’’تارے زمین پر‘‘ مرکزی کردار ادا کرنے والے درشیل سفاری نے کہا کہ وہ ’’ستارے زمین پر‘‘ کا حصہ نہ ہونے پر مایوس ہیں مگر فلم کیلئے پُرجوش ہیں۔
EPAPER
Updated: June 05, 2025, 5:27 PM IST | Mumbai
’’تارے زمین پر‘‘ مرکزی کردار ادا کرنے والے درشیل سفاری نے کہا کہ وہ ’’ستارے زمین پر‘‘ کا حصہ نہ ہونے پر مایوس ہیں مگر فلم کیلئے پُرجوش ہیں۔
ہالی ووڈ کی فلم ’’فاریسٹ گمپ‘‘ کے آفیشیل ری میک ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کے بعد عامر خان ’’ستارے زمین پر‘‘ کے ساتھ پردۂ سیمیں پر لوٹ رہے ہیں جو ’’تارے زمین پر‘‘ کا سیکویل اور ہسپانوی فلم ’’کیمپینوس‘‘ کا آفیشیل ری میک ہے۔ فلم کے اعلان کے بعد ہی سے افواہوں کا بازار گرم تھا کہ اس میں ’’تارے زمین پر‘‘ مرکزی کردار ادا کرنے والے بچے درشیل سفاری کا بھی کیمیو ہوگا، یا، انہیں بھی کاسٹ میں شامل کیا جائے گا۔ خبریں تھیں کہ درشیل سفاری ۱۸؍ سال بعد عامر خان کے ساتھ نظر آئیں گے۔ تاہم، ’’ستارے زمین پر‘‘ کے ٹریلر کی ریلیز کے بعد وکی لالوانی کے ساتھ درشیل سفاری نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ اس فلم کا حصہ نہیں ہیں۔
اس ضمن میں درشیل سفاری نے کہا کہ ’’تارے زمین پر‘‘ میری زندگی کا اہم سنگ میل تھی۔ ’’ستارے زمین پر‘‘ شامل نہ کئے جانے پر مایوس ضرور ہوں لیکن مَیں اس فلم کیلئے پُرجوش بھی ہوں۔‘‘ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے اس ضمن میں عامر خان سے بات چیت کی تھی تو انہو ں نے کہا ’’مَیں ایک شرمیلا شخص ہوں۔ مَیں بڑوں سے بات کرنے میں گھبراتا ہوں۔‘‘ یاد رہے کہ عامر خان اور درشیل سفاری گزشتہ سال ایک انرجی ڈرنک کے اشتہار میں نظر آئے تھے۔ واضح رہے کہ ’’ستارے زمین پر‘‘ ۲۰؍ جون ۲۰۲۵ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔