Inquilab Logo

کریئر میں آہستہ آہستہ آگے بڑھنے میں یقین کرتی ہوں اس لئے محتاط رہتی ہوں

Updated: August 24, 2020, 12:45 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

ٹی وی اداکارہ شلپا رائے زادہ نے کہا : میں نے اپنی زندگی اورکریئر میں بہت محنت کی ہے اور اس میں کامیابی کے بعد مجھے آج بہت خوشی ہے

Shilpa Raizada .Picture:INN
شلپا رائے زادہ ۔ تصویر: آئی این این

ممبئی میں بیرون ریاست یا شہر سے آنے والے افراد اپنی آنکھوں میں بہت سے خواب لے کرآتے ہیں ۔ ان میں سے کچھ کے پورے ہوتے ہیں اور چند کے ادھورے رہ جاتے ہیں۔ ممبئی کی طرح اداکاری کی دنیا بھی ایسی ہی ہے جہاں کئی افراد اپنی قسمت آزمانے کیلئے آتے ہیں اور جو خوش نصیب ہوتے ہیں وہ یہاں اپنے پیر جمانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ بھوپال کے قریب ہی واقع  چھوٹے شہر سے آنے والی شلپا رائے زادہ بھی ان ہی افراد میں شامل ہیں جو اداکارہ بننے کا خواب لے کر اس شہر میں آئی تھیں اور آج ٹی وی کے معروف شو ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے ‘ میں اہم کردار میں نظر آرہی ہیں۔ نمائندہ انقلاب نےاداکارہ شلپا رائے زادہ سے بات چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے
س: لاک ڈاؤن اور اس کے بعد کی سرگرمیاں کیا رہیں؟ 
ج: میں خوش قسمت تھی کہ لاک ڈاؤن سے پہلے اپنے وطن بھوپال چلی گئی۔ میرے والدین آئے تھے اور میں انہیں چھوڑنے جانے والی تھی کہ بھوپال پہنچنے پر معلوم ہواکہ لاک ڈاؤن نافذ ہوگیاہے۔ ایسا پہلی بار ہوا کہ ہمارا خاندان اتنے مہینوں تک ایک ساتھ رہا۔ لاک ڈاؤ ن میں بہت سی ایسی چیزیں کرنے کا موقع ملا جو میں نے اپنی زندگی میں نہیں کی تھیں۔ لاک ڈاؤن کے بعد جو راحت دی گئی ہے اس میں میں اپنی شوٹنگ میں مصروف ہوں اور خوشی اس بات کی ہے کہ کئی افراد کا روزگار شروع ہوگیاہے۔
س: لاک ڈاؤن کے بعد کتنا مشکل ہے ، کیا اداکاری پر اس کا فرق نظرآرہا ہے؟ 
ج: شوٹنگ کے دوران بہت سے احتیاطی تدابیراختیار کئے جارہے ہیں مثلاً ہمارا درجہ حرارت روزانہ جانچا جاتاہے، اس کے بعد آکسیجن لیول ، امیون کی سطح وغیرہ جانچی جاتی ہے۔ اگر کچھ کمی نظرآتی ہے تو اسے مختلف نسخے بتائے جاتے ہیں ۔  ان سبھی چیزوں کی وجہ سے اداکاری پر  زیادہ فرق نہیں پڑا ہے۔ ہاں تھوڑا سماجی رابطے کے سبب ٹیوننگ کم ہوگئی ہے۔
 س: اچانک شوٹنگ بندہوجانے پر کوئی پریشانی نہیں ہوئی تھی ؟ 
ج: جی نہیں،مجھے ایک وقفے کی ضرورت تھی اورلاک ڈاؤن کی شکل میں وہ مل گیا۔ ہم خوش قسمت تھے کہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ گھرپرتھے، کئی افراد تو اپنے گھر تک بھی نہیں پہنچ سکے تھے۔ شوٹنگ بند ہوجانے سے کئی افراد کا روزگار چھن گیا جس کا افسوس مجھے ہے۔ اس کے ساتھ ہی مجھے شوٹنگ کے دوران ہونے والی موج مستی کی بھی بہت یاد آتی تھی۔
س: کیا آپ پہلے ہی سے اداکارہ بننا چاہتی تھیں؟ 
ج: میں بھوپال کے قریب ہی واقع ایک چھوٹے سے شہر سے تعلق رکھتی ہوں اور میرے لئے ممبئی آکر اداکارہ بننا آسان نہیں تھا۔ہم متوسط طبقے سے تعلق رکھتے تھے اور ہمارا خاندان بھی بڑا تھا۔ میں پہلے ہی سے اداکارہ بننا چاہتی تھی اور اس کیلئے میں نے اپنے والدین کو مطلع کردیا تھا۔ میرے لئے یہ اتنا آسان نہیں تھا کیونکہ ہمارے گھر کی مالی حالت اتنی اچھی نہیں تھی جتنی اب ہے لیکن کوشش ، محنت اور لگن کے ذریعہ میں نے وہ مقام حاصل کیا جو میں چاہتی تھی۔جب بھوپال سے آئی تھی تو میں شرمیلی لڑکی تھی لیکن اب انڈسٹری میں۱۰؍سال گزر جانے کے بعدتھوڑی بے خوف ہوگئی ہوںاور سبھی کے ساتھ خوش مزاجی کے ساتھ رہتی ہوں۔  س:۱۰ ؍سال ٹی وی انڈسٹری میںگزارنے کے بعد کبھی فلموں کے بارے میں نہیں سوچا ؟
ج: یہ بات صحیح ہےکہ میں نے ۱۰؍سال ٹی وی انڈسٹری میں گزارے ہیں جوکہ بہت اچھے رہے ہیں اور میں فلموں کے بارے میں سوچتی ہوں لیکن میں کچھوے کی چال چلتی ہوں ۔ میں نے پہلے ٹی وی انڈسٹری کا رخ کیا اور اس کے بعد چھوٹے چھوٹے رول کے ذریعہ بڑے رول حاصل کئے اور اس کے بعد میں نے ٹی وی انڈسٹری میں اچھی خاصی شناخت قائم کرلی ہے۔فلموں میں بھی میں آہستہ آہستہ جانا چاہتی ہوں اور وہاں بھی میں چھوٹے چھوٹے رول کےذریعہ بڑے رول حاصل کرنا چاہتی ہوں۔ 
س: فلم انڈسٹری میں جاری اقربا پروری کی بحث پر آپ کیا کہنا چاہتی ہیں ؟
ج: فلم انڈسٹری میں اقرباپروری ہوتی ہے اور یہ کسی سے چھپی نہیںہے۔ سشانت سنگھ کے تعلق سے جو خبریں آرہی ہیں تو ایسا لگتاہے کہ واقعی ان کا قتل ہوا ہوگا۔ اقرباپروری کی وجہ سے کئی اچھی صلاحیتیں فلم انڈسٹری میں اپنا ہنر پیش نہیں کرسکتیں اور گمنامی کے اندھیرے میں چلی جاتی ہیں۔ سشانت کے معاملے میں میں میڈیا سے بہت خوش ہوں جس نے اس معاملے کو اجاگر کیا اور مسلسل اس کے بارے میں بتارہا ہے۔ 
  س:۱۰ ؍سالہ کریئر سے کتنی مطمئن ہیں؟
ج: بہت زیادہ مطمئن ہوں۔ جب پیچھے مڑکر دیکھتی ہوں تو موجودہ وقت پر فخر محسوس کرتی ہوں۔ میں نے انڈسٹری میں کافی شہرت حاصل کی اور مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ میں اب بھی اس انڈسٹری کا حصہ ہوں۔ ورنہ میرے ساتھ آنے والے کئی ادا کار اور اداکارہ نے انڈسٹری چھو ڑ دی ہے۔میں نے انڈسٹری میں بہت زیادہ محنت کی ہے ۔ ذاتی زندگی بھی جدوجہد سے بھرپور ہے لیکن میں نے کبھی ہمت نہیں ہاری ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK