخ خان نے G.One کا کردار نبھایا، جو ایک ویڈیو گیم سے جنم لینے والا سپر ہیرو ہے۔ فلم میں ویلن Ra.One کا کردار ارجن رامپال نے ادا کیا، جبکہ کرینہ کپور نے شاہ رخ کی اہلیہ کا رول نبھایا۔ یہ فلم ہندوستان کی پہلی بڑی وی ایف ایکس پر مبنی سائنس فکشن فلموں میں سے ایک تھی اور ریڈ چلیز وی ایف ایکس کو کافی سراہا گیا۔ ریلیز کے وقت اگرچہ فلم کو ملے جلے ردعمل ملے، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ یہ ایک کلٹ کلاسک بن گئی ہے۔ نئی نسل کے ٹیکنالوجی سے جڑے سامعین آج اسے ایک ویژنری فلم کے طور پر دیکھتے ہیں۔
شاہ رخ نے اس حوالے سے کہا کہ ’’شاید اُس وقت لوگ پلے اسٹیشن، ویڈیو گیمز یا آئی پیڈ سے زیادہ واقف نہیں تھے، لیکن آج ہر کسی کے ہاتھ میں اسمارٹ فون ہے۔ اب لوگ اس تصور سے زیادہ جڑ سکتے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:ہالی ووڈ: جج نے جسٹن بالدونی کا۴۰۰؍ ملین ڈالر کا مقدمہ خارج کر دیا

Ra.One 2 کی امید؟
مداحوں کے سوال پر شاہ رخ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’’اگر انوبھو سنہا کبھی فیصلہ کریں، تو ہم اسے دوبارہ کر سکتے ہیں۔ ہم نے اس فلم پر بہت محنت کی تھی، اور ان شاء اللہ وقت آیا تو G.One ضرور واپس آئے گا۔ ویسے بھی اب ٹیکنالوجی زیادہ آسان ہو گئی ہے۔‘‘ اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے #RaOne2, #GOneReturns اور #SRK60 جیسے ہیش ٹیگز کے ساتھ پوسٹس کیں، جن میں انہوں نے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھئے:ایس ایس راجامولی کا بڑا فیصلہ: باہوبلی۳؍ پربھاس کے بغیر بنے گی

ڈائریکٹر انوبھو سنہا کا ردعمل
شاہ رخ کے بیان سے قبل، انوبھو سنہا نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ فلم پر کی جانے والی تنقید نے انہیں مایوس ضرور کیا، مگر وہ اب بھی اس پروجیکٹ کو اپنے کریئر کی ایک اہم ترین کوشش سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’Ra.One اپنی نوعیت کی پہلی فلم تھی۔ میں نے اس سے بہت کچھ سیکھا۔ اگر موقع ملا، تو میں اس دنیا کو مزید بہتر انداز میں دوبارہ بنانا چاہوں گا۔‘‘
شاہ رخ خان کے اس اشارے نے مداحوں کے درمیان ایک نئی امید جگا دی ہے۔ اگر فلم کا سیکوئل بنتا ہے تو یہ نہ صرف بالی ووڈ کے سپر ہیرو سنیما کیلئے ایک نئی شروعات ہوگی بلکہ ہندوستانی ویژول ایفیکٹس انڈسٹری کیلئے بھی ایک بڑا موقع ثابت ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK