توقع ہے کہ ٹرمپ تنازع کو مزید بڑھنے سے روکنے کیلئے جلد ہی کمبوڈین وزیر اعظم ہن مانیت اور تھائی وزیراعظم انوتین سے الگ الگ بات کریں گے۔
EPAPER
Updated: December 12, 2025, 5:06 PM IST | Bangkok
توقع ہے کہ ٹرمپ تنازع کو مزید بڑھنے سے روکنے کیلئے جلد ہی کمبوڈین وزیر اعظم ہن مانیت اور تھائی وزیراعظم انوتین سے الگ الگ بات کریں گے۔
کمبوڈیا کے ساتھ سرحد پر بڑھتے تنازع اور اندرون ملک عدم استحکام کے درمیان، تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا واجرالونگکورن نے جمعہ کو وزیراعظم انوتین کی درخواست پر پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا ہے جس کے بعد اگلے ۴۵ سے ۶۰ دنوں میں قبل از وقت انتخابات کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ شاہی فرمان میں تسلیم کیا گیا کہ ستمبر ۲۰۲۵ء میں تشکیل پانے والی اقلیتی اتحادی حکومت کو سیاسی تعطل، معاشی دباؤ اور کمبوڈیا کے ساتھ مسلسل فوجی تناؤ کے درمیان حکومت کرنے میں دشواری پیش آرہی تھی۔
قدامت پسند بھومجاتھائی پارٹی کے لیڈر انوتین چارنویراکُل نے پیپلز پارٹی کی حمایت سے فیو تھائی امیدوار چائیکاسیم نیتیسیری کو شکست دے کر ۵ ستمبر کو اقتدار سنبھالا تھا۔ انہوں نے جمعرات کو کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ”اقتدار دوبارہ عوام کو سونپا جائے۔“ توقع ہے کہ ٹرمپ تنازع کو مزید بڑھنے سے روکنے کیلئے جلد ہی کمبوڈین وزیر اعظم ہن مانیت اور تھائی وزیراعظم انوتین سے الگ الگ بات کریں گے۔ واضح رہے کہ نوآبادیاتی دور کی حد بندی کے تنازعات اور تاریخی منادر پر مسابقتی دعوؤں نے طویل عرصے سے دونوں ممالک کے درمیان تنازع کو ہوا دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: روس-یوکرین جنگ: ڈونالڈ ٹرمپ بے نتیجہ امن مذاکرات سے تنگ آگئے
تھائی وزیر خارجہ کی روبیو سے گفتگو
تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ سیہاسک پھوانگ کیتکیو نے جمعہ کو امریکی اسٹیٹ سیکریٹری مارکو روبیو کے ساتھ فون پر گفتگو کی۔ دونوں اعلیٰ سفارتکاروں کے درمیان یہ فون کال تھائی لینڈ-کمبوڈیا سرحد پر بڑھتے ہوئے تنازع اور تھائی لینڈ میں قبل از وقت انتخابات کی تیاریوں کے درمیان سامنے آئی ہے۔ تھائی وزیراعظم انوتین اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ بھی جلد ہی فون پر گفتگو کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جولائی میں ٹرمپ نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی میں ثالثی کی تھی۔
تھائی لینڈ کی وزارت خارجہ کے مطابق، سیہاسک نے روبیو کو بتایا کہ بینکاک سرحد تنازع کے پرامن تصفیے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ”پائیدار امن کیلئے ٹھوس اقدامات اور حقیقی عزم کی ضرورت ہے۔“ بیان میں کہا گیا کہ روبیو نے ”تعمیری طریقے سے امن کو فروغ دینے“ کیلئے واشنگٹن کی تیاری کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ جمعرات کو تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان ۸۰۰ کلومیٹر طویل سرحد کے ساتھ متنازع قدیم منادر کے قریب شدید گولہ باری کے تبادلے اور دھماکوں کی اطلاع ملی تھی جس میں ۱۹ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس سے قبل، جولائی میں دونوں ممالک کے درمیان جھڑپ میں بھی درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔