سنگاپور پولیس نے معروف گلوکار زوبین گرگ کی سنگاپور میں اچانک موت کے حوالے سے پوسٹ مارٹم رپورٹ ہندوستانی حکومت کو جمع کرادی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے قتل کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔
EPAPER
Updated: October 02, 2025, 8:55 PM IST | Guwahati
سنگاپور پولیس نے معروف گلوکار زوبین گرگ کی سنگاپور میں اچانک موت کے حوالے سے پوسٹ مارٹم رپورٹ ہندوستانی حکومت کو جمع کرادی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے قتل کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔
مشہور آسامی گلوکار زوبین گرگ سنگاپور کے سینٹ جان جزیرے کے پانی میں تیراکی کے دوران ہلاک ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کی موت اسکوبا ڈائیونگ کے دوران ہوئی تاہم اب پولیس نے وضاحت کی ہے کہ وہ تیراکی کے دوران ڈوب کر ہلاک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیئے:دوستانہ ۲؍ میں سری لیلا کیا جھانوی کپور کی جگہ لیں گی
سنگاپور پولیس فورس (ایس پی ایف) نے زوبین گرگ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور ابتدائی تحقیقات کے نتائج ہندوستانی ہائی کمیشن کو جمع کرائے ہیں۔ پولیس نے پہلے واضح کیا تھا کہ اس معاملے میں قتل یا مجرمانہ تشدد کا کوئی شبہ نہیں ہے۔ پولیس کے مطابق زوبین گرگ کو۱۹؍ ستمبر کو پانی سے بے ہوشی کی حالت میں نکالا گیا تھا اور انہیں فوری طور پر سنگاپور جنرل اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی کوشش کی تاہم وہ اسی دن دم توڑ گئے۔
اطلاعات کے مطابق زوبین گرگ۱۹؍ ستمبر کو ایک یاچٹ پر درجن بھر لوگوں کے ساتھ تھے۔ ایک ویڈیو میں انہیں لائف جیکٹ پہن کر پانی میں چھلانگ لگاتے دیکھا گیا ہے تاہم بعد میں انہوں نے جیکٹ ہٹائی اور دوبارہ پانی میں چھلانگ لگا دی، جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔ اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔
زوبین گرگ نارتھ ایسٹ انڈیا فیسٹیول میں شرکت کے لیے سنگاپور میں تھے، جس کا اہتمام ہندوستان-سنگاپور کے سفارتی تعلقات کے۶۰؍ سال اور ہندوستان آسیان سال کا جشن منانے کے لیے کیا گیا تھا۔۱۹؍ سے۲۱؍ ستمبر تک منعقد ہونے والی یہ عظیم الشان تقریب ان کی بے وقت موت کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی۔