Updated: November 04, 2025, 3:54 PM IST 
                                
                                | Mumbai 
                
                          
                عمران ہاشمی اپنی نئی فلم ’’حق‘‘ کے پروموشنل ایونٹ میں مداحوں کے غیر متوقع سرپرائز سے اس وقت حیران رہ گئے، جب ہجوم نے ان کے مشہور گانے ’’کہو نا کہو‘‘ کا نیا ورژن گانا شروع کر دیا۔ یہ گانا حال ہی میں راگھو جویال کے ری کریئٹ کئے گئے ورژن کے بعد دوبارہ وائرل ہو چکا ہے۔
             
            
                                    
                
                                
                عمران ہاشمی۔ تصویر:آئی این این                
             
                         سوشل میڈیا پر اس وقت راگھو جویال کے گائے گئے ’’کہو نا کہو‘‘ کے ورژن کا طوفان برپا ہے۔ ۲۰۰۰ء کی دہائی کا یہ مشہور گانا ایک بار پھر لوگوں کے دلوں میں گھر کر گیا ہے۔ اداکار عمران ہاشمی کو اس گانے سے ابتدائی شہرت ملی تھی۔ تاہم، گزشتہ دن اپنی نئی فلم ’’حق‘‘ کے پروموشن کے دوران مداحوں نے ان کیلئے یہ نغمہ بیک آواز گا کر اسے مزید خاص بنادیا۔ تقریب کے دوران، جیسے ہی میزبان عمران ہاشمی کو مائیک دینے والا تھا، ایک مداح نے اچانک ’’کہو نا کہو‘‘ گانا شروع کر دیا۔ چند ہی لمحوں میں پورا مجمع اس کے ساتھ گانے لگا۔ عمران ہاشمی نے پہلے تو بولنے کی کوشش کی، لیکن مداحوں کے جوش و خروش نے انہیں مغلوب کر دیا۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے مائیک ناظرین کی سمت کردیا، اس طرح اس ایک منظر نے پورے ایونٹ کو جذباتی بنا دیا۔
یہ بھی پڑھئے:دلیپ تاہل ٹی وی، فلم اور ہالی ووڈ کا باوقار چہرہ
یہ ویڈیو چند ہی گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جہاں مداحوں نے عمران ہاشمی کو مختلف القابات سے نوازا۔ صارفین نے تبصرہ کیا کہ یہ گانا آرین خان کی نیٹ فلکس سیریز ’’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘‘ کی وجہ سے دوبارہ مقبول ہوا ہے، جس میں راگھو جویال نے اس گانے کو ایک نئے انداز میں پیش کیا ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’یقین نہیں آتا کہ ۲۰۰۰ء کی دہائی کے گانے کلاسک بن چکے ہیں۔ آرین خان نے بالی ووڈ کے گلیمر کو ایک نیا جنم دیا ہے!‘‘ ایک اور تبصرے میں کہا گیا کہ ’’عمران ہاشمی اس محبت کے مستحق ہیں۔ کوئی ان جیسا رومانوی ہیرو نہیں!‘‘ جبکہ ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’’آپ الگ کیوں ہونا چاہیں گے، جب آپ عمران ہاشمی کے فین بن سکتے ہیں!‘‘
یہ بھی پڑھئے:کیارا اڈوانی فلم ’’کمال اور مینا ‘‘ میں مینا کماری بنیں گی
’’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘‘ کے مصنف اور ہدایتکار آرین خان ہیں جس میں بوبی دیول، راگھو جویال، لکشیا سمیت کئی معروف چہروں نے کام کیا ہے جبکہ ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔ یہ سیریز شوبز انڈسٹری کی چمک دمک کے پیچھے چھپے حقیقی دباؤ، شہرت کی قیمت اور انصاف و بقا کی جدوجہد کو پیش کرتی ہے۔ راگھو جویال کا ’’کہو نا کہو‘‘ ورژن اسی سیریز کے ساؤنڈ ٹریک کا حصہ ہے، جو اب نوجوان نسل میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:یش راج فلمز نے فلم ’’الفا‘‘ کی ریلیز کی تاریخ میں توسیع کردی
عمران ہاشمی جلد ہی یامی گوتم کے ساتھ فلم ’’حق‘‘ میں نظر آئیں گے، جسے سپرن ورما نے ڈائریکٹ کیا ہے۔یہ فلم شاہ بانو کیس سے متاثر ہے، ایک ایسا مقدمہ جس نے ہندوستان میں خواتین کے حقوق اور مذہبی قوانین پر تاریخی بحث کو جنم دیا تھا۔ فلم ۷؍ نومبر ۲۰۲۵ء کو ریلیز ہوگی۔