Updated: September 27, 2025, 7:06 PM IST
| Mumbai
سونی پکچرز نے اعلان کیا ہے کہ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ فلمساز آرون سورکن اپنی کامیاب فلم ’’دی سوشل نیٹ ورک‘‘ کے سیکویل ’’دی سوشل ریکننگ‘‘ کے ساتھ واپسی کر رہے ہیں کو ۹؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ فلم میں مارک زکربرگ کا کردار اس بار جیریمی اسٹرانگ ادا کریں گے۔
اکیڈمی ایوارڈ یافتہ آرون سورکن۔ تصویر: ایکس
سونی پکچرز نے جمعہ کو اعلان کیا کہ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ آرون سورکن کی فلم ’’دی سوشل نیٹ ورک‘‘ کا سیکویل جس کا نام اب ’’دی سوشل ریکننگ‘‘ ہے، ۹؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ آسکر جیتنے والے مکی میڈیسن، گولڈن گلوب اور ایمی ایوارڈ یافتہ جیریمی ایلن وائٹ، ایمی اور گریمی کے نامزد امیدوار بل بر، اور آسکر کے نامزد امیدوار جیریمی اسٹرانگ ’’دی سوشل ریکننگ‘‘ میں اداکاری کریں گے، جہاں اسٹرانگ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کا کردار ادا کریں گے۔ سورکن اس پروجیکٹ کو لکھ رہے ہیں اور اس کی ہدایتکاری بھی کر رہے ہیں جبکہ وہ ٹوڈ بلیک، پیٹر رائس اور اسٹورٹ بیسر کے ساتھ اس کے پروڈیوسر بھی ہیں۔ فلم کا پروڈکشن اگلے ماہ شروع ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: کرینہ کپور اور ایکتا کپور ’’کریو‘‘ کے سیکویل پر کام کررہی ہیں
اس فلم کے واقعات پہلی فلم کے واقعات کے تقریباً دو دہائیوں بعد ترتیب دیئے گئے ہیں، جب فیس بک دنیا کا سب سے بڑا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ اس کی کہانی ایک نوجوان فیس بک انجینئر فرانسس ہوگن (میڈیسن) کی پیروی کرتی ہے، جو وال اسٹریٹ جرنل کے رپورٹر جیف ہاروٹز (وائٹ) کے ساتھ مل کر کمپنی کے انتہائی خفیہ رازوں سے پردہ اٹھاتی ہے۔ ہاروٹز کی ۲۰۲۱ء کی تحقیقاتی سیریز ’’دی فیس بک فائلز‘‘ نے انکشاف کیا تھا کہ کس طرح یہ پلیٹ فارم نوجوانوں پر نقصان دہ اثرات مرتب کر رہا ہے اور سیاسی تشدد کو ہوا دینے والی غلط معلومات پھیلانے میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ایما واٹسن نے ہیری پوٹر کے دوران سخت سبق کا انکشاف کیا
یاد رہے کہ ۲۰۱۰ء میں ریلیز ہونے والی ’’دی سوشل نیٹ ورک‘‘ میں جیسی آئزنبرگ نے مارک زکربرگ کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم نے دنیا بھر میں ۲۲۶؍ ملین ڈالر کمائے اور بہترین فلم سمیت ۸؍ اکیڈمی ایوارڈ نامزدگیاں حاصل کیں۔ اسے تین آسکر ایوارڈز ملے، جن میں بہترین اسکرین پلے کا ایوارڈ خود آرون سورکن کے حصے میں آیا۔